Inquilab Logo

سمستی پور :دیوڑا پرائمری ہیلتھ سینٹر پرمقامی افراد کا قبضہ

Updated: May 18, 2022, 12:12 PM IST | Sarfraz Fazil Puri | Samastipur

مویشیوں کا اڈہ بن گیا ہے ، یہاں لو گ اپنے مویشی باندھ دیتے ہیں ، اسپتال کے احاطے اور کمرے میں بالوکا ڈھیر لگا ہوا ہے

Soil and farming equipment are housed on the premises of Deora Primary Health Center..Picture:INN
دیوڑا پرائمری ہیلتھ سینٹر کے احاطےمیں بالو اور کھیتی باڑ ی کا سامان رکھا ہوا ہے۔ تصویر: انقلاب

 عوام  کے علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت کے ذریعہ بلاک ہیڈ کوارٹر کے علاوہ علاقے کی دیگر پنچایتوں میں بھی پرائمری صحت مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ دیوڑا پنچایت میں ذیلی ہیلتھ سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ عوام کو بہترطبی سہولیات فراہم کرائی جا سکیں لیکن دیوڑا پنچایت کا یہ مرکز  کاغذ  ہی پر نظر آتا ہے۔ حقیقت ٹھیک اس کے برعکس ہے ۔ اس مرکز کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ اس ہیلتھ سینٹر کے آغاز سے لے کر آج تک کسی ڈاکٹر کاتقرر نہیں ہوا۔ ہاں اے این ایم کا ضرورتقرر کیا گیا ہے اوران کا آنا یا نہ آنا ان کی مرضی پر منحصر ہے، جبکہ اس ہیلتھ سب سینٹرپر تقریباً ۸؍ ہزار افراد کے علاج معالجہ کی ذمہ داری ہے۔ذیلی صحت مرکز ہمیشہ بند رہنے کی وجہ سے اب  مویشیوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ شام ہوتے ہی محلے کے لوگ اپنے مویشی کو اسپتال میں باندھ دیتے ہیں۔  اسپتال احاطہ اور کمروںمیںبالوکے ڈھیر  ہیں اور وہاں کسانوں کا نجی سامان رکھا جاتا ہے۔  اس سلسلے میں گاؤں کے دیویندر پرساد سنگھ، جتیندر کمار سنگھ اور رمن سنگھ وغیرہ بتاتے ہیں کہ ذیلی صحت مرکز نہ ہونے کے برابر ہے۔  اسپتال کے ناقص طبی نظام کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہاں میڈیکل افسر کا تقرر نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حسن پور پی ایچ سی یہاں سے ۸؍ کلومیٹر دور ہے۔ یہاں  مامور اے این ایم انجو کماری زیادہ تر غیر حاضر رہتی ہیں، جس کی وجہ سے یہاں کے مریضوں کو معمولی بیماری کے علاج کیلئے بھی حسن پور پی ایچ سی جانا پڑتا ہے۔ مقامی  افراد کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کئی بار میڈیکل افسر حسن پور کو زبانی شکایت کی گئی۔ اس کے باوجود اے این ایم کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
  اس سلسلے میں اسسٹنٹ میڈیکل افسر ڈاکٹر اروند کمار نے بتایا کہ اے این ایم کورونا کی ٹیکہ کاری میں مصروف ہونے کی وجہ سے ذیلی صحت مرکز نہیں پہنچ پا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK