Inquilab Logo

ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ’ریسٹورنٹ آن وہیل‘کو توسیع دینے کامنصوبہ

Updated: June 27, 2022, 11:04 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس پرٹرین کے ڈبے میں۸؍ ماہ قبل بنائے گئے اس ہوٹل میں۶۰؍ہزار مسافروں نے کھانا کھایا اوریادگار لمحے کوکیمرے میں قید کیا

In front of the CSMT station platform 18 can be seen the elevated restaurant built in the train box..Picture:INN
سی ایس ایم ٹی اسٹیشن کے پلیٹ فارم ۱۸؍ کے سامنے ٹرین کے ڈبے میں بنایا گیا ریسٹورنٹ دیکھا جاسکتاہے۔۔ تصویر: آئی این این

’ریسٹورنٹ آن وہیل ‘یعنی پہئے پرہوٹل ۔ ٹرین کے ڈبے کو ہوٹل میں تبدیل کیا گیا ہے اوراسے سی ایس ایم ٹی کےپلیٹ فارم نمبر۱۸؍ کے سامنے ہیریٹیج گیلری میں بنایا گیا ہے ۔ ریلوے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہےکہ مسافر اسے کافی پسند کررہے ہیںاور۸؍ماہ میں۶۰؍ ہزارمسافروں نے یہاں کھانا کھایا ہے۔یہ ہوٹل ایک ایجنسی کوکنٹریکٹ پردیا گیا ہے۔ اس تعلق سے سینٹر ل ریلوے کےچیف پی آر او شیواجی ستار نے نمائندۂ انقلاب کے استفسارپربتایا کہ ’’ ریلوے میں سہولتیں بڑھانے ،مختلف اشیاء فراہم کروانے اور سیاحت کا بھی احساس کرانے کے لئے ریلوے کی جانب سے کوشش جاری ہے۔اس تعلق سے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں ۔ریسٹورنٹ آن وہیل بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔‘‘ ان کے مطابق’’ کھانے پینے کیلئے ہوٹل تو قدم قدم پرہیںلیکن ٹرین کا ایک ڈبہ یا چند ڈبےکو  اگرہوٹل میں تبدیل کردیا جائے تو مسافرو ںکو یہاں کھانا کھانے کا الگ احساس ہوتا ہے اوروہ یہ سوچتے ہیںکہ یہی وہ ڈبہ ہے جس میں کسی وقت مسافر سفر کیا کرتے تھے،اب اس میںبیٹھ کرکھانا کھارہے ہیں۔اس سے مسافروں کو مزیدبہتر احساس ہوگا اوران کا سفر بھی خوش گوار ہوگا۔ یہی ریلوے کی کوشش ہے کہ مسافروں کی حفاظت ہو اور وہ بحفاظت وقت پراپنی منزل تک پہنچ سکیں۔ اس کے ساتھ ہی ان کوصاف ستھرا اورخوش گوار ماحول سفر کےتئیں میسر آئے۔ ‘‘ شیواجی ستار کے مطابق  ’’ سی ایس ایم ٹی اورناگپور میں بھی اس طرح کا ہوٹل اسٹیشن پربنایا گیا ہےاورجو امید کی گئی تھی اس سے کہیںزیادہ مسافر اس کی جانب راغب ہوئے ، اس لئے دیگر بڑے اوراہم اسٹیشنوں پربھی اس طرح کا تجربہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ دیگر علاقوں کے مسافر بھی اس انوکھے اندازکے ہوٹل میں کھانا کھانے اوراس کےساتھ ہی تفریح سے لطف اندوز ہوسکیں۔ اس ہوٹل میںکھانا کھانے والےبیشتر مسافر یادگار لمحے کے طور پراپنی تصاویر بھی ہوٹل کےساتھ کیمروں میںقید کرتے ہیں۔ ‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایا کہ ’’ سی ایس ایم ٹی اسٹیشن کوعالمی درجے کااسٹیشن ،جہاں ہر طرح کی سہولت ہو، مسافروںکوایک ہی چھت کے نیچے تمام چیزیں مل سکیں،اس کی جانب تیزی سے کام جاری ہے،آئند چند برسوں میں سی ایس ایم ٹی کانقشہ بدل جائے گا۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK