Inquilab Logo

راویرقتل کیس : وزیر داخلہ انل دیشمکھ کا بورکھیڑا کا دورہ ،۵؍ملزم گرفتار

Updated: October 18, 2020, 8:40 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

انل دیشمکھ نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ، مقدمہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلانے کی یقین دہانی،بہیمانہ قتل سے علاقہ میں سنسنی

Anil Deshmukh - Pic : Inquilab
ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ متاثرہ خاندان سے ملاقات کے دوران۔ (تصویر: انقلاب

: راویر سے قریب واقعہ بورکھیڑا میں گزشتہ دنوں ۴؍ بھائی بہنوں کا سنسنی خیز قتل کردیا گیا تھا  جس کے بعد سے علاقے میں سنسنی پھیلی ہوئی ہے۔ اس معاملے نے ریاستی اہمیت  اختیار کرلی ہے جس کی وجہ سے ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ کو یہاں کا دورہ کرنا پڑا۔ انہوںنے یہاں متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور ان کی ڈھارس بندھائی ۔ اسی دوران پولیس نے برق رفتار کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں ۵؍ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے جمعہ کی دیر  رات  پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا اور ان میں سے تین افراد نے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔ اسی دوران چاروں بہن بھائیوں میںسے ۱۲؍ سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی بات بھی سامنے آئی ہے ۔ سنیچر کو  چاروں متوفی بہن بھائیوں کی آدیواسی رسم و رواج کے مطابق تدفین کردی گئی ۔  
 اس دوران ریاستی وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے جائے وقوع کا دورہ کیا اورمتاثرہ اہل خانہ سے ملاقات کی اور ریاستی حکومت کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی ڈھارس بندھائی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ دیشمکھ نے کہا کہ وہ انسانیت کی بدنامی کا باعث بننے والے اس معاملے کی مذمت کرتے ہیں ۔ ریاستی حکومت خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی اور متاثرین کو جلد انصاف دلانے کیلئے اس مقدمہ کو فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلائی گئی۔ اس کے ساتھ ایڈوکیٹ اجول نکم کو خصوصی سرکاری وکیل بھی مقرر کیا جائے گا۔
 ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق قتل والی رات گھر میں چاروں بہن بھائی ہی موجود تھے۔ ان کی والدین اور بڑا بھائی سنجے اپنے آبائی وطن مدھیہ پردیش  گئے ہوئے تھے ۔ سنجے نے  اپنے  ایک دوست کو فون کرکے چھوٹے بہن بھائیوں کی حفاظت اور دیکھا بھال کرنےکو کہا تھا لیکن اسے اس کے   دوستوں نے ہی دھوکا دے دیا۔ ان دوستوں نے  پہلے خوب شراب پی اور پھر ۱۲؍ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی اور پھر چاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پانچوں گرفتار شدگان میں سے ایک نابالغ ہے۔ اس واردات کی جانچ کیلئے ناسک زون کے آئی جی دیگائوکر کی ہدایت کے مطابق ضلع ایس پی ڈاکٹر پروین منڈے نے تین دستے تشکیل دیئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK