Inquilab Logo

حج ۲۰۲۲ءکیلئے کوٹہ تقسیم ،حج کمیٹی کو ۵۶؍ ہزار سیٹیں

Updated: April 24, 2022, 2:18 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

مہاراشٹر کو ۴۶۳۲؍ سیٹیں، قرعہ اندازی جلد متوقع ، سفرحج کا خرچ ۴؍ لاکھ روپے تک پہنچنے کا امکان ،پرائیوٹ ٹورآپریٹرس کو ۲۲؍ہزارکاکوٹہ دیا گیا

Due to Corona, the number of pilgrims has been reduced for the last two years
کورونا کے سبب گزشتہ ۲؍ سال سےعازمین حج کی تعداد میں تخفیف کردی گئی تھی

طویل انتظاراورغیریقینی حالات کےبعد بالآخر حج ۲۰۲۲ءکے لئے کوٹے کی تقسیم عمل میں آگئی  ۔  اس تقسیم کے حساب سے۵۶؍ ہزار ۶۰۱؍سیٹیں حج کمیٹی آف انڈیا  کو ملی ہیں جو اس نے آبادی کے تناسب سے ملک کی تمام ریاستوں میںتقسیم کردیں۔ اگرہندوستان کو دیئے جانے والے مجموعی کوٹے کو پیش نظر رکھا جائے تو یہ ۷۹؍؍ ہزار ۲۳۵؍ ہے جس میں سے ۵۶؍ ہزار حج کمیٹی کو جبکہ ۲۲؍ہزار پرائیویٹ ٹو رآپریٹرس کودیا گیا ہے۔ کووڈکی تباہ کاری کے ۲؍سال بعدیہ موقع آیا ہےجب وطن عزیز سے اللہ کےمہمان کعبۃ اللہ اوردیاررسولؐکی حاضری کےلئے روانہ ہوںگے۔امسال سعودی حکومت نے عالمی سطح پر۱۰  ؍ لاکھ عازمین کوحج کی اجازت دی ہے۔
مہاراشٹر کو کتنا کوٹہ ؟
 تقسیم کردہ کوٹے میں سے مہاراشٹرکو ۴۶۳۲؍  سیٹیں دی گئی ہیں جبکہ بغیرمحرم کے حج پرجانے والی درخواست دہندہ خواتین کی تعداد۱۷۴۸؍ہے۔کوٹہ تقسیم کئے جانے کےبعد جہاں عازمین حج میںخوشی ہے وہیں حج کے لئے درخواست دینے والے بڑی تعداد میں عازمین کومایوسی کابھی سامنا کرنا ہوگا کیونکہ اس مرتبہ بھی کوٹے سے کہیں زیادہ  ۸۸؍ ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ درخواست دینے والو ں کی تعداد اورزیادہ تھی لیکن سعودی حکومت کی جانب سے عمر کی قید لگانے کے سبب ۱۱؍ہزار ایسے عازمین جن کی عمریں ۶۵؍سال سے زائد تھیں، ان کو اپنا ارادہ ترک کرناپڑا ۔
قرعہ اندازی ہوگی
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او یعقوب شیخا نے بتایا کہ کوٹہ تقسیم کردیا گیا ہے اورریاستوں کوبھی مطلع کردیا گیا ہے۔ جن ریاستوں میںآبادی کے تناسب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیںان تمام ریاستوں میںقرعہ اندازی کی جائے گی ۔ قرعہ اندازی کا یہ عمل اگلے ہفتےتک مکمل کرلیا جائے گا۔ان کے مطابق چونکہ وقت بہت کم ہے اس لئے تمام کاموںکوتیزی سے مکمل کرنا ہوگا۔
خرچ ساڑھے تین لاکھ سے ۴؍لاکھ کے درمیان ہوگا
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوسے پوچھنےپر کہ امسال سفر حج پر خرچ کتنا ہوگا تو انہوں نے بتایاکہ ابھی تک حتمی طور پرخرچ طے نہیںہوسکا ہے لیکن اندازہ کے مطابق فی حاجی ساڑھے تین لاکھ تا ۴؍لاکھ روپے دینے ہوں گے ۔ سفر حج کے خرچ میںاضافے کی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ اول کووڈ کےسبب کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں، دوسرے ویٹ ۵؍فیصد سے بڑھاکر ۱۵؍فیصد کردیا گیا ہے۔تیسرے معلم کی فیس میںاضافہ ہوگیا ہے اور چوتھے انشورنس کی رقم میںبھی اضافہ کیا گیا ہے۔ 
ٹیکہ سرٹیفکیٹ اورآرٹی پی سی آر رپورٹ ضروری 
 حج کمیٹی آف انڈیاکی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ حج پرجانے والے عازمین کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ ٹیکہ کی دونوں خوراک کا سرٹیفکیٹ اورروانگی سے ۷۲؍گھنٹے پہلے آرٹی پی سی آر ٹسٹ رپورٹ ساتھ  رکھیں۔ اس کے علاوہ اگرسعودی حکومت کی جانب سےطبی لحاظ سے مزیدکوئی ہدایت دی گئی توعازمین کواس سے مطلع کیا جائے گا۔ویسے حج کمیٹی آف انڈیا کی کوشش ہوگی کہ آرٹی پی سی آر ٹسٹ کا نظم آسانی کے ساتھ کروادیا جائے تاکہ عازمین کو کوئی دقت نہ ہو، اس سلسلے میںمتعلقہ شعبوں کے ذمہ داران سے حج کمیٹی کے افسران کی بات چیت جاری ہے۔

hajj 2022 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK