Inquilab Logo

ریلائنس انڈسٹریز کے وارے نیارے،ریٹیل میں بھی سرمایہ کاری کا آغاز

Updated: September 10, 2020, 1:03 PM IST | Agency | Mumbai

ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی سلور لیک نےساڑھے ۷؍ ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا

Reliance Industry. Picture:INN
ریلائنس انڈسٹریز ۔ تصویر: آئی این این

ایشیاء کی سب سے امیر کمپنیوں میں سے ایک ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ(آر آئی ایل) کے مالک مکیش امبانی کے ان دنوں وارے نیارے ہورہے ہیں کیوں کہ جیو پلیٹ فارم کے بعد اب  ان کےگروپ کی خوردہ کاروباری کمپنی  ریلائنس ریٹیل وینچرس لمیٹیڈ(آر آر وی ایل) میں سرمایہ کاری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس سلسلے میں بدھ کو دنیا کے ٹیکنالوجی شعبہ میں معروف سرمایہ کار کمپنی سلور لیک نے ساڑھے سات ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ملک کے خوردہ کاروبار میں تین دہائی سے زیادہ وقت سے قائم فیوچر گروپ کو۲۴؍ ہزار کروڑ روپے میں  حال ہی میں خریدنے والی  ریلائنس  انڈسٹریز  میں سلور لیک کی سرمایہ کاری ’پری منی‘ ایکویٹی قیمت۴ء۲۱؍ لاکھ کروڑ روپے کے جائزہ پر ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ سلور لیک اس سے پہلے جیو پلیٹ فارم میں۱ء۳۵؍ارب ڈالر(تقریباً ۱۰؍ ہزار ۲۰۰؍ کروڑ روپے )  کی سرمایہ کاری کرچکی ہے۔ سلور لیک دنیا میں ٹیکنالوجی کے شعبہ کے سب سے بڑے سرمایہ کار کمپنی میں شمار ہو تی ہے اور اس کا ریلائنس ریٹیل میں سرمایہ کاری کرنا اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ آر آر وی ایل کا ہندوستانی خوردہ کا کل تخمینہ نو لاکھ کروڑ روپے کو پار کرگیا ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں پھیلے ریلائنس ریٹیل کے۱۲؍ ہزار سے زیادہ اسٹورس میں قریب ۶۴؍ کروڑ خریدار ہر سال آتے ہیں۔مکیش امبانی نے اس نیٹ ورک سے تین کروڑ کرانہ اسٹورس اور ۱۲؍ کروڑ کسانون کو جوڑنے کا ہدف رکھا ہے ۔کمپنی نے حال ہی میں جیو اسمارٹ کو بھی لانچ کیا ہے جو گروسری کے شعبہ کا آن لائن اسٹور ہے۔ واضح رہے کہ جیومارٹ پر ہر دن قریب چار لاکھ آرڈر بک ہورہے ہیں۔آر آر وی ایل میں سلور لیک سودے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آر آئی ایل چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے کہاکہ ’’ہمیں خوشی ہے کہ لاکھوں چھوٹے کاروباریوں کے ساتھ ساجھے داری کرنے کی ہماری تبدیلی کی سوچ سے سلور لیک اپنی سرمایہ کاری کے ذریعہ سے جڑا ہے ۔ ہندوستانی خوردہ شعبہ میں ہندوستانی صارفین کو قیمت پر مبنی خدمات ملے ، یہی ہماری کوشش ہے ۔ ہمارا خیال ہے کہ ٹیکنالوجی خوردہ شعبہ میں ضروری تبدیلی لانے میں اہم ثابت ہوگی اور ریٹیل ایکو سسٹم سے جڑے سبھی اجزاءایک بہتر ترقی کے پلیٹ فارمس کی تعمیر کریں گے۔ ہندوستانی خوردہ کے شعبہ میں ہمارے نظریے کو آگے بڑھانے میں سلور لیک اہم حصہ دار ہوگی۔‘‘ سرمایہ کاری پر تبصرہ کرتے ہوئے ،سلور لیک کے اسسٹنٹ چیف ایگزیکٹیوآفیسر دار ایگان ڈربن نے کہاکہ’’مکیش امبانی اور ریلائنس کی ٹیم نے اپنی کوششوں سے خوردہ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں لیڈرشپ حاصل کی ہے ۔اتنے کم وقت میں جیومارٹ کی کامیابی،خصوصاً تب جب ہندوستان باقی دنیا کے ساتھ  کووڈ۱۹؍ کی وبا سے جوجھ رہا ہے،حقیقت میں بے مثال ہے۔‘‘اس سے پہلےجیو پلیٹ فارم میں کورونا کے اس چیلنج بھرے وقت میں فیس بک اور گوگل سمیت۱۳؍ سرمایہ کاروں نے۱۴؍ سرمایہ کاری تجاویز کے ذریعہ ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK