Inquilab Logo

سہرسہ: مبارکپور سے گھوڑدور جانے والی سڑک انتہائی خستہ، مقامی نمائندوں پر لاپروائی کا الزام

Updated: June 04, 2020, 2:13 PM IST | Raza Waris | Saharsa

راہگیروں کو دقت ، اسکولی طلبہ کو بھی پریشانی ۔ مبارکپور گائوں کے سبحان آباد محلہ میں کوئی ڈرائیور نہیں آتا جس سے حاملہ یا کسی مریض کو دوسرے راستے سے اسپتال جانا پڑتا ہے ، سڑک کا ٹینڈر بھی ایک معمہ ہے

Saharsa Road - Pic : Inquilab
سہرسہ :خستہ حال سڑک ۔ تصویر انقلاب

 بہار کے ضلع سہرسہ ضلع کے بنما اینٹہری بلاک حلقہ کے مبارکپور گائوں سے گھوڑدور جانے والی سڑک انتہائی خستہ حال ہوگئی ہے۔، سڑک  کے گڑھے راہگیروں کیلئے پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت ضلع ہیڈ کوارٹر اور بلاک ہیڈ کوارٹر میں چمچماتی سڑک بھلے ہی تعمیر کراچکی ہو لیکن دیہی علاقوں کی سڑکیں اب بھی بدحال ہیں، برسات کے دنوں میں ان سڑکوں سے گزرنا ہمت کی بات سمجھی جاتی ہے۔ ہریوا، کجھراہا،پھنساہا ،منگل ٹولہ، گورگاواں اور مبارکپور کے طلبہ اسی راستے  سےہوکر علاقہ کے مشہور اسلامیہ پلس ٹو ہائی  اسکول پڑھنے کیلئے جاتے ہیں ۔ اس دوران انہیں  پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
  اس سلسلے میں علاقہ سمری بختیار پور کے سماجی کارکن اوار گھوڑدور کے باشندہ جاوید اختر عرف گڈو نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ دونوں گائوں کی بد قسمتی ہے جس کی وجہ سے آج تک یہاں کی سڑکیں  بدحال ہیں۔ ہمارے عوامی نمائندوں کے تساہل کا نتیجہ ہے کہ آج تک سڑک کی تعمیر نہیں ہو سکی اور اس حلقہ میں تو جے ڈے یو کے رکن اسمبلی رتنیس سادا کو تو اقلیتوں کے ووٹ سے لینا دینا ہی نہیں ہے۔ کاش وہ اس سڑک سے ہوکر گزرتے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پہلی مرتبہ سمری بختیار پور اسمبلی حلقہ میں ایم پی اور ایم ایل اے دونوں اقلیتی برادری  کے ہیں۔ بھلے ہی ہم لوگوں کا حلقہ نقشہ میں مدھے پورہ پارلیمانی حلقہ میں چلا گیا ہے لیکن سب ڈویژن تو ایک ہی ہے۔ کاش ان دونوں لیڈر کی نظر اس سڑک پرپڑتی جبکہ آج بھی یہاں کے لوگ اپنا لیڈر دونوں کو مانتے آئے ہیں  یہاں کے عوام بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کہ  ان سڑکوں کی بھی قسمت چمکے۔
 اس سلسلے میں مبارکپور  کے محمد ہاشم نے بتایا کہ  سڑک کے درمیان بڑے بڑے گڑھے ہیں جس کی وجہ سے دن میں تو کسی طرح بچ کر لوگ اپنی منزل تک پہنچ جاتے ہیں لیکن رات میں اگر اس راستہ سے غلطی سے کوئی بھی گزر گیا ہے تو اسکا زخمی ہوناطے ہے۔
  انہوں نے کہاکہ چاہے ایم پی کا الیکشن ہو یا ایم ایل اے کا جب نیتا آتے ہیں تو پھر وعدہ کر کے ۵؍ سال کے بعد ہی نظر آتے ہیں ۔ دراصل یہ سڑک تعصب کا شکار ہوگئی ہے، کیو نکہ یہ مسلم اکثریتی علاقے میں ہے ۔ 
  اس بار ے میں مبارکپور گائوں کے سرور عالم نے بتایاکہ مبارکپور اور گھوڑدور جانے والی سڑک سے درجنوں گاؤں کے لوگ آمدورفت کرتے ہیں لیکن ایم ایل اے کے متعصبانہ کی رویہ کی وجہ سے آج تک سڑک نہیں بن پائی ہے ہلکی بارش میں بھی چلنے کے لائق نہیں رہتی ہے  ۔بدحال اور خستہ حال سڑک کی وجہ سے کوئی بھی ڈرائیور ہمارے محلہ سبحان آباد نہیں آتا ہے۔ حاملہ یا کسی مریض کو دوسرے راستے سے اسپتال لے جانا پڑتا ہے ۔ اس میں وقت بھی زیادہ لگتا ہے،یہاں کے عوام بیدار نہیں ہیں۔ عوام کی عدم دلچسپی کی وجہ سے سڑک کی یہ حالت ہوئی ہے۔
  اس سلسلے میں گھوڑدور پنچایت کے مکھیا راج کمار رنجن عرف راج کشور یادو نے بتایا :’’ میں نے اس سڑک کے متعلق کئی مرتبہ ایم ایل اے سے بھی بات چیت کی تھی  ۔ ہر بار وہ یہی کہتے تھے کہ ٹینڈر ہوگیا ہے لیکن مجھے جو معلوم ہوا ابھی تک اس سڑک کا  ٹینڈر نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے منریگا منصوبہ کے تحت ایک ہفتہ کے اندر کام شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ‘‘ مکھیاراج کمار کے بقول:’’میر ی طرف سے کوئی لاپروائی نہیں ہوئی ہے۔  میں اپنی پنچایت کی ترقی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتا ہوں۔ ‘‘
 اس سلسلے میں سونبرسا (محفوظ سیٹ) سے جے ڈی یو کے ایم ایل اے رتنیس سادا نے موبائل پر بتایا :’’ شاید ٹینڈر ہوگیا ہوگا اور ایگزیکٹیوبھی بدل گیا ہے جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے۔ ‘‘
 سمری بختیار پور سب ڈویژن۲ کے سابق ایگزیکٹیو سرور انجم نے بتایا :’’  مجھے ریٹائر ہوئے ۲۰ دن ہوا ہے ۔ سڑک کو منظوری مل گئی ہے۔ بہت جلد ٹینڈر ہونے والا ہے۔  ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK