Inquilab Logo

طلبہ کیلئے ۱۵؍جون سے اسکولوں کا آغاز،اساتذہ کیلئے ۲؍دن پہلے

Updated: June 11, 2022, 9:34 AM IST | saadat khan | Mumbai

کورونا میں اضافہ کے پیش نظر تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو ۱۳؍ جون سے اسکول میں حاضر ہونے کی ہدایت ،اسکولی عملے کو ۲؍دنوںمیں احتیاطی تدابیر کی تیاری کا حکم

Precautions will be taken again before the school starts, this time the school staff will also be involved in it (file photo).
اسکول شروع کرنے سے پہلے پھر احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں گی، اس مرتبہ اسکول کے اسٹاف کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا(فائل فوٹو)

ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نےگزشتہ دنوںایک بیا ن میں ۱۵؍جون سے اسکول شروع کئے جانےکا اعلان کیاتھاجس سے اسکول انتظامیہ ، ہیڈ ماسٹر اوراساتذہ میں نئے تعلیمی سال کے آغازسے متعلق تذبذب پایاجارہاتھاکیونکہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ۱۷؍ مئی ۲۰۲۲ءکو ایک سرکیولر جاری کیاتھا جس میں ۱۳؍جون سےنئےتعلیمی سال کے آغاز کی اطلاع دی گئی تھی لیکن ورشاگائیکواڈکےبیان سےاسکول شروع کئے جانےکی تاریخ سےمتعلق اسکولی عملہ مخمصے میں تھا۔ جس کی وجہ سے متعدد تعلیمی تنظیموں نے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سے اسکول شروع کئے جانے کی تاریخ کی وضاحت کرنے کی اپیل کی تھی۔اس ضمن میں ایجوکیشن کمشنر سورج مانڈھرے نے جمعرات کو ایک سرکیولرجاری کرکے اس کی وضاحت کی ہے۔جس کےمطابق ۱۳؍جون سے اسکولی عملے اور ۱۵؍جون سے طلبہ کیلئے اسکول شروع کئے جائیں گے۔ ودربھ میں گرمی کی شدت سے اسکولی عملے کو ۲۳؍جون اور طلبہ کو ۲۷؍جون سے اسکول آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
   ایجوکیشن کمشنر کی طرف سے اسکول شروع کئے جانے سے متعلق وضاحت کئے جانے سےاسکول انتظامیہ، ہیڈ ماسٹر اوراساتذہ کا تذبذب ختم ہوگیاہے۔مذکورہ سرکیولر میں باضابطہ طورپر ایجوکیشن افسران کے معرفت ہیڈ ماسٹر اوراساتذہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ۱۳؍اور ۱۴؍ جون کو اسکول میں حاضررہیںتاکہ کورونا کےبڑھتے معاملات کے پیش نظر اسکول میں تمام احتیاطی تدابیر کی تیاری کی جاسکے۔ کوروناسے طلبہ کو محفوظ رکھنےکیلئے اسکول عمارت کو سینی ٹائز ،درجہ حرارت کی پیمائش کاانتظام ، افرادی دوری بنائے رکھنے اور ماسک استعمال کرنےکی تاکید کی جائے ۔ 
  اس تعلق سے مہاراشٹراسٹیٹ شکشک پریشد ممبئی کے صدر شیوناتھ دراڈے نے انقلاب کو بتایا  کہ’’ ۱۵؍ جون سےاسکول شروع ہونے سےمتعلق ورشاگائیکواڈ کےبیان سے اسکول انتظامیہ ، ہیڈماسٹر او ر اساتذہ  میں تذبذب تھاکیونکہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ۱۳؍جون سے اسکول شروع کرنےکااعلان کیاتھا۔ اس تذبذب کو دور کرنےکیلئے ہم نے وزیر تعلیم کے علاو ہ ایجوکیشن کمشنر کو مکتوب روانہ کیاتھا۔جس میں ۱۳؍یا۱۵؍جون سے اسکول شروع کئے جائیں گے اس کی وضاحت کرنےکی اپیل کی گئی تھی۔ ایجوکیشن کمشنر نے اس بارےمیں سرکیولرجاری کرکے اسکولی عملے کی پریشانی دورکردی ہے۔ اسکولی عملے کیلئے ۱۳؍جون اورطلبہ کیلئے ۱۵؍جون سے اسکول شروع کئے جائیں گے۔ ساتھ ہی یہ بھی ہدایت دی گئی ہےکہ کوروناکےبڑھتے معاملات کے پیش نظر اسکولوں میں احتیاطی تدابیرپر سختی سے عمل کیاجائے ۔‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’کوروناکے کیسز میں اضافہ سےوالدین اور سرپرستوںمیں ایک مرتبہ پھرڈروخوف کا ماحول پیدا ہورہا ہے جس کی وجہ سے وزیر تعلیم ورشا گائیکواڈ  نےگزشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں کہاتھاکہ اسکول شروع کئےجانے سےقبل تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کیاجائے گا۔ ساتھ ہی اسکولوںکیلئے نئی گائیڈ لائن جاری کی جائے گی۔ علاوہ ازیں اسکول میں ماسک پہننالازمی ہوگایا نہیں یہ فیصلہ کیاجائے گا۔ لیکن اسکول شروع ہونےمیں چنددن رہ گئےہیں اس کےباوجود ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے کسی طرح کی ہدایت نہیں جاری کی گئی ہے۔ ایسی صورت میں ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے نئی گائیڈ لائن کب جاری کی جائے گی اور اس پر عمل کب سے کیاجائے گا۔ اس طرح کے سوالات تعلیمی تنظیموں کے سامنے ہیں۔‘‘    

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK