Inquilab Logo

راہل کی تنقید،کسانوں مزدوروں کو کمزورکرنا حکومت کا ہدف

Updated: September 30, 2020, 11:36 AM IST | Agency | New Delhi

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسانوں مزدوروں کو کمزور کرنے کی سازش پر کام کررہی ہے

Rahul Gandhi - Pic : PTI
راہل گاندھی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسانوں مزدوروں کو کمزور کرنے کی سازش پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان اور مزدور اس ملک کی ریڑھ  ہیں لیکن  بی جے پی کی  قیادت والی مودی حکومت نے نوٹ بندی  سے لے کر زراعت  سےمتعلق  قانون بنانے تک ان دونوں طبقوں کو کمزور کرکے ملک کی  جائیداد ہڑپنے کی کوشش کی  ہے۔راہل گاندھی  نے منگل کو ملک کے مختلف حصوں کے کسانوں  کے ساتھ بات چیت  ا ایک ویڈیو  جاری کیا ہے اور کہا  ہے کہ مودی حکومت نے نوٹ  بندی، کمزور  جی ایس  ٹی اور کورونا  کے دوران ملک  کے کسانوں  اور مزدوروں پر حملہ کرکے انہیں کمزور کرنے کا کام کیا ہے۔ نوٹ  بندی کے وقت جب اس  طبقے کو  پیسہ دینا  چاہئے  تھا تو  اس  کے بجائے پیسہ صرف تین  چار صنعت کاروں کو دیا گیا۔  ان کی آمدنی بڑھتی گئی اور کسانوں کی آمدنی کم ہوتی گئی۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ ’’کسان اور مزدور ملک کی ریڑھ ہیں اور مودی حکومت کا ہدف اسی  ریڑھ کی ہڈی کو  توڑنا  ہے۔‘‘  انہوں نے کہا کہ حکومت  نے پہلے آپ کے پیروں پر کلہاڑی ماری اور اب چھرا گھونپ  دیا ہے۔ زراعت سےمتعلق  اس  قانون کی  مخالفت کرنا ہی  پڑے گا۔ اس کی مخالفت صرف کسانوں کیلئے نہیں  بلکہ  ملک  کے مستقبل کیلئے ضروری ہے۔
  راہل گاندھی نے کہاکہ نوٹ بندی کے وقت کہی گئی بات یعنی   بلیک منی  کے خلاف لڑائی کی  بات جھوٹی تھی  اور اس کا ہدف  غیرمنظم  شعبے  پر حملہ کرنا  تھا۔ جی ایس  ٹی کا بھی  یہی  ہدف  تھا اوراسی طرح  ان تینوں  سیاہ قوانین کا بھی معاملہ ہے۔اس  سے کسانوں کا استحصال  ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاہ  قوانین کسان کی فصل کی کم از کم سپورٹ قیمت بھی یقینی نہیں  بناتے ہیں ، یہی سبب ہے کہ کسان اپنی فصل کی قیمت کے سلسلے میں فکرمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’میڈیا بھی کسانوں کے ساتھ نہیں  ہے۔ جب  میںنے کسانوں کی لڑائی شروع کی تو اس کے بدلے میڈیا کے ایک طبقے نے مجھ پر ہی حملہ کردیا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’میں نے  زمین  کی تحویل کے خلاف لڑائی  لڑی۔ میں اڑ گیا  اور وہیں  سے میڈیا نے مجھ  پر حملہ شروع کردیا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK