Inquilab Logo

بی جے پی نفرت کی سیاست کرنےمیں مصروف ہے: سماج وادی پارٹی

Updated: February 24, 2020, 11:16 AM IST | Rashid Raza | Pilibhit

بی جے پی سرکار عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لئے سی اے اے، این پی آر اور این آر سی وغیرہ سیاہ قوانین میں عوام کو الجھائے رکھنا چاہتی ہے۔ مذکورہ قوانین دستور و آئین مخالف ہیں۔ سماجوادی پارٹی پارلیمنٹ سے لے کر سڑک تک اس کی مخالفت کرے گی۔ان خیالات کا اظہار سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر نریش اتم نے کیا۔ وہ چندوئی واقع شہنائی گارڈن شادی ہال میں بی ایس پی ، کانگریس اور شیو سینا وغیرہ پارٹیاں چھوڑ کر آئے کارکنان کو سماجوادی پارٹی کی رکنیت دلائے جانے کے لئے منعقدہ اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔

نریش اتم۔ تصویر: آٗی این این
نریش اتم۔ تصویر: آٗی این این

پیلی بھیت: بی جے پی سرکار عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لئے سی اے اے، این پی آر اور این آر سی وغیرہ سیاہ قوانین میں عوام کو الجھائے رکھنا چاہتی ہے۔ مذکورہ قوانین دستور و آئین مخالف ہیں۔ سماجوادی پارٹی پارلیمنٹ سے لے کر سڑک تک اس کی مخالفت کرے گی۔ان خیالات کا اظہار سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر نریش اتم نے کیا۔ وہ چندوئی واقع شہنائی گارڈن شادی ہال میں بی ایس پی ، کانگریس اور شیو سینا وغیرہ پارٹیاں چھوڑ کر آئے کارکنان کو سماجوادی پارٹی کی رکنیت دلائے جانے کے لئے منعقدہ اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک خطرناک سازش کے تحت پسماندہ طبقات اور درج فہرست ذاتوں کے ریزرویشن کو ختم کردینا چاہتی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی ایوان سے لے کر سڑک تک جس زبان کا استعمال کررہے ہیں ویسی زبان آج تک کسی وزیر نے استعمال نہیں کیا ہے۔ سماجواد کو فریب بتانا یوگی کی ناقص الفہمی کی علامت ہے۔ بی جے پی کہہ رہی ہے کہ سی اے اے مخالف احتجاجی خود مرے ہیں،جبکہ سماجوادی پارٹی اور عوام کہہ رہی ہے کہ وہ لوگ پولیس کی گولی سے مرےہیں ۔اس دوران اجلاس میں سماجوادی پارٹی کے روایتی نعروں کے ساتھ ساتھ جے بھیم کے نعرے بھی لگائے گئے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بی ایس پی کے بالک رام ساگر، ہری رام گوتم اور کانشی رام سروج سمیت کثیر تعداد میں کارکنان نے سماجوادی پارٹی کی رکنیت اختیار کی۔  لیڈران کے استقبال میں منعقد ہونے والے جلسہ میں پارٹیوں کے ہزاروں کارکنان نے باضابطہ طور پر سماجوادی پارٹی کی رکنیت اختیار کرتے ہوئے اکھلیش یادو کی قیادت میں اعتماد کا اظہار کیا۔ اس دوران بی ایس پی چھوڑ کر سماجوادی پارٹی میں شامل ہوئے لوگوں نے جے بھیم اور جے سماجواد کے نعرے لگائے۔ کانشی رام سروج نے کہا کہ ابھی تک ہم جے بھیم کا نعرہ لگاتے رہے ہیں مگر اب جے بھیم کا نعرہ لگا کر ہم لوگ سماجواد کی سیاست کریں گے اور سماج کے ہر طبقہ کے لوگوں کی فلاح کے لئے کام کریں گے۔ 
سابق وزیر حاجی ریاض احمد نے کہا کہ دوسری پارٹیوں سے سماجوادی پارٹی میں آنے والے لوگوں کو پوری عزت دی جائے گی اور ان کے آنے سے سماجوادی پارٹی کو مزید تقویت و عوامی سطح پر مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں پیلی بھیت ،شاہجہانپور کے ایم ایل سی امت یادو رنکو، سابق وزیر ہیم راج ورما، ضلع صدر آنند سنگھ یادو ، رکن ضلع پنچایت ریاض خان، رکن ضلع پنچایت اسلم جاوید سمیت پارٹی کے سبھی لیڈران موجود تھے۔ اجلاس کے بعد پارٹی کے ریاستی صدر نریش اتم نے حافظ رحمت خان لا کالج میں پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے ریاست کی یوگی سرکار کی ناکامیاں بیان کیں اور کہا کہ ریاست میں قانون و انتظام کی صورت حال آزادی کے بعد ابھی تک کے بدترین دور سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بے روزگاری سے متاثر ہیں اور بی جے پی نفرت کی سیاست کرنے میں مصروف ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK