Inquilab Logo

قدیم ممبرا جامع مسجد کی ازسرنوتعمیر کا کام جاری

Updated: October 09, 2021, 8:07 AM IST | Mumbai

اناسي ؍ سال پرانی یہ مسجدکافی خستہ ہوگئی تھی ۔ نئی عمارت کے خاکے والا بینرمسجد کے باہرآویزاں

Mumbra Jama Masjid which is under construction while the outline of the new building is visible outside. Picture:Inquilab
ممبرا جامع مسجد جس کا تعمیراتی کام جاری ہے جبکہ باہر نئی عمارت کا خاکہ نظر آرہا ہے۔(تصویر: انقلاب)

یہاں ریلوے اسٹیشن کے سامنے واقع ۷۹؍ سال  پرانی ممبرا جامع مسجد کی عمارت کافی خستہ ہوگئی تھی جس کے سبب اسے از سر نو تعمیر کیا جارہا  ہے ۔مسجد کے مینار جو  دور سے نظر آتے ہیں  اور  بالائی منزل  سے تعمیراتی کام شروع کیا گیاہے ۔ مسجد کے باہر نئی عمارت کے خاکے والا بینر بھی آویزاں کیا گیا ہے۔ انہدامی کارروائی کے سبب مسجد میں نماز  ادا  نہیں کی جارہی ہے بلکہ رضوی کمپاؤنڈ کے آفس میں نماز کا عارضی نظم کیا گیا ہےجہاں پانچوں وقت کی نماز با جماعت ادا کی جارہی ہے اور مسجد کے قریب ہی نمازیوں کے وضوکا عارضی نظم کیا گیا ہے۔
 نئی عمارت۴؍منزلہ ہوگی اور اسی اعتبار سے نمازیوں کی گنجائش میں موجودہ گنجائش سے دوگنا سے زیادہ  اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
 اس سلسلے میں جامع مسجد ٹرسٹیوں میں شامل سلیم سید سے رابطہ قائم کرنے پر انہوںنے بتایا کہ’’ ممبرا سنی جامع مسجد ۱۹۴۲ ء میں قائم کی گئی تھی البتہ موجودہ عمارت ۱۹۸۱ء میں تعمیر کی گئی تھی۔ مسجد کی عمارت ۴۰؍ سال پرانی ہونے کے سب خستہ  ہو گئی ہے اور گزشتہ دنوں حوض کے اوپر سلیب کا حصہ بھی منہدم ہو گیا تھا لہٰذامسجد کی عمارت مخدوش  ہونے کے سبب ٹرسٹیوں کے مشوروں میں یہ طے پایا گیا ہے کہ پوری عمارت شہید کر کے از سر نو تعمیر کی جائے اور اسی منصوبے کے تحت مسجد کو شہید کرنے کا کام شروع کر دیا گیاجو تقریباً ڈیڑھ ماہ میں مکمل کیا جائےگا او راس کے بعد مسجد کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام شروع ہوگا۔‘‘
نئی مسجد کیسی ہوگی؟
 ممبرا جامع مسجد فی الحال گراؤنڈ، پہلا منزلہ اور ٹیرس پر مشتمل ہے۔ نئی عمارت گراؤنڈ، ۴؍ منزلہ اور ٹیرس پر مشتمل ہوگی۔نئی عمارت میں بھی گراؤنڈ فلور پر حوض ہوگا۔نئی عمارت میں ہر منزلے پر وضو خانہ اور استنجا خانہ ہوگا۔معذوروں کیلئے بھی بیت الخلاء  ہوگا۔فی الحال ۱۵۰۰؍ نمازیوں کی گنجائش ہے جس کے سبب جمعہ میں ۲؍ جماعتیں اور عیدین میں ۴؍ تا ۵؍جماعتیں کرنی پڑتی ہیں جبکہ نئی عمارت میں کم از کم ۳؍ ہزار نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK