Inquilab Logo

ضوابط کی خلاف ورزی پر ۹؍کوآپریٹیو بینکوں کےخلاف آر بی آئی کاکارروائی کا اعلان

Updated: November 17, 2022, 1:19 PM IST | Agency | New Delhi

الگ الگ بینکنگ اصولوں کی خلاف ورزی معاملے میں ان کوآپریٹیو بینکوں پر تقریباً۱۲؍ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے

The central bank`s stance is tight .Picture:INN
مرکزی بینک کے تیور سخت ۔ تصویر:آئی این این

کوآپریٹیو بینکوں کے ذریعہ اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر آر بی آئی لگاتار سخت اقدام کر رہی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک بار پھر آر بی آئی نے اصولوں کو نظر اندازکئے جانے کی پاداش میں۹؍کوآپریٹیو بینکوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے اپنی ویب سائٹ پر جو جانکاری مہیا کی ہے اس کے مطابق الگ الگ بینکنگ اصولوں کی خلاف ورزی معاملے میں ان کوآپریٹیو بینکوں پر تقریباً۱۲؍ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آر بی آئی کی ویب سائٹ پر موجود جانکاری کے مطابق جن بینکوں پر پنالٹی  لگائی گئی ہے ان میں برہامپور کوآپریٹیو ستی بینک، عثمان آباد عوامی کوآپریٹیو بینک، سنترام پور اَربن کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ، ضلع کوآپریٹیو سینٹرل بینک، جمشیدپور سٹی کوآپریٹیو بینک، رینوکا پبلک کوآپریٹیو بینک، کرشنا مرکنٹائل کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ کے علاوہ کیندرپاڑا اَربن کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ، نوانگر کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ کے نام شامل ہیں۔  مذکورہ بالا کوآپریٹیو بینکوں پر۲۵؍ ہزار روپے سے لے کر۳؍ لاکھ روپے تک کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔ آر بی آئی کے ذریعہ جاری کردہ پریس ریلیزکے مطابق برہامپور کوآپریٹیو سٹی بینک (ادیشہ) پر ۳ء۱۰؍ لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا گیا ہے، جب کہ مہاراشٹر کے عثمان آباد عوامی کوآپریٹیو بینک پر۲ء۵؍ لاکھ روپے، گجرات کے سنترام پور اَربن کوآپریٹیو بینک پر۲؍ لاکھ کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔ بینکنگ ایکٹس کو نظر انداز کرنے کے سبب مدھیہ پردیش کے ضلع کوآپریٹیو بینک پرایک لاکھ روپے اور جھارکھنڈ کے جمشیدپور شہری کوآپریٹیو بینک پر بھی  ایک لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ کے رینوکا کوآپریٹیو بینک پر بھی ایک لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مدھیہ پردیش کے کرشنا مرکنٹائل کوآپریٹیوبینک اور ادیشہ کے کیندرپاڑا اَربن کوآپریٹیو بینک پر۵۰۔۵۰؍ہزار روپے جبکہ گجرات کے نوانگر کوآپریٹیو بینک پر۲۵؍ ہزار روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔ آر بی آئی کا کہنا ہے کہ بینک کے ذریعہ ریگولیٹری پر عمل کرنے میں ہوئی خامیوں کے سبب ان پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ حالانکہ آر بی آئی نے واضح کر دیا ہے کہ بینکوں پر عائد کردہ اس جرمانے سے گاہکوں پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ یعنی آر بی آئی کی اس کارروائی سے ان بینکوں کے اکاؤنٹ ہولڈرس کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بینکوں اور گاہکوں کے درمیان جاری لین دین پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK