Inquilab Logo

مودی سرکاری املاک فروخت کرکے تباہی لارہے ہیں

Updated: August 25, 2021, 3:21 PM IST | Agency | New Delhi

کانگریس لیڈر راہل گاندھی سخت برہم ، الزام لگایا کہ ۲؍ سے ۳؍ سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے سڑک ، بجلی ، پانی اور دیگراثاثے فروخت کئے جارہے ہیں،یہ یاد دلایا کہ یہ اثاثے ملک کی امانت ہیں مودی یا بی جے پی نے نہیں بلکہ عوام کی کمائی سے انہیں بنایا گیا ہے

Rahul Gandhi addressing a press conference. Along with P. Chidambaram. Picture:PTI
راہل گاندھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ ساتھ میں پی چدمبرم تصویر: پی ٹی آئی

 کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت کی جانب سے سرکاری املاک اور اہم اثاثے فروخت کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے  وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا ؤ۔ انہوں نے اس سلسلے میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ببانگ دہل کہا کہ  یہ تمام اثاثے اور املاک کے مالک مودی یا بی جے پی نہیں ہیں بلکہ انہیں برسوں کی محنت اور عوام کے گاڑھے پسینے کی کمائی سے بنایا گیا ہے جسے یوں ہی فروخت کردینا تباہی لانے کے مترادف ہے۔  انہوں نے مودی پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ  وہ سرکاری املاک فروخت کرنے میں مصروف ہیں اور انہوں نے سب کچھ فروخت کرکے ملک کو بربادی کی راہ پر لانے کی تیاری کرلی ہے۔  راہل گاندھی  کے ساتھ اس پریس کانفرنس میں ملک کے سابق وزیر مالیات پی چدمبرم بھی موجود تھے جنہوں نے خود بھی مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ یہاں کانگریس ہیڈکوارٹرس میں پریس کانفرنس راہل گاندھی نے کہاکہ مودی اپنے دو تین سرمایہ داردوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے عوام کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں۔ ملک نے گزشتہ ۷۰؍برس میں جو کچھ کمایا ہے اس املاک کو وہ اپنے ان چندسرمایہ دار دوستوں کو سونپ کر نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کررہے ہیں اور ان صنعتکاروں کی من مانی کا راستہ کھول رہے ہیں۔؎  راہل گاندھی نے کہاکہ  مودی کو سمجھنا چاہئے کہ ان کی حکومت کی مالیاتی بدانتظامی کی وجہ سے ملک کی اقتصادی صورتحال بہت خراب ہوگئی ہے اور اس میں بہتری کے لئے انہوں نے جو راستہ منتخب کیا ہے، اس سے ملک کے اقتصادی حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آنے والی ہے۔ حکومت نے معیشت کو بہتر بنانے کے لئے غلط راستہ منتخب کیا ہے، کوئی بھی محب وطن اس کی مخالفت کرے گا۔ کانگریس کے لیڈر نے کہاکہ ملک نے سات دہائیوں میں جو کچھ کمایا ہے اور جو املاک بنائی ہے،  مودی نے اسے اپنے اس فیصلے سے نجی ہاتھوں کو سونپ دیا ہے۔ یہ ملک کے نوجوانوں کے مستقبل پر سخت حملہ ہے۔ اس سے نوجوانوں کامستقبل اندھیرے میں جارہاہے اور ان کے لئے روزگار کے مواقع ختم ہورہے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہاکہ حکومت نے اپنے اس فیصلے سے۱ء۶؍لاکھ کروڑ روپے کے ۲۷؍ ہزار ۷۰۰؍کلومیٹر قومی شاہراہ کا تحفہ اپنے دوستوں کو سونپ دیا ہے۔ اسی طرح سے ریلوے کو بھی فروخت کردیا گیا ہے اور غریبوں پر سخت حملہ کرکے ۴۰۰؍ریلوے اسٹیشنوں کو نجی ہاتھوں  میں سونپ دیا ہے۔ اس سے غریبوں کا سفر کرنا مشکل ہوگا ساتھ ہی ریلوے کے ملازمین کا مستقبل بھی بحران میں آگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسی طرح سے توانائی کے پلانٹ، قدرتی گیس کی پائپ لائن،  پیٹرول کی پائپ لائن، ٹیلی کوم لائن اور ویئر ہاوس کے ساتھ ہی ۲۵؍ہوائی اڈوں کو بھی اس حکومت نے نجی ہاتھوں کو فروخت کردیا ہے۔ عوام کے پیسے سے حاصل کی گئی ان املاک کو مودی حکومت نے اپنے دو تین  دوستوں کو فروخت کردیا ہے۔  پریس کانفرنس میں موجود سابق وزیر مالیات پی چدمبرم نےکہاکہ حکومت کے اس فیصلے سے ملک کے نوجوانوں کا روزگار چھن گیا ہے اور اس کے چند سرمایہ دار دوستوں کی من مانی کا راستہ کھل گیا ہے۔ وہ اب من مانے طریقہ سے سرکاری املاک کا استعمال کریں گے اور نوجوانوں کے روزگار چھینتے رہیں گے۔ انہوں نے اس فیصلے کو ملک کے نوجوانوں پر سخت حملہ قرار دیا اور کہاکہ اس کی مخالفت کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ کانگریس پرائیویٹائزیشن کے خلاف نہیں رہی ہے لیکن کانگریس کی حکومت ہمیشہ ریلوے جیسے اداروں کے پرائیویٹائزیشن کے خلاف رہی ہے۔ان کی پارٹی نے ہمیشہ عقلی بنیاد پر نجکاری کی حمایت کی اور صرف ان ہی اداروں کے پرائیویٹائزیشن کی بات کی جو خسارہ میں چل رہے تھے لیکن مودی حکومت نے ملک کا سب کچھ فروخت کردیا ہے اور ملک کو کنگال کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK