Inquilab Logo

ریلوے ملازمین کو ۳۸؍ روپے میں جھنڈا فراہم کیا جائے گا

Updated: August 12, 2022, 9:34 AM IST | new Delhi

نارتھ سینٹرل ریلوے یونین کی جانب سے شکایت، ممبئی ڈیویژن میں ترنگامفت

Preparations for Independence Day
یوم آزادی کی تیاریاں 

ہر گھر ترنگا مہم کے تحت ریلوے نے بھی اپنے ملازمین کو ترنگا  دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ اپنے گھر پر اسے لگا سکیں۔ اس کے عوض ان کی تنخواہ سے فی پرچم ۳۸؍ روپے کاٹے جائیں گے۔ ریلوے کے اس حکم سے یونین لیڈران میں ناراضگی ہے۔ انھوں نے ملازمین کی تنخواہ سے پیسے کاٹ کر ترنگا پرچم تقسیم کئے  جانے کے منصوبہ کی شدید مذمت کی ہے۔ نارتھ سینٹرل ریلوے ایمپلائز یونین کے اہلکاروں نے اس حکم پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی زبردستی مناسب نہیں ہے۔ یونین کے سیکریٹری چندن سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’ریلوے اہلکار خود محب وطن ہیں اور اپنے پیسے سے خود ترنگا پرچم خریدیں گے، ان پر کوئی فیصلہ تھوپا نہیں جانا چاہئے۔‘‘جبکہ ژونل جنرل سیکریٹری آر پی سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’اسٹاف بینیفٹ فنڈ سے پرچم خریدا جائے، لیکن ہماری تنخواہ سے پیسہ نہ کاٹا جائے ۔‘‘
 میڈیا رپورٹ کے مطابق ریلوے اسٹاف میں جس قومی پرچم کو تقسیم کیا جائے گا، اس کیلئے کسی پرائیویٹ ایجنسی سے معاہدہ ہوا ہے۔ اس قومی پرچم کا معیار کیا ہوگا اور اس کا سائز کیا ہوگا، اس سلسلے میں کچھ بھی واضح  نہیں ہے۔ ریلوے بورڈ نے سبھی ژونل جنرل منیجر، کارخانہ، آر پی ایف اور اسپتال مینجمنٹ کو جو خط لکھا ہے اس میں ہدایت دی گئی ہے کہ ۱۵؍  اگست کو ترنگا لہرائیں۔ اس ترنگے کی خریداری اسٹاف بینیفٹ فنڈ سے کی جائےگی اور بعد میں ریلوے اہلکاروں کے اکاؤنٹ سے کاٹے گئے پیسے اسٹاف بینیفٹ فنڈ ہی میں بھیجے جائیں گے۔ پھر بھی ریلوے ملازمین اس فیصلے کی مذمت کر رہے ہیں۔
  ادھر ممبئی میں ممبئی ڈیویژن اور ویسٹرن ریلوے  کے حکام نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ ریلوے ملازمین سے ترنگے کیلئے کوئی پیسہ وصول کیا جا رہا ہے۔  اطلاع کے مطابق  ویسٹرن اورسینٹرل ریلوے میںایک لاکھ ۲۰؍ ہزار ملازمین کو’گھرگھر ترنگا ‘مہم کے تحت جھنڈے تقسیم کئے گئے ہیں۔سینٹرل ریلو ے ممبئی ڈیویژن میں ۳۰؍ہزار جبکہ ویسٹرن ریلوے جس میںممبئی ، احمدآباد، رتلام وغیرہ ڈیویژن بھی شامل ہیں، میں ۹۰؍ہزار ملازمین کو یہ جھنڈ ے مفت  دیئے گئے ہیں ۔  حکام نے میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کی تردید کی ہے۔ سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوشیواجی ستارنے انقلاب کو بتایا کہ ’’ جھنڈے کے عوض  ریلوے  ملازمین پرکوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا ہے اور الگ الگ ڈیویژن میںالگ الگ انداز میں آزادی کا امرت مہوتسو منایا جارہا ہے۔ ‘‘ اسی طرح ممبئی ، رتلام ،احمد آباد اورگجرات وغیرہ ۵؍ ڈیویژن ملاکر ویسٹرن ریلوے کہلاتا ہے ، اس کے چیف پی آر اوسمیت ٹھاکرنے بتایا کہ ’’ ان تمام ڈیویژن میں ۹۰؍ ہزار جھنڈے تقسیم کئے گئے  ہیںلیکن ریلوے ملازمین سے نہ کوئی رقم وصول کی گئی ہے نہ ہی ان کی تنخواہ سے پیسے کاٹے جائیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ یہ تو آزادی کا مہوتسو منانے کی غرض سے تقسیم کیا گیا ہے۔ویسے بھی آزادی میںریلو ے کا اہم رول رہا ہے۔ اسلئے ریلوے ملازمین خود ہی  ملک کے ۷۵؍ ویں جشن آزادی پربڑھ چڑھ کرحصہ لے رہے ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK