Inquilab Logo

وزارت تعلیم کے انڈیکس میں پنجاب ،تمل ناڈو اور کیرالا سرفہرست

Updated: June 07, 2021, 11:37 AM IST | Agency | New Delhi

تینوں ریاستوں کو اے پلس گریڈ دیا گیا ،مہاراشٹر، گجرات اب بھی تیسرے لیول پر، میگھالیہ اور لداخ سب سے نیچے

Ramesh Pokhriyal. Picture:INN
رمیش پوکھریال نشنک۔تصویر :آئی این این

 مرکزی وزارت تعلیم نے مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال `نشنک کی منظوری کے بعد یہاں پرفارمنس گریڈنگ انڈیکس (پی جی آئی) کا تیسرا ایڈیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت پنجاب، چنڈی گڑھ، تمل ناڈو، انڈمان و نکوباراور کیرالا کو اے پلس پلس گریڈ دیا گیا ہے۔ وزارت تعلیم کے مطابق پنجاب، چنڈی گڑھ، تمل ناڈو، انڈمان نکوبار  اور کیرالا کو اے پلس پلس گریڈ اس لئے دیا گیا کیوں کہ ان خطوں کے اسکولوں نے مجموعی طور پر اپنے مظاہرہ کو بہتر بنایا اور گریڈنگ سسٹم میں بہترین اسکور حاصل کیا۔  ان  ریاستوں نے اپنے پی جی آئی اسکورس میں ۱۰؍ فیصد   سے زیادہ پوائنٹس کا اضافہ کیا ہے۔  
 انڈمان نکوبار جزیرے، لکش دیپ اور پنجاب نے تعلیمی رسائی کے معاملے میںسب سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ تیرہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں انفراسٹرکچر اور سہولیات میں ۱۰؍ فیصد یا اس سے زیادہ کی بہتری آئی ہے جبکہ انڈمان نکوبار  اور ادیشہ میں ۲۰؍ فیصد یا اس سے زیادہ کی بہتری ریکارڈ کی گئی ۔ مرکزی حکومت کی اس فہرست میں مہاراشٹر   تیسرے لیول پر ہے ۔ اس نے۸۵۱؍ سے ۹۰۰؍ کے درمیان اسکور حاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ ۹۰۰؍ سے زیادہ اسکور والوں کو دوسرے لیول پر رکھا گیا ہے اور ۹۵۰؍ سے زیادہ اسکور والوں کو پہلا لیول جس میں فی الوقت کوئی بھی ریاست نہیں ہے۔ مرکزی وزارت تعلیم کی اس فہرست میں سب سے نیچے لداخ اور میگھالیہ ہیں  جہاں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ 
  اروناچل پردیش، منی پور اور ادیشہ میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے سلسلےمیں برابری  کے معاملے مزید ۱۰؍ فیصد بہتری آئی ہے۔   اس کے علاوہ ۱۹؍ ریاستوں  میں حکمرانی کے عمل کے معاملے میں ۱۰؍ فیصد  یا اس سے زیادہ کی بہتری آئی ہے۔ وزارت کے مطابق اس انڈیکس سے ریاستوں کو اپنے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور احتساب کا موقع ملے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK