Inquilab Logo

آج ریلائنس کی سالانہ جنرل میٹنگ ، مکیش امبانی پر نظریں

Updated: July 15, 2020, 1:05 PM IST | Agency | New Delhi

شیئر ہولڈرس کو انتظار ہے کہ مکیش امبانی فائیوجی خدمات ، جیو مارٹ اور آرامکو سے سمجھوتے کے بارے میں کیا انکشاف کرتے ہیں ،ملک و بیرون ملک کے ۵۰۰؍ مقامات سےایک لاکھ شیئر ہولڈرس اس میٹنگ میں آن لائن شرکت کریں گے ،ریلائنس جیو پلیٹ فارمس کو ملنے والی سرمایہ کاری سے امیدیں کافی بڑھ گئی ہیں

Mukesh Ambani - Pic : INN
مکیش امبانی ۔ تصویر : آئی این این

آج یعنی بدھ کو ریلائنس انڈسٹریز کی سالانہ جنرل میٹنگ ہے جس پر پورے ملک کے سرمایہ داروں سے لے کر سرمایہ کاروں اور تجارتی گھرانوں کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں کہ اس مرتبہ ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی کیا اعلانات کرتے ہیں۔ ریلائنس انڈسٹریز  کے ۴۳؍ویں سالانہ عام اجلاس (اے جی ایم) میں اس بار سب کی نظریں اس بات پر مرکوز رہیں گی کہ ایشیاء کے سب سے امیر شخص مکیش امبانی   اپنی کمپنیوں کے پلیٹ فارمس جیومارٹ، فائیو جی خدمات اور دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی سعودی آرامکو سے سمجھوتے سے متعلق کمپنی کے منصوبوں کے بارے میں کیا انکشاف کرتے ہیں۔ریلائنس کا سالانہ عام اجلاس  اس بار کورونا وائرس کی وجہ سے ورچوئل طورپر منعقد ہوگا جس میں ملک و  بیرون ملک کے ۵۰۰؍مقامات سے ایک لاکھ  شیئر ہولڈروں کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے شیئر ہولڈروں کے لئے ایک خصوصی چیٹ باٹ بھی لانچ کیا ہے۔
  یاد رہے کہ مکیش امبانی اکثر  سالانہ عام اجلاس (اے جی ایم) میں بڑے بڑے اعلانات کرتے رہے ہیں۔ اس بار لوگوں کو یہ انتظار  ہے کہ جب وہ بدھ کے روز دو بجے سرمایہ کاروں کے ساتھ آن لائن ہوں گے تو وہ کمپنی کو مزید  آگے لے جانے کے لئے کیا اعلان کرتے ہیں۔سرمایہ کاروں کی نگاہیں آرامکو سمجھوتے پر بھی ٹکی ہوئی  ہیں کیوں کہ اس سے ریلائنس انڈسٹریز کو کروڑوںروپے کا فائدہ ملنے کی امید ہے۔ گزشتہ اے جی ایم میں امبانی نے اعلان کیا تھا کہ آر آئی ایل نے سعودی آرمکو کے ساتھ مل کر  آئل ٹو کیمیکل ڈویژن میں مجوزہ سرمایہ کاری کے لئےلیٹر آف انٹریسٹ پر دستخط کئے ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ مکیش امبانی اپنے خطاب میں جیو فائبر اور  فیوچر گروپ میں حصہ داری خریدنے پر بھی گفتگو کرسکتے ہیں۔ اگر انہوں نے ان موضوعات پر لب کشائی کی تو  دنیا بھر کےمارکیٹس کے ساتھ ساتھ شیئر مارکیٹس میں بھی ہلچل مچ جائے گی۔ 
 اس وقت ریلائنس انڈسٹریز کے شیئرس مارکیٹ میں سرفہرست ہیں۔ اس کے ایک شیئر کی قیمت ۱۹۴۷؍ روپے سے زائد ہے ۔ ایسے میں مکیش امبانی کے اعلانات اگر مارکیٹ کے موافق نہیں رہے توان شیئرس میں گراوٹ بھی آسکتی ہے۔ ویسے اس بات کا امکان بہت کم ہے کیوں کہ مکیش امبانی کے اعلانات کی وجہ سے کمپنی کے شیئر چڑھتے ہیں اور سرمایہ کاروں کے وارے نیارے کروادیتے ہیں۔کمپنی نے حال ہی میں جیو پلیٹ فارمس کے ذریعے ۱ء۷۰؍ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری حاصل کرتے ہوئے اپنے گروپ کی کمپنیوں کو قرض سے آزادی دلائی ہے۔ ایسے میں ریلائنس سے امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK