• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’کسی کا باپ بھی اس اسکیم کے پیسے واپس نہیں لے سکتا ‘‘ روی رانا کے متنازع بیان پر ہنگامہ

Updated: August 14, 2024, 10:58 AM IST | Mumbai

اپوزیشن کے ساتھ برسراقتدار طبقے کی جانب سے بھی مذمت، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو خود جارحانہ بیان دینا پڑا، سنجے رائوت نے کہا ’’ واضح ہو گیا کہ اسکیم ووٹوں کیلئے لائی گئی ہے‘‘

Another controversial statement of Ravi Rana, who is used to controversial statements (file photo)
متنازع بیانات کے عادی روی رانا کا ایک اور متنازع بیان( فائل فوٹو)

بی جے پی رکن اسمبلی روی رانا نے ایک  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکیم کیلئے اہل خواتین کو یہ کہہ کر دھمکایا تھا کہ اگر انہوں نے آشیرواد (ووٹ) نہیں دیا تو ان کے اکائونٹ سے پیسے واپس نکال لئے جائیں گے۔ اس پر حزب اختلات کے علاوہ برسراقتدار طبقے میں بھی ناراضگی ہے۔ اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے پیر ہی کو روی رانا پر تنقید کی تھی اب سپریہ سلے اور دیگر لیڈران نے بھی روی رانا کو نشانہ بنایا ہے جبکہ شیوسینا ( شندے) لیڈر گلاب رائو پاٹل نے بھی اس بیان پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے رانا کو اس طرح کے بیانات نہ دینے کی نصیحت کی ہے۔  سب سے اہم بات یہ ہے خود نائب وزیر اعلیٰ  نے جارحانہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے ’’ کسی کا باپ اس اسکیم کے پیسے واپس نہیں لے سکتا۔‘‘ 
  این سی پی رکن پارلیمان سپریہ سلے نے  ایک جلسے کے دوران روی رانا کا آڈیو سناتے ہوئے کہا ’’ دیکھئے اقتدار میں بیٹھا یہ بھائی کیا کہہ رہا ہے۔ یہ کہہ رہا ہے کہ اگر اسے ووٹ نہ دیا گیا تو یہ بہنوں کے اکائونٹ میں ڈالا گیا پیسہ نکال لے گا۔ ‘‘ سپریہ سلے نے کہا’’  تو پیسے واپس لے کر دکھا۔  پھر دیکھ تیرا کیا پروگرام کیا جاتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’  مہاراشٹر جیسی مہذب ریاست میں انتہائی غلیظ سیاست جاری ہے۔ اس غلیظ سیاست کو اب ختم کرنا ہوگا، ہمیں اس حکومت کو بدلنا ہوگا۔‘‘شیوسینا ترجمان سنجے رائوت  کا کہنا ہے کہ روی رانا کے بیان کا مطلب یہ ہے کہ حکومت نے یہ اسکیم خواتین کیلئے نہیں جاری کی ہے بلکہ ووٹ خریدنے کیلئے جاری کی ہے۔  ابھی یہ پیسے خواتین کے اکائونٹ میں آئے بھی نہیں ہیں پھر یہ پیسے  واپس نکالنے والے کون ہیں؟ رائوت نے طنز کیا کہ ’’ روی رانا کی اہلیہ (نونیت رانا) لوک سبھا الیکشن ہا ر گئی ہیں اس کی وجہ سے روی رانا کے دماغ پر اثر ہو گیا ہے۔ اسکی جانچ کروانی چاہئے۔ ویسے اس بار وہ بھی الیکشن ہارنے والے ہیں۔‘‘ ریاستی وزیر اور شیوسینا (شندے) لیڈر گلاب رائو پاٹل نے روی رانا کے اس بیان کو غلط بھی بتایا ہے اور  ایسا بیان نہ دینے کی نصیحت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ یہ حکومت کی نافذ کر دہ اسکیم ہے۔ اس کے تعلق سے دیا گیا یہ بیان بالکل ہی غلط ہے۔ اگر یہ بات مذاق میں کہی گئی ہو تب بھی میں کہنا چاہوں گا کہ مذاق میں بھی اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے۔‘‘  
 دیویندر فرنویس کے جارحانہ تیور
  روی رانا کے بیان پر مہایوتی میں سخت ناراضگی ہے۔ منگل کو امراوتی  میں مہایوتی کی رابطہ میٹنگ بلائی گئی تھی لیکن اس میں روی رانا کو مدعو نہیں کیا گیا۔ حالانکہ میٹنگ میں بچو کڑو بھی حاضر تھے جو ان دنوں لگاتار مہایوتی کے خلاف بیان دے رہے ہیں۔ جلگائوں میں لاڈلی بہن اسکیم کی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے دیویندر فرنویس نے کہا  ’’  لاڈلی بہن کے پیسے واپس لینے کی بات کرنے والے پاگلوں بھائو بیج دینےکے بعد واپس نہیں لی جاتی۔ کسی کا باپ بھی اس اسکیم کے پیسے واپس نہیں لے سکتا۔‘‘  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK