Inquilab Logo

سمستی پور : ہزار وں گھروں میں پانی جمع

Updated: July 25, 2021, 10:08 AM IST | bihar

۵؍ ہزار سے زائد گھروں میںڈیڑھ سے ۲؍ فٹ تک پانی ہے ، سڑکوں پر بھی گند اپانی بہہ رہا ہے ، ڈیڑھ مہینہ سے زائد عرصہ سے یہ حالت ہے ، منصوبہ بند اورمنظم طریقے سے نکاسی نہیں ہورہی ہے ،بیماری پھیلنے کا خطرہ، انگلیاں سڑنےلگی ہیں

Samastipur: Students at the city`s Tarhat Academy.Picture:Inquilab
سمستی پور: شہر کے ترہت اکیڈمی میں طلبہ(تصویر:انقلاب)

بہار کے سمستی پور شہر کے ہزاروں گھروں میں طویل عرصے سے بارش کا پانی جمع ہے جس سے ایک بڑی تعداد نے اپنا گھر بار چھوڑ دیا گیا ہے۔ گھروں کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بھی پانی  ہے جس سے لوگ تقریبا ً مہینے سے گندے پانی سے گزر رہےہیں۔  ان کی پاؤں کی انگلیاں بھی خراب ہورہی ہیں۔  اس پانی سے وبائی امراض کا بھی خطرہ ہے۔ حالانکہ  لوگ ڈینگو اور ملیریا  میں مبتلا ہورہےہیں۔ اس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ 
   لگاتار بارش کی وجہ سے اتنا پانی بھر گیا ہے کہ سمستی پور نگر نگم کے  بارش سے نمٹنے کی پیشگی تیاری  کے دعوے بے بنیاد ثابت ہو رہے ہیں ۔ شہر میں ڈیڑھ مہینہ سے زائد عرصے سے پانی جمع ہے۔ اس کی نکاسی کا اب تک کوئی مستقل  انتظام  نہیں  کیا جا سکا ہے جس کی وجہ سے شہر کے باشندوں کی زندگی ابتر ہوگئی ہے۔ گھرو ں میں   داخل پانی سے اب بد بو اٹھنے لگی ہے جس کی وجہ سے خطرناک بیماری  لاحق ہونے کا خدشہ ہے۔ گندے پانی میں چلنے کی وجہ سے پائوں کی انگلیاں سڑنے لگی ہیں۔ ان میں زخم ہونے لگے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ۵؍ ہزار سے زائد گھروں میں ڈیڑھ سے ۲؍ فٹ  پانی جمع ہے۔ گھروں میں جمع پانی سے  اتنی  بدبو ہےکہ لوگ گھر چھوڑ کر جانے پر  مجبور ہیں۔ کئی گلیوں اور محلوں میں تو گھر سے سڑک تک نکلنے کے لئے چچری کا پل بنا یا گیا ہے۔ 
 سمتی پور  شہر کےترہت اکیڈمی روڈ، آر پی مشرا روڈ، کاشی پور اور سونبرسا علاقے مکمل طور پر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ کاشی پور وارڈ نمبر ۴، ۵، ۶ اور۷؍، کرشنا پوری، دھرم پورکا وارڈ نمبر ۱،۲، ۳، اور ۹؍، پروفیسر کالونی، پنجابی کالونی، بارھ پتھر، کے ای انٹر اسکول روڈ اوربی ایڈ کالج روڈ کے  ساتھ دیگر جگہوں پر پانی جمع ہے۔ کئی لوگ اس بدحالی کی وجہ سے گھر چھوڑ کر ا پنے  گائوںیا رشتہ داروں کے ہاں چلے  گئےہیں۔
   محکمہ کے ذرائع  کے مطابق نگر نگم نے ۳۰؍ جگہوں پر پمپ لگا رکھا ہے۔ دھرم پور، پنجابی کالونی، کاشی پور، لکھن چوک، ترہت اکیڈمی، آر این آر کالج روڈ، سونبرسا چوک، آدرش نگر سینٹ پال اسکول، بارھ پتھر اور بہادر نگروغیرہ میں  پمپ لگا کر پانی نکا لا جارہا  ہے۔ دوسری جانب  مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پانی کی نکاسی کا انتظام منصوبہ بند اور منظم طریقے سے نہیں کیا گیا ہے جس سے وجہ صحیح طریقہ سے پانی نکالنے کا کام نہیں ہو رہا ہے۔ کاشی پور حلقہ کا پانی آدرش نگر جبکہ دھرلکھ چور ، دھرم پور  اورپنجابی کالونی کا پانی بوڑھی گنڈک میں گرایا جا رہا ہے۔ بوڑھی گنڈک میں پانی بڑھنے کی وجہ سے سلوئیس گیٹ بند کر دیا گیا ہے، اس وجہ سے شہر کا پانی نہیں نکل پا رہا ہے۔
     نگر کمشنر سنجیو کمار نے اس بارے میں بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے پانی نکاسی کے لئے جنگی سطح پر کام کیا جا رہا ہے۔ ایس ڈی او صدر کو نالا کی تعمیر، صاف صفائی اور پانی نکاسی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ پانی نکالنے کے لئے پمپوں پر تین شفٹ میں ملازم مامو رکئے گئے ہیں۔ لگائے گئے پمپ کا لگاتار جائزہ لینے کو کہا گیا ہے۔ اگر کہیں پمپ بند ملتا ہے تو ایسی ایجنسی کو بلیک لسٹ کرکے ان پر ایف آئی آر درج کرنے کو کہا گیا ہے۔ شہر میں ۳۰؍ جگہوں پر پمپ لگایا گیا ہے۔ لگاتار بارش کی وجہ سے تکنیکی مشکلیں آئی ہیں ۔ ہر شہر اورگلی سے پانی جلد ہی نکال لیا جائے گا۔ 

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK