Inquilab Logo

نیپال کے نشیبی علاقوں میں بارش ، شمالی بہار کے مختلف اضلاع میں سیلاب کا خطرہ

Updated: July 13, 2020, 11:40 AM IST | Inquilab News Network | Patna

نیپال کے نشیبی علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے شمالی بہار کے متعدد اضلاع میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ ریاستی حکومت نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا ہے

Bihar Rain - Pic : Inquilab
پٹنہ: مسلسل بارش کے سبب ندیوں کا پانی کھیتوں میں پھیل گیا ۔ ( تصویر: انقلاب

نیپال کے نشیبی علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے شمالی بہار کے متعدد اضلاع میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ ریاستی حکومت نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا ہے۔اب تک ۵؍ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ پشتوں پر ہوم گارڈ کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ محکمہ آبی وسائل کے انجینئر دن رات نگرانی میں مصروف ہیں۔ سیتا مڑھی کے سونبرسا ، سورسند ، بھٹاموڑ سمیت کئی علاقوں میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے۔ باگمتی اور لکھن دیئی  خطرے کے نشان سے بہت اوپر بہہ رہی ہیں۔ شیوہر میں باگمتی ندی میں طغیانی کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سیلاب آ گیا ہے۔ دربھنگہ میں دریائے کملا میں تارادیہہ اور گھنشیام پور بلاک میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ پانی کے دباؤ میں اضافے کی وجہ سے سمستی پور اور مدھوبنی کے باندھوں کے ٹوٹنے کااندیشہ ہے۔بانکا میں ندیوں کی آبی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اضلاع کے مطابق والمیکی نگربیراج سے۲ء۸؍لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے جس کی وجہ سے دریائے گنڈک کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ بگہا کے دیار علاقے میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے۔
 شیوہر میں سیلاب کا ڈرستانے لگا ہے، یہاں باگمتی ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ پانی کا بہاؤ تیز ہے۔ بیتا میں سیلاب کے لئے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ گنڈک ندی کی سطح میں اضافے کے بعد محکمہ آبی وسائل کے انجینئروں کو پشتوں پر تعینات کردیا گیا ہے۔
 نیپال میں جاری شدید بارش کے پیش نظر باگمتی ، کملا بلان اور گنڈک کے نشیبی علاقوں میں آباد لوگوں کو وہاں سے ہٹا دیا جائے گا۔ چیف سیکریٹری دیپک کمار نے سرحدی اضلاع کے ڈی ایم کو حکم دیا کہ وہ ہر حالت میں امداد اور بچاؤ کے لئے پوری طرح تیار رہیں۔ متعلقہ اضلاع کے ڈی ایم سے کہا گیا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لیں اور عوام کو محفوظ مقامات پر لے جائیں۔ اب تک تقریباً ۵؍ لاکھ  افراد کو محفوظ مقاما ت  پرلے جایاگیا ہے ۔
 مظفر پور ضلع سے گزرنے والی گنڈک اور باگمتی ندی کی سطح  میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ کشموہا کے مقام پر باگمتی کی آبی سطح لال نشان سے اوپر جا پہنچی ہے۔ ڈی ایم ڈاکٹر چندرشیکھر سنگھ کی ہدایت کے باوجود اورائی بلاک میں لکھن دیئی ندی کے پشتے کی مرمت کا کام شروع نہیں ہوا ہے۔ باگمتی کے بائیں پشتے پر پانی بھر جانے سے گاڑیوں کی آمدورفت بندہے۔ سیتامڑھی کے مارار گھاٹ اور اورائی اور کترا بلاک میں پشتے پر کئی مقامات پر کٹاؤ شروع ہوگیا ہے اور بہت دباؤ ہے۔مظفر پور کے کٹرا میں ، بینی آباد  اوررونی سید پور سڑک پر سیلاب کا پانی بھر گیا  ۔دونوں باندھوں کے بیچ آبادگائوں میں باگمتی ندی کا پانی پھیل گیاہے۔
مظفر پور کے اورائی میں شمالی اور جنوبی حصے کے ساحل سے باگمتی کا پانی بہنا شروع ہوگیا ہے۔ دونوں باندھوں کے درمیان آباد مدھوبن پرتاپ ، پٹولا پٹیوری ٹولا ، باڑہ خرد ، باڑہ بزرگ ، بابھنگاما مغربی ، ہرنی ٹولا ، چن پور ، چہونٹا ٹولا ، بھرٹھاؤ ٹولہ  اور راگھوپور  وغیرہ میں پانی پھیل گیا ہے۔ نقل و حرکت کیلئے کشتی ہی ایک ذریعہ رہ گئی ہے۔منوسمارا اور لکھن دیئی ندی کی آبی سطح میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ لکھن دیئی کا پانی آہستہ آہستہ رام پور اور رتواڑہ  وغیرہ گائوں میں پھیل رہا ہے۔ رام پور سے سنبھوتا جانے والی سڑک پر پانی بڑھ جانے کی وجہ سے لوگ اپنی جانوں پر کھیل کر سڑک عبور کررہے ہیں  ۔مونسمارا ندی کا پانی دھروا ، چین پور ، لکشمنیا ٹولا ، ہنومان نگر ، امبیڈکر نگر کی سڑکوں پرپھیل گیا ہے۔

nepal bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK