Inquilab Logo

روس میں ملازمین کو ایک ماہ کی چھٹی کے باوجود تنخواہ دینے کا اعلان

Updated: April 05, 2020, 5:50 AM IST | Agency | Moscow

ولادیمیر پوتن نے قوم کے نام خطاب کے دوران کورونا وائرس سے ۲؍ یا ۳؍ ماہ کے اندر نجات حاصل کر لینے کا دعویٰ کیا

Vladimir Putin - Pic : INN
ولادیمیر پوتن ۔ تصویر : آئی این این

روسی صدر ولادی میر پوتن نےکورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ملک بھر کے  تمام ملازمین کو اپریل کے مہینے میں چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے ۔لیکن صدر کے اعلان کے مطابق ان ملازمین  کو اپریل مہینے کی تنخواہ بھی ملے گی۔ سنیچر کو صدر پوتن نے ٹیلی ویژن پر ملک سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ’’ میں نے ملک بھر کے ملازمین کو اپریل کے مہینے کی تعطیل دینے کا  فیصلہ کیا ہے۔‘‘
  انہوں نے کہا ’’ ۲۸؍ مارچ سے ۳۰؍ اپریل تک   تمام ملازمین رخصت پر ہوں گے اور انہیں باقاعدہ اپریل کی تنخواہ دی جائے گی۔‘‘ روسی صدر نے کہا کہ روسی علاقوں کو ان اداروں کا تعین کرنا ہو گا جو اپنا کام جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ شہریوں کو ایک دوسرے سے دور رکھنے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔گزشتہ ہفتے ولادی میر پوتن نے کہا تھا کہ روس ۳؍ ماہ  سے بھی کم عرصے میںکورونا وائرس کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
  ان کا کہنا  تھا کہ’’ کچھ ممالک کہتے ہیں کہ (کورونا وائرس) کے خلاف جنگ بہت طویل ہوگی، لیکن مجھے امید ہے کہ روس دو سے تین ماہ کے اندر اس بحران سے نکل آئے گا۔ ‘‘ انہوں نے اپنے شہریوں کو یقین دلایا کہ’’ ہم یقینی طور پر اس بحران سے نکل جائیں گے۔ زیادہ سے زیادہ یہ بحران دو یا تین ماہ تک جاری رہے گا۔‘‘پوتن نے زور دے کر کہا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اٹھائے گئے قدم سخت اور موثر ہونے چاہئیں۔ اس سے اس وائرس سے تیزی سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
  واضح رہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتن نےکورونا کی وبا پر قابو پانے کے لئے امریکہ  کی مدد کی ہے اور طبی امدادی سامان پر مشتمل ایک طیارہ امریکہ روانہ کیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایک فوجی طیارہ بدھ کی صبح ماسکو سے امریکہ  روانہ ہوا۔روسی وزارت دفاع کے ذریعہ نشر کی جانے والی فوٹیج میں ماسکو کے چکالوسکی ہوائی اڈے پر ’ انٹولوف اے این۱۲۱؍‘ طیارے کے اندر طبی سامان دکھایا گیا۔ اس سے کچھ دن قبل  روسی صدر پوتن اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مابین ٹیلی فون پربات چیت ہوئی تھی۔ دونوں رہ نماؤں نےکورونا وائرس کی وباسے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔کریملن نے ایک بیان میں کہا کہ امدادی سامان  سے بھرا ہوا  طیارہ واشنگٹن کے مطالبے پر بھیجا گیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ ٹرمپ نے روس کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔
  واضح رہے کہ روس میں کورونا وائرس بہت دیر سے پہنچا۔ اس سے قبل یہ وبا چین سے نکل کر ایران، اٹلی ، اسپین اور امریکہ پہنچ چکی تھی۔ روس کو اس وقت امید تھی کہ اس کے وہاں یہ وبا نہیں پھیلے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK