Inquilab Logo

یوگی حکومت مافیاؤں سے بھی زیادہ گرگئی

Updated: September 08, 2020, 10:48 AM IST | Mohammad Aamir Nadvi | Lucknow

عام آدمی پارٹی کے سینئرلیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ کا لزام، ان کے مطابق یوپی کی پولیس مجرموں کی طرح کام کر رہی ہے سابق رکن اسمبلی نرویندر مشرا قتل معاملے پرآپ کا یوگی حکومت پر نشانہ ، یوپی کا’ نظم و نسق‘ جنگل راج سے بھی بدتر ہونے کا دعویٰ

Sanjay Singh .Picture:INN
سنجے سنگھ ۔ تصویر: آئی این این

   یہاں عام آد می پارٹی  نے  یو گی حکومت پر ما فیاؤں سے بھی زیادہ گرنے کا الزام عائد کیا  ہے اور پو لیس پر شدید تنقید کی ہے۔  واضح رہےکہ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن اوریوپی انچارج مسلسل ریاست کی یوگی حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔۳؍ مرتبہ رکن اسمبلی رہے نرویندرمشرا قتل معاملے میں نظم و نسق پر سوال اٹھائے ہیں۔ ان کے مطابق یوپی کی پولیس مجرموں کی طرح کام کر رہی ہے ۔ یوگی حکومت تو مافیائوں سے زیادہ گر گئی ہے ۔ انہوں نےالزام عائد کیا کہ سیاسی لیڈران کی گھیرابندی کے لئے تو پولیس موجود ہے لیکن بہن بیٹیوں کے تحفظ کے لئے پولیس موجود نہیں ہے ۔سرعام سابق رکن اسمبلی کے قتل سے ریاست میں نظم و نسق کی قلعی کھل گئی ہے ۔ ریاست میں جنگل راج قائم ہے ۔   پیر کو عام آدمی پارٹی کے یوپی انچارج سنجے سنگھ نےسابق رکن اسمبلی قتل معاملے پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا : ’’یوپی میں جنگل راج بڑھتا ہی جارہا ہے ۔۳؍ مرتبہ کے رکن اسمبلی رہے نرویندر مشرا کو سرعام قتل کردیا جاتا ہے ۔ ایسے واقعات یوگی حکومت کے بد تر نظم و نسق کی قلعی کھول رہے ہیں۔‘‘
 انہوں نے  مزیدکہا:’’ پولیس کے سامنے سابق  رکن اسمبلی کو لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا ہے،اس معاملے میں مقامیسی او کا کردار مشتبہ ہے ۔ گائوں والوں نے قاتلوں کو پکڑ لیا تو سی او نے جاکر قاتلوں کو چھڑا لیا۔ اس کے علاوہ سابق رکن اسمبلی کی بیوی ، بہو  اور بیٹے سے بھی مارپیٹ کی گئی ہے ۔‘‘  سنجے سنگھ نے یہ بھی کہا کہ یوپی کی پولیس مجرموں کی طرح کام کر رہی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا :’’ جب میں سابق رکن اسمبلی کے اہل خانہ سے مل کر   لوٹ رہا تھا تو سیتا پور کے اٹرریا میں میرے پیچھے پولیس لگا دی گئی ، میری گاڑی میں ایک انسپکٹر  کوبٹھادیا گیا اور ایک گیسٹ ہائوس میں لے جاکر روک دیا گیا۔‘‘عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن نے پو لیس پر غیر قانو نی حراست میں لینے کا الزام عائد کیا ۔ ان کے بقول : ’’ مجھے غیر قانونی طریقہ سے حراست میں لیا گیا، میرے ساتھ بد سلوکی کی گئی ، میرے گھر پولیس بھیجی گئی ،میری اہلیہ کو پولیس اہلکار نے فون کر کے دھمکانے کی کوشش کی ۔‘‘  سنجے سنگھ   نے  یہ  بھی کہا :’’ مافیا بھی اس طرح   دو سرے کے گھر والوں کو پریشان نہیں کرتے ، لیکن یوگی حکومت تو مافیائوں سے بھی زیادہ گر گئی ہے ۔ یوپی میں مسلسل برہمنوں ، دلتوں اور پسماندہ طبقات پر ظلم ہو رہا ہے ۔جب میں آواز اٹھاتا ہوں تو میرے خلاف مقدمہ درج کرا دیا جاتا ہے ۔ ‘‘ انہوں نے یوگی حکومت سے مطالبہ کیا :’’ سابق رکن اسمبلی نرویندر مشرا قتل معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کی جائے، مشتبہ سی او کے خلاف قتل کا کیس  درج کیا جائے اور اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے معاوضہ کے طور پر دیئے جائیں ۔‘‘ عام آدمی پارٹی کی پریس کانفرنس میں یوپی کے اسسٹنٹ انچارج ندیم اشرف جائسی، ریاستی ترجمان ویبھو مہیشوری  اور مہیندر پرتاپ سنگھ وغیرہ موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK