Inquilab Logo

کورونا کا ٹیکہ تیارکرنےمیں کی جارہی جلد بازی کو سائنسدانوں نے’ خطرناک‘ قراردیا

Updated: July 05, 2020, 8:19 AM IST | Agency | New Delhi

پوچھا کہ’’ جس عمل کو کئی مہینے درکار ہوتے ہیں وہ چند ہفتوں میں کیسے پورا کیا جائیگا ؟‘‘کانگریس اور سی پی ایم نےاسے سیاسی حربہ قرار دےکر باز رہنے کا مطالبہ کیا

Covid19 Vaccine - Pic : INN
کووڈ۱۹ ویکیسن ۔ تصویر : آئی این این

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر )کی جانب سے کورونا کے ٹیکے کو ۱۵؍ اگست سے عوام کیلئے متعارف کروانے کے اعلان سے ہر کوئی حیرت زدہ ہے جبکہ متعدد سائنسدانوں نے اسے انتہائی خطرناک کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے سوال پوچھا ہےکہ ٹیکہ کی تیاری کے عمل کو مہینوں درکار ہوتے ہیں جبکہ آئی سی ایم آر صرف ہفتوں میں اسے مکمل کرکے عوام کو پیش کرنے کی بھی بات کررہی ہے ۔ یہ پورے ملک اور عوام کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ملک کی سائنسی برادری نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ اتنی خطرناک وبا کا ٹیکہ ایسی جلد بازی میں تیار نہ کروایا جائے بلکہ اس پر مکمل ریسرچ کے بعد ہی اسے مارکیٹ میں اتارا جائے۔ 
 ملک کےمشہور وائرولوجسٹ شاہد جمیل نے اس اعلان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی  باتوں سے عالمی سائنسی کمیونٹی ہمارا مضحکہ اڑائے گی کیوں کہ وہ بھی جانتے ہیں اور ہم بھی کہ ایسا ٹیکہ تیا رکرنے میں کتنا وقت درکار ہو تا ہے۔ اس لئے آئی سی ایم آر کوئی سبز باغ نہ دکھائے بلکہ ریسرچ مکمل ہونے دے ۔
 ادھر سیاسی پارٹیوں نے بھی اس اعلان پر نہ صرف حیرت بلکہ کھل کر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ ٹیکہ کو لانچ کرنے کا اعلان ۱۵؍ اگست کو لال قلعہ کی فصیل سےکیا جاسکے اس لئے اتنی جلد بازی کی جارہی ہے لیکن بی جے پی اور اس کے لیڈران کو شرم آنی چاہئے کہ وہ جان لیوا وباء پر بھی اپنی سیاسی روٹیاں سینکنے کی کوشش کررہے ہیں۔سی پی ایم کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے بھی اس اعلان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعلان کچھ اور نہیں بلکہ وزیر اعظم مودی کو ملک کے عوام کی نظروں میں مسیحا بنانے کی کوشش کی ہے۔ لال قلعہ کی فصیل سے جب وہ اعلان کریں گے تو بی جے پی اس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK