Inquilab Logo

مہنگائی کیخلاف سماجوادی پارٹی کا مظاہرہ

Updated: July 16, 2021, 12:52 PM IST | Agency | Lucknow

ریاست کے ۷۵؍ اضلاع کی تقریباً۳۵۰؍ تحصیلوںپرایس پی کارکنوں نے احتجاج کیا ، میمورنڈم سونپے ۔مہنگائی، نظم ونسق میں خرابی اوربے روزگاری وغیرہ پر حکومت کیخلاف نعرے بازی کی ۔ وزیر اعلیٰ یوگی پر ریاست گیر مظاہروں کو کچلنے کا الزام

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

مہنگائی، نظم ونسق میں خرابی ،بے روزگاری اور دیگر مطالبات کے ساتھ سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے جمعرات کو ریاست گیر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ریاست کے۷۵؍ اضلاع کی تقریبا۳۵۰؍تحصیلوں پر  ہونے ولاے اس  مظاہرے کے دوران ایس پی کارکنوں نے حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر  سخت حفاظتی انتظامات کئے گئےتھے۔ کچھ مقامات پر پولیس اور ایس پی کارکنوں کے درمیان معمولی جھڑپ بھی ہوئی۔ ریاست گیر مظاہروں میں مہنگائی کی روک تھام اہم  مطالبہ تھا مگر اس دوران پارٹی کے اہم لیڈر رکن پارلیمنٹ اعظم خان کی رہائی اور ان کنبہ کیخلاف انتقامی کارروائی سے بازآنے پر زور دیا گیا ۔  سہارنپور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ضلع میں سبھی پانچ تحصیلوں پر زبردست مظاہرہ اور گورنر کے نام میمورنڈم سونپا گیا۔ سہارنپور تحصیل میں احتجاج کی قیادت مہانگر ایم ایل اے سنجے گرگ نے کی جبکہ نکڑ تحصیل ہیڈکوارٹر پر احتجاج کی سربراہی ضلع صدر چودھری رودر سین نے کی ۔ پرتاپ گڑھ میں پنچایت انتخابات میں کی گئی مبینہ دھاندلی اور سماجوادی پارٹی کے کارکنوں پر فرضی مقدمے قائم کئے جانے کیخلاف پارٹی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پارٹی لیڈر سنجے پانڈے کی قیادت میں کارکنوں نے صدر تحصیل پر مظاہرہ کیا اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے گورنر کے نام میمورنڈم  ایس ڈی ایم صدر موہن لال گپتا کے حوالے کیا۔  جونپور میں سماجو ادی پارٹی نے جلوس کے ساتھ کلکٹریٹ احاطے میں  مظاہرہ کر کے صدرجمہوریہ کے نام میمورنڈم سونپا۔  مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی لیڈر  اورسابق کابینی وزیر جگدیش نارائن رائے نے کہا کہ بی جےپی حکومت جمہوریت کو ختم کر کررہی ہے۔ کسانوں،نوجوانوں اوربے روزگاروں پر مظالم ڈھارہی ہے۔ اسکی کی مخالفت میںسماج وادی کارکن سڑکوں پر ہیں۔ سابق ضلع پنچایت صدر راج بہادر یادو نے کہا کہ  حال ہی میں پنچایت انتخابات میں عوام نے   سماج وادی پارٹی کے ضلع پنچایت، بی ڈی سی، پردھانوں کو کامیابی دلائی جبکہ بلاک پرمکھ اور ضلع پنچایت صدر کے انتخاب میں انتظامیہ  اورحکومت کا ننگاناچ ہوا ہے۔ سرکاری مشنری کا غلط استعمال کر کے بی جے پی نے بلاک پرمکھ اور ضلع پنچایت صدر کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔عوام ان سب سے واقف ہیں۔   ریاست گیر مظاہرے سے متعلق پارٹی کے قومی ترجمان ڈاکٹر آشوتوش ورما نے بتایا :’’ ہماری یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ ہم بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری، خستہ حال نظم ونسق  اور اترپردیش حکومت کی   دیگر خامیوں کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ یہ ریاست گیر مظاہرہ اس کا آغاز ہے۔ ساتھ ہی یہ احتجاج انتظامیہ کا استعمال کر کے بلاک پرمکھ  اور ضلع پنچایت صدر کے انتخابات کو جیتنے والی بی جے پی حکومت کی خراب  حکمرانی کو اجاگر کرنے کے لئے بھی ہے۔‘‘ ڈاکٹر ورما کے مطابق:’’ یہ پیغام ان لوگوں کے لئے بھی ہے جو یہ کہا کرتے تھے کہ ایس پی زمین پر نہیں اترتی۔ آج وہ آکر دیکھ سکتے ہیں کہ اگر ریاست میں کوئی زمینی پارٹی ہے تو وہ ایس پی ہے۔ ایس پی ہمیشہ عوام کے مفادات کے لئے لڑتی رہی ہے۔‘‘  دریں اثنا ء جمعرات کو سماجوادی پارٹی  نے اپنے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا : ’’ سماجوادیوں کی للکار سے  بی جے پی سرکار ڈر گئی ہے۔ اقتدار کا بے جا استعمال کر کے پہلے سے طے شدہ ریاست گیر مظاہروں کو وزیر اعلیٰ کچل رہےہیں۔ سماجوادی لیڈروں کو نظر بند کردیا گیا ہے۔ چاہے جتنا بھی ظلم ہو ، سماجوادی پارٹی کے کارکن عوام کے مسائل اٹھانے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK