Inquilab Logo

سعودی عر ب میں بارش اور بر ف باری، عوام کو شدید دشواری

Updated: December 01, 2022, 10:39 AM IST | Riyadh

آج جدہ اور قرب و جوار کے علاقوں میں پھر تیز بارش اورگرد وغبار کا امکان ۔مدینہ منورہ اور العلاء جانے والے مسافروں کو سفر ملتوی کرنے کا مشورہ ۔ تبوک میں  برف باری جدہ میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کے باشندوں کیلئے عارضی رہائش گاہ کا انتظام

A scene after rain in an area of Saudi Arabia.
سعودی عرب کے ایک علاقے میں بارش کے بعدکا ایک منظر۔

سعودی عرب میں بارش اور  بر ف باری  سےایک بار پھر زندگی ٹھہر سی گئی ہے ۔   بدھ کو  محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ  جدہ کمشنری میں خراب موسم آج( جمعرات کو) بھی رہے گا۔ پوری کمشنری میں موسلادھار بارش اور اس کے سبب سیلابی ریلوں کا خدشہ  ہے۔محکمہ موسمیات  کے مطابق   جدہ اور قرب و جوار کے علاقوں میں گرد وغبار کا  امکان ہے۔ اس دوران تیز ہوا چلے گی  اور بادل چھائے رہیں گے۔دریں اثناء محکمہ نے بتایا  کہ مدینہ منورہ کی العلاء، خیبر، الیتمہ، ینبع اور الرایس کمشنریوں میں  بدھ کی صبح دھند چھائی رہی۔علاوہ ازیں مدینہ منورہ  اور اس کے مضافات میں بدھ کو بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ دریں اثناء بارش کے مختلف مناظر پر کی تصاویر  سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ تصاویر میں بارش کے دوران مسجد نبویؐ اور مدینہ منورہ کی تاریخی مساجد کے صحنوں میں زائرین عبادت کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اسی  دوران سعودی عرب کے علاقے ینبع میں  تباہ کن بارش ہوئی ہے۔ اسامہ الحربی نامی فوٹوگرافر  نے بتایا ،’’ سیلابی ریلا سمندر میں اس انداز سے گر رہا ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ اس کا اظہار الفاظ میں نہیں کیا جا سکتا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ منگل کو ینبع اور اس کی تحصیلوں میں موسلا دھار بارش نے سیلاب کی شکل اختیار کرلی ہے۔‘‘
  سعودی عرب کے تبوک میں بر سرروزگار یوپی کے سدھارتھ نگر سے تعلق رکھنے والے معین الدین نے  بتایا ،’’ منگل کو ہمارے علاقے میں موسم خراب تھا، بارش کے درمیان  بر ف باری  ہوئی، چاروں طرف  اولے بکھر گئے ، ہمارے ہاں ہری ہری گھاس پر چاروں طرف اولے  نظر آئے،کچھ نے اسے ہاتھوں سے چھوا بھی ۔ اس دوران  ایک بڑی تعداد ویڈیوگرافی اور تصویر کشی میں مصروف  رہی ۔ بر ف باری کی وجہ سے  موسم ٹھنڈ ا ہوگیا  ۔ درجۂ حرارت میں غیر معمولی کمی آگئی ۔ معمولات زندگی پر بھی اس کا اثر پڑا جس کے بعد ہفت روزہ چھٹی کا اعلان جمعہ کے بجائے منگل ہی کو کردیا گیا۔ اب اس کے بدلے  جمعہ کو کام پر جانا ہوگا۔ ‘‘
  ادھرروڈ سیکوریٹی فورس نے بتایا کہ وادی خشبیہ میں سیلابی ریلا گزر ا جبکہ پانی کا بہاؤ بہت تیز  تھا۔مسافروں کی حفاظت کیلئے ہائی وے بند  کئے گئے جبکہ گاڑیوں کو پیٹرول ا سٹیشنوں اور گیسٹ ہاؤسیز کے قریب روکا گیا۔روڈ سیکوریٹی فورس نے کہا کہ مدینہ اور العلاء جانے والے مسافروں کو چاہئے کہ وہ فی الحال اپنا سفر  ملتوی کردیں۔ ادھرسعودی ہلال احمر نے مکہ مکرمہ منطقہ میں بارش کے دوران ہر طرح کی متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ مکہ مکرمہ، جدہ، طائف، جموم، خلیص، میسان، اللیث، اضم اور العرضیات میں  جمعرات  سے  جمعہ تک بارش کے امکانات ہیں۔مکہ مکرمہ ریجن میں ہلال احمر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مصطفی بلجون نے کہا کہ  کنٹرول اینڈ کمانڈ روم ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔۹۸؍ امدادی مراکز اور۱۶۰؍ امدادی و رضاکار ٹیمیں اور۱۰؍ گاڑیاں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مستعد ہیں۔فضائی ایمبولینس بھی ضرورت پڑنے پر استعمال کی جائیں گی۔ انہو ںنے کہا کہ  جدہ کے شمالی اور وسطی مقامات، بحرہ کبری اورالایوا کبری پر ۴؍ امدادی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔  اس دوران  مقامی شہریوں اور تارکین وطن سے اپیل کی گئی کہ وہ بارش کے دوران برساتی نالوں اور وادیوں سے دور رہیں اوراحتیاطی تدابیر ا ختیارکریں۔

یہاں سیلاب متاثرین کیلئے  عارضی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے ۔  واضح رہےکہ  گزشتہ دنوںطوفانی بار ش کے بعد جدہ سیلاب کی زد  میں آگیا تھا  ، اس دوران  اسپتالوں کو بھی نقصان   پہنچا تھا   ۔ نقل و حمل میں  بھی  دشواری ہوئی تھی  جس سے ایک  بڑی تعداد متاثر ہوئی تھی  ، کچھ افراد بے گھر بھی  ہوگئے  تھے ۔ 
  میڈیارپورٹس کے مطابق جدہ میں بارش کے سبب ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے والی  خصوصی کمیٹی نے متاثرین کیلئے متبادل رہائش کا انتظام کیا ہے۔  نقصانات کا تخمینہ لگانے والی کمیٹی میں مرکزی وزارت دفاع، وزارت خزانہ، گورنریٹ اور دیگر سرکاری اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔کمیٹی نے  بتایا کہ امیر فواز، الاجاوید اور السنابل محلوں کے  باشندوں کو متبادل رہائش گاہ فراہم کی گئی ہے۔ 
 واضح رہے کہ ان محلوں کے باشندوںکے مکان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔کمیٹی نے بتایا  کہ مذکورہ محلوں میں بارش کی مقدار۱۸۲؍ ملی میٹر تھی جس کے سبب یہاں سب سے زیادہ نقصان ہوا ۔
 دریں اثناء محکمہ شہری دفاع نے بارش اور سیلابی ریلے میں نقصان اٹھانے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ  اپنے نقصانات کی تفصیل آن لائن بھی فراہم  کر سکتے ہیں، اس کی بنیاد پر ہرممکن مد د دی جائے گی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK