Inquilab Logo

مہنگائی کیخلاف ریلی، ۲۲؍ ریاستوں میں کانگریس کی پریس کانفرنس

Updated: August 30, 2022, 10:07 AM IST | new Delhi

دہلی کے رام لیلا میدان میں ۴؍ ستمبر کو ’مہنگائی، پر ہلّا بول‘ کے نام سے ہونےوالی اس ریلی میں کانگریس کی عوام سے شرکت کی اپیل، ریلی کی کامیابی کے تئیں کانگریس پُر امید

lka Lamba, a key member of the Congress Central Spokesperson Committee, addressed a press conference in Uttarakhand
کانگریس کی مرکزی ترجمان کمیٹی کی اہم رکن الکا لامبا نے اتراکھنڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا

 ’بھارت جوڑو یاترا‘  کےآغاز اور اپنی پارٹی کیلئے صدر کے انتخاب سے قبل کانگریس پارٹی دہلی میں ۴؍ ستمبر کو ایک میگا ریلی کااہتمام کرنے والی ہے، جس کی تیاریاں ملک گیر سطح پر ہورہی ہیں۔ پیر کو اس حوال سے کانگریس نے ۲۲؍ ریاستوں میں پریس کانفرنس کاانعقاد کیا اور عوام سے اس ریلی میں شریک ہونے کی اپیل کی۔ کانگریس نے دعویٰ کیا کہ اس ریلی سے متعلق پورے ملک میں جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ 
 کانگریس  نے ریلی سےمتعلق جانکاری فراہم کرتے  ہوئے  مرکزی پریس کانفرنس میںکہا کہ مختلف ریاستوں میںہونے والی ان پریس کانفرنسوں کے ذریعہ پارٹی مہنگائی کے خلاف عوام میں بیداری پیدا کرے گی اور انہیں اس عظیم ریلی میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔   انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دہلی ریاستی دفتر میں پارٹی کے قومی ترجمان گورو بلو، دہرادون میں الکا لامبا، گوہاٹی میں مہیلا کانگریس کی سربراہ نیتا ڈیسوزا ، لکھنؤ میں سپریہ شرینیٹ ، کولکاتا میں ڈاکٹر اجے کمار ، جے پور میں جیتو پٹواری، ممبئی میں پون کھیڑا، پٹنہ  میں اکھلیش پرتاپ سنگھ، شملہ میں ابھے دوبے، رائے پور میں راگنی نائک کے ساتھ ہی ملک کی مختلف ریاستوںکی راجدھانیوں میں کانگریس کے مرکزی ترجمان پریس کانفرنسوں سے کریں گے۔
  کا نگریس کا کہنا ہے کہ اس دوران مختلف ریاستوں سے مہنگائی کے خلاف اس مجوزہ ریلی میں بڑے پیمانے پر عوامی اور پارٹی کارکنان کے شریک ہونے کی   اطلاعات مل رہی ہیں۔  راجستھان سے کانگریس کے ذمہ داران نے دعویٰ کیا کہ ان کی ریاست سے کم ازکم ۵۰؍ ہزار افراد مذکورہ میگا ریلی میں شریک ہوںگے۔ راجستھان کانگریس کے سربراہ گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے  میڈیا سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ اس ریلی میں عوامی شریک کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل ملاقاتیں کی جارہی ہیں اور عوامی رابطہ قائم کیا جا رہا ہے۔ پارٹی لیڈروں کو اس بات کی  ذمہ داری دی گئی ہے اس میگا ریلی  میں راجستھان سے۵۰؍ ہزار سے زائد افراد کی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے خلاف پورے ملک میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔
 اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی سینئر لیڈر اور ترجمان سپریا شرینیت نے اترپردیش کے عوام سے۴؍ ستمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں’مہنگائی پر ہلا بول‘ ریلی میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس عوام مخالف حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کیلئے    آپ تمام کو سڑکوں پر اُترنا ہوگا۔ انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کیلئے مودی حکومت کی غلط معاشی پالیسیاں ذمہ دار ہیں۔ پیٹرول، ڈیزل اوررسوئی گیس سے لے کر دہی، لسی اور آٹے، چاول جیسی ضروری اشیاء تک پر ضرورت سے زیادہ ٹیکس لگا کر مہنگائی کو فروغ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لگاتار مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلے کو اٹھاتی رہی ہے اور اسی سلسلے میں گزشتہ ۵؍ اگست کو دہلی میںمظاہرہ کرنے کی وجہ سے راہل گاندھی سمیت ۶۰؍سے زیادہ اراکین پارلیمنٹ اور دیگر سینئر لیڈران کو پولیس نے سارا دن اپنی حراست میں رکھا تھا۔ اس موقع پر پرینکا گاندھی کے ساتھ زور زبردستی بھی کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ۴؍ ستمبر کو ایک بار پھر دہلی رام لیلا میدان میں’مہنگائی، پر ہلا بول‘ریلی منعقد کررہی ہے جس میں ملک کے الگ الگ حصوں سے کثیر تعداد میں لوگ شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے کہ ملک میں ۴۵؍ برسوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ اس دوران جہاں آمدنی کم ہورہی ہے، وہیں ملک کو مہنگائی کے نیچے روندا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ۸؍ برسوں میں مودی حکومت کا ریکارڈ اس سچائی کو اجاگر کرتا ہے۔
 ہریانہ میں بھی ریلی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس درمیان ۵؍لوک سبھا حلقوں انبالہ، کرنال، کروکشیتر، حصار اور سرسا کے لیڈران ریلی کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے پیر کو ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ اس موقع پر لیڈران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے دوچار ہیں، اوپر سے اگنی پتھ جیسی اسکیم کو نافذ کرکے حکومت نے نوجوانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ عوام کو اس بات سے آگاہ کیا جائے کہ ان کے غصے کے اظہار کیلئے دہلی میں کانگریس ایک بڑا پلیٹ فارم مہیا کررہی ہے، جہاں پہنچ کر حکومت کے خلاف وہ اپنی ناراضگی کااظہار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر یہ اپیل کی جانی چاہئے  کہ رام لیلا میدان میں ریلی کا اہتمام انہی کیلئے کیا جارہا ہے۔ 
  خیال رہے کہ کانگریس کی اس سے راہل گاندھی بھی خطاب کریں گے جس میں اپوزیشن کی دیگر ہم خیال جماعتوں کی بھی شرکت کی امید کی جارہی ہے۔  

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK