Inquilab Logo

آر جے ڈی نے وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کو’ دھرت راشٹر‘ بتایا

Updated: March 23, 2021, 12:16 PM IST | Agency | Patna

پو سٹر میں نتیش کمار اور رینو دیوی کی آنکھوں پر کالی پٹی باندھی گئی ۔ بی جے پی نے آر جے ڈی کو کوروؤں کی فوج بتایا ، معافی کا مطالبہ

RJD Poster - Pic : Inquilab
پٹنہ میں  لگایا گیا آر جے ڈی کا پوسٹر ۔( تصویر: انقلاب

بہار میں آرجے ڈی  نے ایک بار پھر پوسٹر جنگ چھیڑی دی ہے ۔ پیر کو   ریاست کے مختلف حصوں میں لگائے گئے  آر جے ڈی کے پوسٹر میں نتیش اور رینو دیوی کو دھرت راشٹر بتایا ہے جس پر بی جےپی  نےآر جے ڈی کو کوروؤں کی فوج بتایااور اس  سے معافی مانگنے کامطالبہ کیا ہے۔   بہار کی اہم اپوزیشن  آرجے ڈی  نے آج ( منگل کو)  اسمبلی مارچ نکالنے سے قبل  پیر کو پوسٹر لگا کر ریاست کے قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت اور خاص طور پر وزیراعلیٰ نتیش کمار کو نشانہ بنایا۔’یواآرجے ڈی‘ کی جانب سے بے روزگاری ، مہنگائی ، نظم ونسق اور صحت کے سوال کے ساتھ ٹیچروں کےتقرر میں تاخیر کی وجہ سے آج ( منگل کو) اسمبلی گھیراؤ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اسی سے متعلق آرجے ڈی کی جانب سے دارالحکومت پٹنہ کے سبھی اہم چوراہوں پر بڑے  بڑے پوسٹر لگائے گئے ہیں۔ پوسٹر میں ریاست کی این ڈی اے حکومت  خاص طور پر وزیراعلیٰ نتیش کمار کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔
 پوسٹر میں بہار اسمبلی کا مین گیٹ دکھایا گیا ہے  جہاں وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ رینودیوی نظر آرہے ہیں۔ دونوں  ہی کی   آنکھوں پر کالی پٹی بندھی ہوئی ہے  جو اس  جانب اشارہ  ہے کہ حکومت عوام پر دھیان نہیں دیتی ہے ۔
 آرجے ڈی کے پوسٹر کے ذریعہ ریاست میں بڑھتے جرائم کے ساتھ ہی نئے زرعی قوانین سے متعلق بھی سوالات کھڑے کئے گئے ہیں۔  آج( منگل) کے اسمبلی گھیراؤ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی ہے ۔ پوسٹر میں اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو اور آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے ساتھ ہی  تمام سینئر لیڈروںکی تصویریں  ہیں۔
 دریں اثناءبی جے پی کے ریاستی ترجمان ڈاکٹرنکھل آنند نے اس پر اپنا سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آر جے ڈی کی پوری جماعت ’انٹلکچوئلی بینک کرپٹ‘ ہے ۔ یہ پوری کی پوری کوروؤں کی فوج ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح سے آرجے ڈی نے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ رینو دیوی  توہین آمیز پوسٹر لگائے ہیں ،  اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے ،کم ہے ۔
 ڈاکٹر آنند نے کہاکہ آرجے ڈی اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو کو ایسے پوسٹر کیلئے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ رینودی سے معافی مانگنی چاہئے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK