Inquilab Logo

راجپوری کاپارکنگ یارڈ کھول دیا گیا، سیاحوں کو بڑی راحت

Updated: December 06, 2022, 12:17 PM IST | siraj shaikh | murud

مقامی شہریوں اور سیاحوں کے بار بار مطالبے کے بعد بالآخر مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ نےراجپوری نوی جیٹی پر پارکنگ زون کھول دیا،سیاحوں کو پارکنگ کی سہولت مفت

Congestion on the road near the jetty has eased after the parking yard was opened
پارکنگ یارڈ کھولے جانے کے بعدجیٹی کے قریب سڑک پربھیڑ کم ہوئی ہے

کچھ وجوہات کی بناء پر میری ٹائم  بورڈ نے راجپوری میں سیاحوں کی گاڑیوں کیلئے بنایا گیا پارکنگ زون بند کردیا تھا۔ اسلئے اس چھوٹے سے گائوں میں بیرونی اضلاع سے آنے والے لوگ اپنی مرضی کے مطابق جہاں جگہ ملے وہاں گاڑیاں پارک کر رہے تھے ۔ساحل سمندر پر بھی   بڑی تعداد میں گاڑیاں کھڑی کی جا رہی تھیں۔اس کی وجہ سے راجپوری میں ٹریفک جام ہوجایا کرتا تھا۔ اس پرسیاح برہمی ظاہر کر رہے تھے۔ اس اہم اور سنگین مسئلہ کے تعلق سے مختلف اخباروں میں شائع ہونے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے  بالآخر اتوار کو اس پارکنگ  یارڈ کو سیاحوں کی گاڑیوںکیلئے کھول دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے مقامی لوگوں اورسیاحوں کو بڑی راحت  ملی ہے ۔
 راجپوری میں جنجیرہ قلعہ کی سیر کیلئے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ آتے رہتے ہیں ۔ میری ٹائم بورڈ نے بیرونی اضلاع سے آنے والے لوگوں کے لئے ایک وسیع وعریض پارکنگ زون تعمیر کیا ہے۔یہاں بیٹھنے کے لئے نشستوں کا بھی انتظام ہے۔دور دراز مقامات سے آنے والے سیکڑوں سیاحوں کیلئے ناشتہ،  عارضی رہائش اور صاف پانی فراہمی کا بھی انتظام  ہے۔ میری ٹائم بورڈ نے پارکنگ یارڈ اور مسافر ٹرمینل کی عمارت ممبئی کے ایک کیٹرر کو ٹھیکے کی بنیاد پر دی تھی لیکن کچھ وجوہات کی بناء پر یہ ٹرمینل بند کرنا پڑا اور  ۱۵۰؍ سواریوں کی گنجائش والا پارکنگ یارڈپر بھی میری ٹائم بورڈ نے تالا لگا دیا تھاجس کی وجہ سے یہاں ٹریفک نظام درہم برہم ہوجایاکرتا تھا ۔مقامی شہری اور سیاحوں کے باربار  مطالبے کے بعدمہاراشٹر میری ٹائم بورڈ نے راجپوری نوی جیٹی پر پارکنگ کو کھولنے کا فیصلہ کیا۔ میڈیا نے بھی اس کا نوٹس لیا۔ اس لیے سیکڑوں سیاحوں کو بڑی راحت ملی ہے ۔اس وقت تمام سیاحوں کو مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اتوار کو  جنجیرہ قلعہ کی سیر کرنے آنے والوں کی چار پہیہ گاڑیاں محفوظ طریقے سے پارکنگ یارڈ میں لگائی گئی تھیں جس کی وجہ سے ساحل اور سڑک پر ہونے سے گاڑیوں کی بھیڑ بھی کم ہوئی ہے۔
سیاحوں کیلئے ۱۵؍ کشتیوں کا انتظام
 ان دنوں کوکن میں سیاحت کا سیزن عروج پر ہے اور لوگ راجپوری کے جنجیرہ قلعہ کی سیر کرنے کے لئے بڑی تعداد میں یہاں آرہے ہیں۔سنیچر اور اتوار کو یہاں کافی بھیڑ دیکھی گئی ۔ان سیاحوں کو قلعہ تک لیجانے اور واپس لانے کے لئے یہاں کی مختلف سوسائٹیوں کی ۱۵ ؍کشتیاں چلائی جا رہی ہیں ۔ان کشتیوں سے سیاحوں کو محفوظ طریقے سے قلعہ کی سیر کرائی جارہی ہے۔اس تایخی رقلعہ کو دیکھنے کے لیے  خاندیش ،ناسک ، پربھنی اورنگ آباد، ناندیڑ، کلیان، ممبئی ، مالیگائوں اور تھانے کے علاقوں سے آنے والے سیاحوں کا ہجوم تھا۔
سیاحوں کے لئے پارکنگ خدمات مفت میں
  راجپوری کے پورٹ انسپکٹر یشودھن کلکرنی  نے بتایا کہ راجپوری کی نئی جیٹی کی پارکنگ بند رکھی گئی تھی لیکن  ٹریفک کی تکلیف کی وجہ سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر  نے پارکنگ کو کھولنے کا حکم دیا  جس  پر عمل کرتے ہوئے پارکنگ یارڈ کو کھول دیا گیا ہے۔ اب یہاں ٹریفک جام نہیں ہوگا۔ ٹریفک کا یہ ایک بڑا مسئلہ تھا جو اب حل ہوچکا ہے۔
بڑی تعداد میں اسکولی بچے پکنک کے لئے رائے گڑھ میں
  اکثراسکولوںکی پکنک دسمبر کے مہینے میں نکالی جاتی  ہے جب سردیوں کا موسم   ہوتا ہے۔ پچھلے دو تین سال سے تفریحی مقامات پر پکنک کا سلسلہ بند تھا۔ سال رواں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ رائے گڑھ قلعہ اور دیگر دلچسپ مقامات پر طلبہ پکنک کا مزہ  لے رہے ہیں۔ ہر سنیچر اور اتوار کو ٹور بسیں طلبہ کو ضلع میں سیاحت کیلئے لا رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے مقامی تاجر وں کو بھی فائدہ ہو رہا ہے۔ رائے گڑھ کا ساحل  سیاحوں کی خاص توجہ کا مرکز ہے۔ پونے، ناسک، دھولیہ ، مالیگائوں،اورنگ آباد ، ودربھ دیگر اضلاع سے طلباء تعطیلات کے ساتھ ساتھ دوسرے دنوں میںپرائیویٹ اور ایس ٹی بسوں کے ذریعے  ا سکولی  بچے یہاں پہنچ رہے  ہیں۔ رائے گڑھ ضلع کے علی باغ، ورسولی، ناگاؤں، آکشی، کاشد، مروڈ، شری وردھن کے ساحلوں پر ان دنوں سیاحوں کا ہجوم ہے۔ جنجیرہ قلعہ کی سیر کو طلبہ پہلی  ترجیح دے رہے ہیں۔ سمندر میں تیراکی کے ساتھ ساتھ واٹر اسپورٹس اور گھوڑوں اور اونٹوںکی بھی سواری کی جارہی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK