Inquilab Logo

یوکرین کے یوم آزادی پر روسی حملہ،۲۵؍ شہری ہلاک

Updated: August 27, 2022, 12:30 PM IST | Agency | Kyiv

شدید گولہ باری کے دوران مشرقی یوکرین کے ریلوے اسٹیشن اور رہائشی علاقے پر روس کی جانب سے میزائل داغا گیا

A photo after the attack on the station in Ukraine .Picture:INN
یوکرین کے اسٹیشن پر کئے گئے حملے کے بعد کی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

یوکرینی دارالحکومت کیف کے حکام نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر شدید گولہ باری کے دوران مشرقی یوکرین کے ریلوے اسٹیشن اور رہائشی علاقے پر روس کی جانب سے فائر کیا گیا میزائل گرنے کے نتیجے میں۲۵؍ شہری ہلاک ہو گئے۔  یورپی یونین نے روس کی مہلک بمباری کی مذمت کی اور متنبہ کیا کہ روسی راکٹ دہشت گردی میں ملوث ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے اپنے ایک ٹویٹ  میں کہا کہ یورپی یونین روس کی جانب سے شہریوں پر ایک اور گھناؤنے حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ یوکرین کے صدر کے معاون نے بتایا کہ روسی حملے میں مرنے والے شہریوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ تعداد۲۲؍ تھی جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے مزید۳؍ لاشیں نکالی گئی ہیں۔  مقامی عہدیدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام پر موجود چینل پر بتایا کہ کیف کے شمال میں واقع علاقہ بھی راکٹ حملے کی زد میں آیا لیکن وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یوکرین کے اہم شہروں پر روس کے میزائل حملے صدر ولادیمیر زیلینسکی کی جانب سے آزادی کی ۳۱؍ ویں سالگرہ سے قبل روسی اشتعال انگیزی کے خطرے سے متعلق بیانات دئیے جانے کے بعد کئے  گئے ہیں ۔۲۴؍ اگست کو روسی افواج کے یوکرین پر حملے کو بھی ۶؍ ماہ مکمل ہوگئے، اس حملے سے جنگ عظیم دوم کے بعد یورپ کا سب سے تباہ کن تنازع ہوا تھا۔اس حملے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ٹویٹر پر کہاکہ  یوکرین میں شہریوں کی موجودگی میں ٹرین اسٹیشن پر روس کا میزائل حملہ مظالم کی بد ترین مثال ہے۔ ہم اپنے عالمی پارٹنرس کے ہمراہ یوکرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور روسی حکام سے جوابدہی کریں گے۔ روسی وزارت دفاع نے اس حملے پر فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔ ازبکستان میں خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر دفاع نے ماسکو کی اس مؤقف کو دُہرایا کہ اس نے جان بوجھ کر یوکرین میں اپنے خصوصی فوجی آپریشن کی رفتار کو سست کر دیا ہے تاکہ شہریوں کی ہلاکتوں سے بچا جا سکے۔
  وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کرائن جین پیئر نے کہا کہ روس کو جنوب مشرقی یوکرین میں واقع نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ارد گرد علاقے کو غیر فوجی زون قرار دینے پر اتفاق کرنا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK