Inquilab Logo

سچن وازے کی ساتھی ملزم این آئی اے کی گرفت میں

Updated: April 03, 2021, 2:29 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مین جارج کو ممبئی سے فرار ہوتے وقت ایئرپورٹ سے پکڑا گیا ، میراروڈ میں اس کے فلیٹ سے کئی اہم دستاویزات ضبط ، سازش میں سِم کارڈ استعمال کئے جانے، وازے اور اس خاتون کے ہوٹل میں ٹھہرنے کے بارے میں ہوٹل مالک سے بھی پوچھ تاچھ جاری، مرکزی تفتیشی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ، سچن وازےکی کالی کمائی کو سفید کرنےکاکام کرتی تھی

NIA officers raid clubhouse in Sony Building near Gargaon Chopati. Picture: Bipin Kokate
این آئی اے افسران گرگاؤں چوپاٹی کے قریب سونی بلڈنگ میں واقع کلب ہاؤس پر چھاپہ مارنے کے دوران ۔تصویر: بپن کوکاٹے

معروف صنعتکار مکیش امبانی کو  دھمکانے اور من سکھ ہیرین کے قتل کی سازش کے کلیدی ملزم  افسر سچن وازے کے خلاف تفتیش کے دوران این آئی اے نے اس کی ساتھی ملزم کو حراست میں لیا ہے ۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے جمعرات کو دیر رات تک جنوبی ممبئی اور مغربی مضافات میں کئے گئے سرچ آپریشن کے بعد ملزمہ کے  میرا روڈ کے فلیٹ سے کئی اہم دستاویزات ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے  اور اسے چھتر پتی شیواجی مہاراج  انٹر نیشنل ایئرپورٹ سےاس وقت حراست میںلیا جب وہ فرار ہونے کی کوشش کررہی تھی ۔
وازے کی کالی کمائی اور ملزمہ
 ملزمہ کا نام مینا جارج بتایا جارہا ہے ۔این آئی اے  کے دعوے کے مطابق   وہ  سچن وازے کے کالے پیسوں کو سفید کرنے کا کام کرتی ہے ۔ یہی نہیں سچن وازے جو مختلف تاجروں اورکئی ہوٹل  اور بار مالکوں سے رابطہ میں رہتا تھا ، ان سے ہفتہ وصولی کے ذریعہ حاصل کی گئی دولت کو انشورنس کمپنی میں انویسٹ کرکے خاتون کی مدد سے کالی کمائی کو سفید کرتا تھا۔  ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ملزم وازے نے مذکورہ   خاتون کے ساتھ مل کرغیر قانونی طریقہ سے کمائی گئی کتنی دولت کو قانونی طور پر اپنے یا اپنے اہل خانہ کے نام کیا ہے ۔
فرضی نام سے پانچ ستارہ ہوٹل میں کمرے کی بکنگ 
  این آئی اے نے مزید دعویٰ کیاکہ سچن وازے نے جنوبی ممبئی  کے پانچ ستارہ ہوٹل ٹرائڈینٹ میں سشانت سداشیو کھامکر کے فرضی آدھار کارڈ سےایک تاجر کی مدد سے کمرہ نمبر ۱۹۶۴؍ سو دن کے لئے۱۲؍ لاکھ روپے میں بک کروایا تھا اور فروری میں اس کمرہ کا باقاعدگی سے استعمال کرتا رہا تھا ۔ اس ہوٹل میں مینا جارج بھی آیا کرتی تھی ۔  مذکورہ   کمرے ایجنٹ کے ذریعے بک کیا گیا تھا۔ ہوٹل سے حاصل شدہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سچن وازے ہوٹل کے اس کمرے کو ۱۶؍ سے ۲۰؍ فروری کے درمیان روزانہ استعمال کرتا رہا تھا اور ہوٹل آنے کے لئے ضبط کی گئی دونوں مرسیڈیز کاریں استعمال کیا کرتا تھا ۔
تاجراور ایجنٹ کی تلاش 
  اس سلسلہ میں این آئی اے جمعہ کو بھی مسلسل اس خاتون سے پوچھ تاچھ کرتی رہی لیکن اب تک اسے  باقاعدہ گرفتار نہیں کیا ہے ۔ این آئی اے جنوبی ممبئی کے ایک کلب میں مارے گئے چھاپے کے دوران اس کے مالک دیوی سیٹھ جین سے بھی مکیش امبانی اور ان کے اہل خانہ کو دھمکانے اورمقتول من سکھ کے قتل اور دھماکہ خیز مادہ  رکھنے کیلئے استعمال کی گئی مہندرا اسکارپیو کو پارک کرنے کی سازش میں استعمال کئے گئے سِم کارڈ سے متعلق پوچھ تاچھ کررہی ہے  ساتھ ہی سچن وازے کیلئے  ہوٹل میں کمرہ بک کرنے والے تاجر اور ایجنٹ کو بھی تلاش کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK