Inquilab Logo

راجستھان میں راہل گاندھی کا بی جے پی اور آر ایس ایس کو کھلا چیلنج

Updated: December 06, 2022, 12:11 PM IST | jhalawar

’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ لوگ ’جے شری رام‘ بولتے ہیں لیکن بہت جلد انہیں’جے سیارام‘ بولنے پر مجبور ہونا پڑے گا، کسانوں کی تعریف کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ ۳۷۰۰؍کلومیٹر سے زیادہ ہمارے کسا ن بھائی چلتے ہیں، وہ زیادہ مشکل کام کرتے ہیں لیکن حکومت ان کی خدمات کا اعتراف نہیں کرتی، سچن پائلٹ نے بی جے پی کو گھیرتے ہوئے کہا کہ یہ بوکھلا گئی ہے

Rahul Gandhi surrounded by children amid `Bharat Jodo Yatra` (Photo: PTI)
’بھارت جوڑو یاترا‘ کے درمیان راہل گاندھی بچوں میں گھرے ہوئے ہیں (تصویر: پی ٹی آئی)

راجستھان میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے پہلے دن راہل گاندھی کے نئے تیور دیکھنے کو ملے۔ انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر براہ راست چیلنج کرتے ہوئے  کہا کہ ’’انہیں ’جے شری رام‘ کے بجائے ’جے سیا رام‘ بولنا ہی پڑے گا۔‘‘ راہل گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو خواتین مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ’سیتا ماتا‘ کو نظر انداز کر کے صرف ’جےشری رام‘ کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن یہ بہت دنوں تک چلنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگ انہیں اور ان کے نظریات کی حقیقت کو سمجھنے لگے ہیں۔    
  پیر کو راجستھان میں’بھارت جوڑو یاترا‘ کا پہلا دن تھا اور یہ پہلا موقع ہے جب راہل گاندھی کی قیادت والا یہ قافلہ کانگریس کی حکمرانی والی کسی ریاست  سے گزر رہا ہے۔اس کی وجہ سے کانگریس کارکنان میں زبردست جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ یاترا کے دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے  راہل گاندھی نے کسانوں کی خدمات کو یاد کیا اور ان کی تعریف کی۔ اپنی یاترا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’۳۷۰۰؍ کلو میٹر چلنے سےزیادہ ہمارے کسان بھائی چلتے ہیں۔وہ زیادہ مشکل کام کرتے ہیں لیکن ان کی خدمات کا اعتراف نہیں کیا جاتا۔‘‘  
 اس سے قبل راہل گا ندھی نے ساورکر کے حوالے سے بھی بی جے پی اور آ ر ایس ایس کو اپنی تنقید کا نشا نہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مہاتما گاندھی کی پارٹی ہے، ساورکر یا گوڈسے کی پارٹی نہیں ہے۔خیال رہے کہ راہل گاندھی مدھیہ پردیش سے چنولی کے راستے راجستھان میں داخل ہونے کے بعد کافی پرجوش نظر آ رہےہیں۔ یہاں ان کا استقبال کرنے کیلئے تمام کانگریسی لیڈروں بشمول وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، ریاستی کانگریس صدرگووندسنگھ ڈوٹاسرا  اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ بھی پہنچے ہوئے تھے اوران تمام  نے قافلے  کا  نہایت گرمجوشی اور پیار سے استقبال کیا تھا۔ اس کے بعدایک مختصر جلسے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں انہوں نے مرکزی حکومت اور اس کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی تھی اور اپنی مختصر تقریر میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے مقاصد کو واضح کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس  ’یاترا‘ کے ذریعہ عوام میں ایک دوسرے کے تئیں محبت کا جذبہ پروان چڑھانے اور  ان کے دلوں سے نفرت نکالنا چاہتے ہیں۔  اپنے عزائم کا ذکر کرتے ہوئے  راہل گاندھی نے کہا کہ ’’محبت کرنے والے نہیں ڈرتے نہیں اور ڈرنے والے محبت نہیں کرتے۔‘‘
 ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شرکت کیلئے جھالواڑ پہنچے راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن  پائلٹ نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یاترا کی مقبولیت سے بی جے پی حواس باختہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ۷؍ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہونے والی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کئی ریاستوں سے گزرتی ہوئی راجستھان میں داخل ہوگئی ہے جہاں کھل کر عوام  اس کا خیر مقدم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کا خیر مقدم کرنے والوں میں صرف کانگریس کارکنا ن او ر رضا کار شامل نہیں بلکہ  اس میں ایک بڑی تعداد عام افراد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کی ملنے والی اس مقبولیت سے  بی جے پی کافی پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں ۲۱؍  دسمبر تک یاترا جاری رہے گی۔
 رام میں قیام کے بعد پیر کی صبح۶؍ بجے ضلع کے رائے پور کے قریب ’کالی تلائی‘ سے ’بھارت جوڑو یاترا‘  کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، ریاستی کانگریس صدر گووندسنگھ ڈوٹاسرا، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، وزیر خوراک پرتاپ سنگھ کھچاریاواس، وزیر مملکت برائے سینک ویلفیئر راجندر سنگھ گودھا، سابق مرکزی وزیربھنور جتیندر سنگھ، ایم ایل اے کرشنا پونیا اور دیویا مدیرنا اورپارٹی کے کئی عہدیداران کے ساتھ قدم سے قدم ملاتے ساتھ چلتے رہے۔
 اس موقع پریاترا کے استقبال کیلئے سڑک کے دونوں طرف بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور یاترا کے راستے میں مختلف مقامات پر یاترا کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھول برسایا ۔ اس درمیان  راہل گاندھی نے لوگوں کا ہاتھ ہلا کر  ان کے خیرمقدم کا جواب دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK