سوشانت سنگھ خودکشی معاملے میں بالی ووڈ کے ڈرگس کنکشن معاملے میں این سی بی نے کچھ لوگوں کو گرفتار کرلیا اور بالی ووڈ کے کچھ لوگوں کی تفتیش ہورہی ہے۔
EPAPER
Updated: September 25, 2020, 11:33 AM IST | Agency | Mumbai
سوشانت سنگھ خودکشی معاملے میں بالی ووڈ کے ڈرگس کنکشن معاملے میں این سی بی نے کچھ لوگوں کو گرفتار کرلیا اور بالی ووڈ کے کچھ لوگوں کی تفتیش ہورہی ہے۔
سوشانت سنگھ خودکشی معاملے میں بالی ووڈ کے ڈرگس کنکشن معاملے میں این سی بی نے کچھ لوگوں کو گرفتار کرلیا اور بالی ووڈ کے کچھ لوگوں کی تفتیش ہورہی ہے۔ ایسے میں اس معاملے سے متعلق بی جے پی بالی ووڈسینڈل ووڈ گوا ڈرگس کنکشن کی تفتیش این سی بی کیوں نہیں کررہی ہے؟ کیا نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) اب ’نمو کنٹرول بیورو‘ ہوگیا ہے؟ یہ سخت سوال جمعرات کو یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کیا ہے۔نریندرمودی کے قریبی سمجھے جانے والے راکیش استھانا کی سربراہی والی این سی بی کی تفتیش پر مزید سوالات قائم کرتے ہوئے سچن ساونت نے کہا ہے کہ بی جے پی کا بالی ووڈ میں ڈرگس کنکشن، سینڈل ووڈ اورگوا معاملے سے این سی بی کو توجہ نہیں ہٹانے دیں گے۔ محض۵۹؍گرام گانجہ معاملے میں این سی بی نے اتنا بڑا ہنگامہ برپا رکھا ہے جبکہ اسی درمیان کرناٹک میں بی جے پی کا کارکن چندرکانت چوہان کو۱۲۰۰؍کلو گانجہ سمیت گرفتار کیا گیا، اس جانب این سی بی نے نظر اٹھاکر بھی نہیں دیکھا۔ کرناٹک میں ہی اداکارہ راگنی دویدی کو سینڈل ووڈ ڈرگ ریکٹ معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اداکارہ راگنی کرناٹک بی جے پی کی اسٹار پرچارک تھیں۔ اس معاملے میں ۱۲؍لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں آدتیہ الوا نامی شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو گجرات بی جے پی اسٹار پرچارک اداکار وویک اوبیرائے کا سگا سالا ہے اور وویک اوبیرائے مودی بایوپیک کے پروڈیوسر سندیپ سنگھ کے ساتھ ہی کوپروڈیوسر ہیں نیز مودی کا کردار وویک اوبیرائے نے ہی ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ وویک اوبیرائے سندیپ سنگھ کی کمپنی کا شراکت دار بھی ہے۔گجرات حکومت نے سندیپ سنگھ و وویک اوبیرائے کی کمپنی کے ساتھ۱۷۷؍کروڑ روپئے کا معاہدہ کیا تھا۔ اسی مودی بایوپیک کے پوسٹر ریلیز کے پروگرام میں اس وقت کے وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس نے خصوصی طور پرشرکت کی تھی۔ اسی سندیپ سنگھ نے بی جے پی کے دفتر میں ۵۳؍بار فون کیا تھا اورسندیپ سنگھ کو ماریشش میں ایک معاملے میں کس نے مدد کی تھی؟ اس کا ابھی تک انکشاف نہیں ہوا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آج تک اس اینگل کی تفتیش کیوں نہیں کی گئی؟این سی بی کو اس کا بھی جواب دینا چاہیے کہ ڈرگس کنکشن کی تفتیش کے دوران گورو آریہ کا شراکت دار کون ہے اورگوا اینگل اس تفتیش سے غائب کیوں ہے؟اس کے علاوہ این سی بی کے ڈرگس کنکشن کی تفتیش سے کنگنا راناوت بھی غائب ہوگئی ہے۔