Inquilab Logo

وزیراعظم کےخطاب پرراہل گاندھی کا ردعمل،کہا:تو اِدھر اُدھر کی نہ بات کر،یہ بتا کہ قافلہ کیوں لٹا

Updated: July 01, 2020, 8:58 AM IST | Mumtaz Alam Rizvi | New Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی کے قوم سے ۱۷ ؍منٹ کے خطاب پر اپوزیشن کانگریس نے زوردار حملہ کیا اور اس کو اِدھر اُدھر کی فضول بات قرار دیا ۔چین کی دراندازی پر پی ایم کی خاموشی پرسوال بھی اٹھایا ہے

Rahul Gandhi - Pic : PTI
راہل گاندھی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 وزیر اعظم نریندر مودی کے قوم سے ۱۷ ؍منٹ کے خطاب پر اپوزیشن کانگریس نے زوردار حملہ کیا اور اس کو اِدھر اُدھر کی فضول بات قرار دیا ۔چین کی دراندازی پر پی ایم کی خاموشی پرسوال بھی اٹھایا ہے۔کانگریس نے تنقید کرتے ہوئےـ’پردھان منتری غریب کلیان انّ یوجنا ‘کی اسکیم میں نومبر تک کی توسیع کو محض ایک انتظامی امور کا اعلان قرار د یتے ہوئے یہ سوال کیا ہے کہ آخر بے روزگاری پر وزیراعظم کیوں نہیں بولے؟ کسانوں اور مزدوروں کی بدحالی پر کیوں نہیں بولے ؟ چھٹ پوجا کا ذکر کئے جانے پر بھی کانگریس نے سوال اٹھایا ہے ۔ پی ایم کے خطاب کے بعد سب سے پہلے کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمان راہل گاندھی نے ایک شعر ٹویٹ کیا ’’ تو ادھر ادھر کی نہ بات کر،یہ بتاکہ قافلہ کیوں لٹا؟مجھے رہزنوں سے گلہ نہیں، تری رہبری کا سوال ہے۔‘‘
 پی ایم کے خطاب سے قبل راہل گاندھی نے کچھ مشورے بھی دیئے تھے۔ پہلا مشورہ تھا کہ نیائے اسکیم کو نافذ کیا جائے اور براہ راست ۸۰؍ کروڑ غریب لوگوں کے اکاؤنٹ میں ۷۵۰۰؍ روپے ڈالے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی راہل گاندھی نے چین کی دراندازی پر بھی سوال اٹھائے تھے اور پی ایم مودی سے اس پر بولنے کا مطالبہ کیا تھا کہ آخر اس وقت صورت حال کیا ہے ؟ ان مطالبات کو  مودی  نے خارج کر دیا۔
 دوسری جانب اے آئی سی سی کے زیر اہتمام منعقدہ ورچول پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپریہ سریناٹے نے بھی وزیر اعظم سے کچھ سوالات کئے اوران کی تقریر کو مایوس کن قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم نے ۱۷؍ منٹ تک قوم  سے خطاب کیا ۔پی ایم کے اس خطاب کو جس طرح سے پرموٹ کیا جا رہا تھا، اس سے کافی امیدیں وابستہ ہو گئی تھیں لیکن انہوں نے ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔کانگریس ترجمان نے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ پی ایم ملک کی معیشت پر بات کریں گے ؟پی ایم کورونا پر کوئی فیصلہ کن اعلان کریں گے ؟ پی ایم بے روزگاری کو ختم کرنے کی بات کریں گے ،ملازمین کی تنخواہوں میں جو تخفیف کی جا رہی ہے، اس پر بات کریں گے ، جو پیدل چل کر گھر پہنچے ہیں، ان سے متعلق کچھ کہیں گے ، نیائے اسکیم پر بات کریں گے وزیراعظم مودی نے ان سب اہم مسائل پر کوئی گفتگو نہیں کی۔ انھو ں نے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ پی ایم مودی چین کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں گے اور  اپنے اندر پائے جانے والے خوف کونکال پھینکیں گے لیکن ایساکچھ نہیں ہوا۔کھودا پہاڑ اور نکلی چوہیا والی بات ہو گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK