Inquilab Logo

ہرمسئلے پر نتیجہ خیز بحث کیلئے تیار،حکومت کی یقین دہانی

Updated: July 19, 2021, 12:23 PM IST | Agency | New Delhi

آل پارٹی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نےکہا کہ حکومت اپوزیشن کے ہر مسئلے پر معنی خیز اور صحتمند بحث کے لیے تیار ہے بشرطیکہ وہ پر امن طریقےسے پارلیمانی روایت اور ضابطوں کے مطابق ہو ،وزیر اعظم نے ایک کارآمد اجلاس کی خواہش کا اظہار کیا

Prime Minister Modi and other leaders before the start of the all-party meeting..Picture:INN
وزیراعظم مودی اوردیگر لیڈران آل پارٹی میٹنگ کے آغاز سے قبل ۔تصویر :پی ٹی آئی

پارلیمنٹ کے مانسوسن سیشن  سےقبل  اتوار کے روز یہاں ہوئی  آل پارٹی میٹنگ میں حکومت نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اپوزیشن کے ہر مسئلے پر معنی خیز اور صحتمند بحث کے لیے تیار ہے بشرطیکہ وہ پر امن ڈھنگ سے پارلیمانی روایت اور ضابطوں کے مطابق ہو۔ پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی میں ڈھائی گھنٹے سے زیادہ وقت تک چلی اس میٹنگ میں وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں یہ یقین دہانی کروائی۔  میٹنگ کے بعد ، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے صحافیوں کو بتایا کہ مانسون اجلاس کے پیش نظر پارٹی کے۴۰؍ سے زیادہ  لیڈروں نے کل جماعتی اجلاس میں شرکت کی اور تجاویز پیش کیں کہ کن  موضوعات پر بحث ہونی چاہئے۔ آخر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعظم مودی نے کہا کہ عوامی نمائندوں بالخصوص حزب اختلاف کے اراکین پارلیمنٹ کی تجاویز اہم ہیں کیونکہ وہ زمین سے آتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان تجاویز کو بحث میں شامل کرنے سے بحث کو تقویت ملتی ہے۔پرہلاد جوشی نے کہا کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ بامقصد اور صحت مندبحث ہو۔ بحث پرامن اور قواعد کے تحت ہونی چاہئے۔ جمہوریت کی روایت کو ملحوظ رکھتے ہوئے اراکین مسائل کو اٹھانا چاہتے ہیں ، حکومت قواعد و ضوابط کے ذریعے ہر ایک مسئلہ پر بحث کرنے کے لیے تیار ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا جو کووڈ۱۹؍کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ بحث سے متعلق امور پر تجاویز دیں اور ان پر فیصلہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں کیا جائے گا۔
 میٹنگ کے بعد وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ’’پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل ابھی آل پارٹی میٹنگ میں شرکت کی ۔ ہم ایک کارآمد اجلاس چاہتے ہیںجس میںتمام موضوعات زیر بحث لائے جا سکیںاور ان پر تعمیری بحث ہو۔ ‘‘ وزیر اعظم مودی نے کورونا ویکسین  کے بار ے میںبتایا کہ تمام اراکین پارلیمنٹ کورونا کا ویکسین لگایاجاچکا ہے ،جس سے ایوان میںبحث کیلئے  پُراعتماد ماحول قائم رہے گا ۔  کل جماعتی اجلاس میں اپوزیشن کے امور کے بارے میں سابق مرکزی وزیر اورشرومنی اکالی دل کی لیڈر ہرسمرت کور بادل ، راشٹریہ لوک تانترک پارٹی کے لیڈرہنومان بینیوال نے کہا کہ انہوں نے کسانوں کے احتجاج کے مسئلے کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جو۱۱؍ ماہ سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں۵۰۰؍ سے زائد کسانوں نے قربانی دی ہے۔ بینیوال نے کہا کہ ہم نے حکومت کے لیڈروں  سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کے بارے میں بڑے دل سے بات کریں اور تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کریں۔ حکومت کو چاہئے کہ اس مسئلے پر ایک الگ وقت طے کرکے بات کرے۔اس تجویز پر حکومت کی جانب سے ردعمل کے بارے میں پوچھے جانے پر بینیوال نے کہا کہ حکومت نے کوئی یقین دہانی نہیں کروائی اور کسانوں کا نام تک نہیں لیا۔
 کل جماعتی اجلاس میں شریک عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے بجلی ترمیمی بل۲۰۲۱ء  متعارف کرانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل کسانوں کے ساتھ ایک دھوکہ ہے۔ حکومت نے کسانوں سے یہ بل نہ لانے کا وعدہ کیا تھا۔ اس کے ذریعے حکومت پورے ملک کی نجی کمپنیوں کو بجلی دے کر قیمت مہنگی کرنا چاہتی ہے۔کل جماعتی اجلاس کے اختتام کے بعد ، اپوزیشن کے تمام قائدین کھڑگے ، شرد پوار ، ڈیریک او برائن ،  سودیپ بندوپادھیائے،  تروچی شیوا ،  بھگونت مان ، پروفیسر رام گوپال یادو وغیرہ تقریباً ۲۰؍لیڈر شامل تھے۔
’’کسانوں  کے مسئلے پر ’کام روکو تجویز‘ لائیں گے‘‘
 پنجاب سے کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ کسانوں کے مسئلے پر پارلیمنٹ میں ’کام روکو تجویز‘ لائیں گے۔ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن سے پہلے یہاں کانگریس رکن پارلیمنٹ پرتاپ سنگھ باجوا کے گھر پر کانگریس پارٹی کے پنجاب سےتعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کی ایک میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے بعد پارٹی کے سینئرلیڈر اور آنندپور صاحب سے رکن پارلیمنٹ منیش تیوار ی نے بتایا کہ پیر سے شروع ہونے والے مانسون اجلاس کے دوران کسانوں کا مسئلہ اٹھایا جائے گا۔ اس مسئلے پر ’کام روکو تجویز‘ لانے پر میٹنگ میں اتفاق ہوا۔ منیش تیوار ی نے بتایا کہ پنجاب میں کووِڈ کے ٹیکے کی کمی کے بارے میں میٹنگ میں بحث ہوئی۔ یہ طے کیا گیا کہ اس مسئلے کو بھی مانسون سیشن کے دوران زور شور اٹھایا جائے گا۔ 
 بحث کے لئے سب کو کافی مواقع اور وقت دیں گے: برلا
  لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بھی یقین دلایا کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں  وہ قواعد کے تحت حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے مابین اتفاق رائے سے متعلق کسی بھی معاملے پر بات کرنے کے لئے  اراکین کو کافی مواقع اور وقت دیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK