Inquilab Logo

ریاض اور اطراف میں ہوا کے ساتھ بارش،موسم خوشگوار

Updated: February 03, 2023, 3:05 PM IST | Riyadh

متعدد شہروں میں ریت کا طوفان ، ہائی وے سے سفرنہ کرنے کی ہدایت ،طوفان تھمنے تک سفر ملتوی کرنے کا مشورہ

Vehicles are passing on the road after rain in Sharqiya region. (Photo: SPA)
منطقہ شرقيہ میں بارش کے بعد سڑک سے گاڑیاں گزررہی ہیں۔ ( تصویر :ایس پی اے)

سعودی عرب کے  دارالحکومت ریاض اور اطراف میں  بدھ کو ہلکی سے درمیانی بارش  ہوئی ۔  دریںا ثناء سعودی عرب کے مختلف حصے ریت کے طوفان کی زد میں  رہے۔ اسی کی مناسبت سے  انتظامیہ کی جانب سے ہائی وے سے سفر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔طوفان  تھمنے تک سفر کا ارادہ ملتوی کرنے کا مشورہ دیاگیا۔ اسی دوران آج ( جمعہ کو ) بھی موسلادھار بارش کا انتباہ جا ری کیا گیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق جمعرات کو  ریاض  اطراف کے علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ۔ قبل ازیں سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز نے ریاض میں بدھ سے جمعہ تک ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی تھی  ۔ اس کے مطابق  جمعہ کو بھی دارالحکومت میں  موسم  خوشگوار رہے گا۔  ہوا کے ساتھ  ہلکی اور درمیانی بارش ہوگی۔ جمعرات کو حريق، خرج، درعيہ، دلم، مزاحميہ، ثادق، حريملاء، رماح، ضرمااورمرات بھی دن بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی ۔
   ادھر  روڈ سیکوریٹی فورس نے قصیم  منطقہ میں ہائی وے کا سفر کرنے والوں کو انتباہ جاری کیا ہے۔ اس نے اپنے بیان میں کہا ، ’’منطقہ کی متعدد کمشنریوں میں گرد وغبار کے طوفان کے سبب بہت قریب کی اشیاء دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔  ایسے میںالمذنب، الرس، الاسیاح، البدائع، البکیریہ اور الثامریہ کو جوڑنے والی ہائی وے کا سفر انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے۔طوفان تھمنے تک سفر کا ارادہ ملتوی کردیا جائے جبکہ مسافروں سلامتی کے ضوابط پر عمل کرنا چاہئے۔‘‘دوسری طرف محکمہ موسمیات نے  بتایا کہ مدینہ منورہ کی متعدد کمشنریوں میں   بدھ  اور جمعرات  کو مطلع غبار آلود رہا ۔ الحناکیہ، بدر، المہد، وادی الفرع، العلا، العیص اور خیبر میں بھی قریب کی اشیا ء دیکھنا مشکل ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات نے کہا  کہ گرد آلود ہوا جمعہ کی رات۸؍ بجے تک چلے گی ۔  اس طوفان کے دوران سانس کے مریضوں کو گھروں تک محدود رہنا چاہئے۔ 
  یادرہےکہ یہ سعودی عرب میں بارش کا دوسرا سلسلہ ہے۔اس سے پہلے دسمبر سے  جنوری کے ابتدائی ۲؍عشرو ں تک موسلادھار بارش  ہو تی رہی ۔ ۳۱؍ جنوری سے پھر بارش ہورہی  ہے۔

Weather Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK