Inquilab Logo

راہل گاندھی کا مودی سرکار پر نشانہ، کورونا کے دور میں صرف ’پی ایم کیئر فنڈ‘ کیلئے کام کرنے کا الزام

Updated: September 17, 2020, 7:23 AM IST | Agency | New Delhi

کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کی یوگی حکومت کے ’کانٹریکٹ والی ملازمت‘ کے فیصلے پر انتباہ کہا:نوجوان اپنے حق کیلئے سڑکوں پر اُتر چکے ہیں

Rahul Gandhi - Pic : INN
راہل گاندھی ۔ تصویر : آئی این این

 کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کورونا وائرس اور معیشت کے حوالے سے مودی حکومت پر  لگاتارتنقید کر رہے ہیں ۔ بدھ کو ایک مرتبہ پھر انہوں نے اس تباہ کن وائرس  سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامیوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس دوران بھی مودی سرکار صرف مواقع کی تلاش میں رہی ۔ انہوں نے کہا کہ  کورونا کی وبا کے دوران مودی سرکار نے صرف ’پی ایم کیئر فنڈ‘ کیلئے کام کیا۔وائناڈ کے  رکن پارلیمان راہل گاندھی نےکہا کہ حکومت نے اس دوران  ایک سے ایک خیالی پلا ؤ بنائے  جن میں سے  صرف ایک ہی سچ ثابت ہوا۔انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’کورونا دور میں بی جے پی حکومت نے ایک سے ایک  خیالی پلاؤ پکائے: جیسے ۲۱؍  دن میں کورونا کو ہرائیں گے،  آروگیہ سیتو ایپ حفاظت کرے گا،۲۰؍ لاکھ کروڑ کا پیکیج، خود انحصار( آتم نربھر) بنو، سرحد میں کوئی داخل نہیں ہوا،  حالات کنٹرول میں  ہیں ..... لیکن ان میں صرف ایک حقیقت یہ بھی تھی کہ آفات میں مواقع... ہیش ٹیگ پی ایم کیئرز۔‘‘
 اس ٹویٹ میں راہل گاندھی نے مودی سرکار پر الزام عائد کیا کہ اس نے نعرے تو بہت دیئے لیکن اس کی سنجیدگی  ان نعروں کے تئیں نہیں رہی۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ مودی سرکار کی ساری توجہ ’پی ایم کیئر فنڈ‘ پر مرکوز رہی جس میں لوگوں نے کروڑوں روپے دیئے۔ 
  دوسری طرف کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکاگاندھی نے  اترپردیش کی یوگی سرکار کو اپنے نشانے پر لیا ہے۔  انہوں نے سرکاری نوکریوں سے پہلے پانچ سال تک ملازمین کو کنٹریکٹ پر رکھے جانے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے یوپی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ اب نوجوان اس کے خلاف سڑکوں پر اُتر چکے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’واہ رے سرکار،پہلے تو نوکری ہی نہیں دو گے۔ جس کو ملے گی اس کو۳۵۔۳۰؍ سال سے پہلے نہیں ملے گی۔ پھر اس پر۵؍سال بے عزتی والا کنٹریکٹ کا بندھوا مزدوری اور اب کئی جگہوں پر۵۰؍سال ہی میں ریٹائر منٹ کی اسکیم۔نوجوان سب سمجھ چکے ہیں،اسلئے اب وہ  اپنا حق مانگنےکیلئے سڑکوں  پر اُتر چکے ہیں۔‘‘اپنے ٹویٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ ’’قومی یوم بے روزگار۔‘‘
 اس سے پہلے منگل کو کانگریس لیڈر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ’’۵؍ سال کا کنٹریکٹ= نوجوان کی بے عزتی والا قانون۔قابل احترام سپریم کورٹ  نے پہلے بھی اس طرح کے قانون پر اپنا تلخ تبصرہ کیا ہے۔ اس سسٹم کو لانے کا مقصد کیا ہے؟ حکومت نوجوانوں کے درد پر مرہم نہ لگا کر درد بڑھانے کی اسکیم لا رہی ہے۔نہیں چاہئے کنٹریکٹ۔‘‘خیال ر ہے کہ اترپردیش میں سرکاری ملازمتوں میں پہلے پانچ سال کنٹریکٹ پر رکھے جانے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ حالانکہ اس ضمن میں ابھی تک کوئی تجویز نہیں لائی ہے لیکن اپوزیشن نے اس تجویز کے سلسلے میں حکومت کی گھیرا بندی تیز کردی ہے۔کانگریس کے علاوہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور پرگتی شیل سماج وادی پارٹی بھی اس سلسلے میں کھل کر حکومت کے سامنے آگئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK