Inquilab Logo

کانگریس کے احتسابی اجلاس میں پارٹی کا احیاء اہم ایجنڈا

Updated: May 13, 2022, 11:32 AM IST | Agency | Udaipur City in Rajasthan

؍۱۳؍ سے۱۵؍مئی تک منعقد ہونے والے `’نوسنکلپ چنتن شیویر‘ کا مقصد پارٹی کو تنظیمی چیلنجوں سے نمٹتے ہوئے مضبوط کرنا اور۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے تیار کرنا ہے،کیمپ میںسونیا گاندھی افتتاحی تقریر کریں گی ،راہل گاندھی سمیت ۷۵؍ لیڈران اُدے پور کیلئے روانہ

It is the responsibility of Sonia and Rahul Gandhi to ensure that this share is not just an acreage payment..Picture:INN
سونیا اور راہل گاندھی پر یہ یقینی بنانے کی ذمہ داری ہے کہ یہ شیویرصرف ایک رسم کی ادائیگی نہ ہو۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کا تین روزہ `چنتن شیویر(احتسابی اجلاس) راجستھان کے جھیلوں کے شہر ُادے پور میں آج سے شروع ہونے جا رہا ہے اور اس میں شرکت کے لئے راہل گاندھی سمیت متعدد لیڈران روانہ ہو رہے ہیں۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے۵؍ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے بعد اعلان کیا تھا کہ پارٹی جلد ہی اپنی کارکردگی پر سرجوڑ کر بیٹھنے کیلئے’ چنتن شیویر‘ کا اہتمام کرے گی۔۱۳؍ سے۱۵؍مئی تک منعقد ہونے والے اس `نوسنکلپ چنتن شیویر کا مقصد پارٹی کو تنظیمی چیلنجوں سے نمٹتے ہوئے مضبوط کرنا اور۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے تیار کرنا ہے۔اطلاعات کے مطابق، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سمیت تقریباً۷۵؍ لیڈر کیمپ میں حصہ لینےکیلئےجمعرات کی  رات ٹرین سے ادے پور روانہ ہوں گے۔ چنتن شیویر۱۳؍ مئی جمعہ کی سہ پہرشروع ہوگا۔  کیمپ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی افتتاحی تقریر پیش کریں گی۔ اس کے بعد پارٹی کی طرف سے طے شدہ۶؍ا ہم امور پر غور و خوض کیا جائے گا۔ ان مسائل میں سیاسی، تنظیمی، معاشی، سماجی انصاف اور بہبود، زراعت اور کسانوں اور نوجوانوں سے متعلق مسائل شامل ہوں گے۔ان تمام امور پر تینوں دن مکمل بحث کے بعد قراردادیں تیار کر کے منظور کی جائیں گی۔ آخری دن یعنی۱۵؍ مئی کو راہل گاندھی کیمپ سے خطاب کریں گے اور اسی دن کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہوگی جس میں  احتسابی اجلاس کے اعلامیہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔اس کیمپ میں پارٹی کے ایم پی، ایم ایل اے، ایم ایل سی، ریاستی کانگریس کمیٹیوں کے عہدیدار اور تقریباً۵۰؍ دیگر خصوصی مدعو لیڈران سمیت تقریباً۴۳۰؍ افراد شرکت کریں گے۔کیمپ کے دوران کانگریس صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں پارٹی لیڈروں کا ایک گروپ پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کرنے، تنظیم کے بنیادی ڈھانچے میں لائی جانے والی ممکنہ تبدیلیوں کی فہرست تیار کرنے، ادے پور اعلامیہ تیار کرنے اور مقررہ مدت کے اندر اسے نافذ کرنے کے ساتھ ہی۲۰۲۴ء  کے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کرنے کی حکمت عملی پر گہرائی سے  غور و خوض کرے گا۔ اس کیمپ کے دوران محض رسم کی ادائیگی کی بجائے پارٹی تنظیم میں بامعنی تبدیلی لانے پر زور دیا جائے گا اور ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔
 واضح رہے کہ چنتن بیٹھک سے پہلے دہلی میں منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں پارٹی صدر سونیا گاندھی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ’’چنتن شیویر محض ایک رسم کی ادائیگی نہیں ہوگی۔ اس موقع کو موجودہ غیر معمولی بحران پر غور کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’’چنتن شیویر میں ذہن سازی کے بعد ہم ایسے تمام چیلنجوں کا حل تلاش کریں گے جن کا تعلق نظریاتی، انتخابی اور تنظیمی انتظام سے ہے۔‘‘ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد پارٹی لیڈر جے رام رمیش نے کہا تھا کہ ادے پور چنتن شیویر کا انعقاد پارٹی کے انتخابی اعلامیہ کو تیار کرنے کیلئےنہیں کیا جا رہا ہے، بلکہ پارٹی کو مضبوط کرنے اور موجودہ سیاسی، اقتصادی اور سماجی چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔پارٹی نے کیمپ میں ذہن سازی اور غور و فکر کا ایجنڈا طے کرنے کیلئے۶؍کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ ان میں سیاسی، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات، اقتصادی، تنظیم، زراعت اور کسان اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا جیسے موضوعات شامل ہیں۔ پولیٹکل پینل کے کنوینر ملک ارجن کھرگے ہیں اور اس پینل میں غلام نبی آزاد، اشوک چوان، این اتم کمار ریڈی، ششی تھرور، گورو گوگوئی، پون کھیڑا، راگنی نائک اور ایس ایس اولاکا شامل ہیں۔وہیں، سلمان خورشید کو سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے پینل کا کنوینر بنایا گیا ہے۔ پینل میں میرا کمار، دگ وجے سنگھ، کماری سیلجا، سکھجندر سنگھ رندھاوا، نبام توکی، ناران بھائی راتوا، انٹو انٹونی اور کے راجو شامل ہیں۔اقتصادی پینل کے کنوینر پی چدمبرم ہیں اور اس پینل میں سدا رمیا، آنند شرما، سچن پائلٹ، منیش تیواری، راجیو گوڑا، پرنیتی شندے، گوروبلبھ اور سپریا سری نیت شامل ہیں۔تنظیم کے لیے بنائے گئے پینل کے کنوینر مکل واسنک ہیں اور اس میں اجے ماکن، طارق انور، رندیپ سنگھ سرجے والا، آر چینی تھلا، ادھیر رنجن چودھری، نیتا ڈیسوزا اور میناکشی نٹراجن شامل ہیں۔کسانوں اور زراعت کے شعبے کے پینل کی سربراہی بھوپندر سنگھ ہڈا کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK