Inquilab Logo

سہارنپور:وبائی امراض کیخلاف دیہی اور شہری علاقوں میں مہم

Updated: October 26, 2021, 10:47 AM IST | Inquilab News Network | Saharanpur

محکمۂ صحت نے جگہ جگہ ہیلتھ کیمپ لگائے ، اس دوران عوام کو بتایا گیا کہ وہ کیا کریں اور کیا نہ کریں ؟ اینٹی لاروا کا چھڑ کا ؤ کیا گیا ، دوائیں تقسیم کی گئیں ، چیک اپ کیا گیا ، افسران کو علاج میں کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت

Anti-larvae are being treated in Saharanpur city..Picture:INN
سہارنپور شہر میں اینٹی لا روا کا چھڑ کا ؤ کیاجارہا ہے۔ تصویر: آئی این این

 اتر پر دیش کے ضلع سہار نپور میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ اسی تحت محکمۂ صحت کی ٹیمیں عوام کو بتا رہی ہیں کہ وبائی امراض سے بچنے کیلئے کیا کیا احتیاطی تدابیر اختیار کریں؟
  مختلف دیہی اور شہری علاقوں میں بیداری مہم کے دوران بتایا گیا کہ  ڈ ینگو اور ملیریا سے بچاؤ کے لئے ٹھہرے ہوئے پانی کی جگہوں کو مٹی سے بھر دیں، اگر یہ ممکن نہ ہو تو اس میں مٹی کے تیل یا ڈیزل کے چند قطرے ڈال دیں۔ گھر کے ارد گرد گندگی اور کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیں۔ ٹھہرے پانی کو نالیوں یا گڑھوں میں جمع نہ ہونے دیں۔ ایسے کمرے میں مریض کی دیکھ بھال کریں جس کے دروازوں اور کھڑکیوں میں جالی لگی ہو۔ محکمۂ صحت نے رام پور منہیاران  بلاک کے گاؤں تیلی پورہ، نذیر پورہ، سہجی،  دیوبند بلاک کے گاؤں کورلکی، پھولاس ، بھائلہ خورد، سکھن خورد، بلاک پنوا رکا کے گاؤں نانکا، پیکی، بلاک نکوڑ کے گاؤں، جلال پورہ، گنگوہ کے بلاک سرساوہ  کے گاؤں سیکری خورد، گاؤں رادور، مادھوپور،  ڈھایکی، سانگا ٹیہڑا، فتح چند پور،  بڈھاکھیڑا ، بلاک نانوتہ کے گاؤں بہیڑہ اور شہر کے محلہ شاردا نگر، ایس بی ڈی کیمپس، جین ڈگری کالج، نیو مادھو نگر اور سہارنپور شہر میں ہیلتھ کیمپ لگائے ۔اس دوران گھر گھر جاکر’کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں؟‘کے بارے میںعوام کو بتایا گیا ۔ جگہ جگہ اینٹی لاروا کا چھڑکاؤ کرایا گیا ۔ فاگنگ کرائی گئی  اوردوائیں تقسیم کی گئیں۔ ہر  طرح کے مریضوں کا ہیلتھ چیک اپ کیا گیا۔ بیداری مہم کےد وران بتایا گیا کہ اگر بخار ہو تو فوراً  قریبی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر جا کر اپنا علاج کروائیں۔
  اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ملیریا افسر شیواکا گوڈ نے بتایا کہ ڈینگو، ملیریااورچکن گنیا وغیرہ جیسی بیماریوں کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں مفت ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔گھر کے اندر، باہر اور چھتوں پر ٹوٹے ہوئے برتنوں، ٹائروں، گملوں اور بوتلوں وغیرہ میں پانی  جمع نہ ہونے دیں۔  تاکہ ڈینگو  ، ملیریا اور چکن گنیا وغیرہ جیسے امراض سے بچا جا سکے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ رات میں مچھر دانی کا استعمال کریں۔ پانی کے تمام برتنوں اورٹینکوں وغیرہ کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں۔ اپنے گھر کے ارد گرد پانی جمع نہ ہونے دیں۔  بچوں کو  پوری آستین کی  شرٹ اور پینٹ پہنا ئیں۔ بخار کو کم کرنے کے لئے پیراسیٹامول کا استعمال کریں۔ تیز بخار کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ جھولا چھاپ  ڈاکٹروں سے بچیں۔ 
  سہارنپور کے چیف میڈیکل افسر(سی ایم او) ڈاکٹر سنجیو مینگلک نے بتایا کہ محکمۂ صحت ڈینگو ، ملیریا، چکن گنیا کی روک تھام کیلئے مستعد ہے۔ ضلع سطح اور بلاک سطح پر صحت کی ٹیمیں دیہی علاقوں کا مسلسل  دورہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وبائی امراض پر قابو پانے میں کوتاہی نہ برتی جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK