Inquilab Logo

مدھیہ پردیش میں سندھیا خیمہ کو ترجیح دینے پر بی جے پی کے سینئر لیڈران ناراض

Updated: July 14, 2020, 9:22 AM IST | Agency | Bhopal

’’ آپ بی جے پی کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں ‘‘، اجے وشنوئی کی تنقید ، پوری بی جے پی نے سندھیا خیمے کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے : کانگریس

Jyotiraditya Scindia - Pic : PTI
جیوترادتیہ سندھیا ۔ تصویر : پی ٹی آئی

مدھیہ پردیش میں شیوراج کابینہ کے وزراء کو حلف برداری کے۱۱؍ دن بعد قلمدان وزارت تقسیم کردئیے گئے ۔ اس سےبھلے ہی بی جے پی قیادت خوش ہو رہی ہو، لیکن پارٹی کے اندر سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ قلمدان وزارت میں سندھیا خیمہ کے وزراء کو زیادہ ترجیح دینے سے بی جے پی کے سینئرلیڈروں کی ناراضگی اب کھل کر سامنے آرہی ہے۔ قلمدان وزارت پر اگر نظر ڈالیں تو سندھیا حامی وزراء کو آبپاشی، معدنیات، ریوینو، صحت، پنچایت و دیہی ترقی، توانائی،صنعتی ترقی، اسکولی تعلیم اورخواتین واطفال کی فلاح وبہبود کی وزارت دی گئی ہے۔
 بی جے پی کے سینئر لیڈر وسابق وزیر اجے وشنوئی نے اس پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے  اسے ’ اس ہاتھ دے اس ہاتھ لے‘ کا بہترین مظاہرہ قراردیا۔ اجے وشنوئی نے ٹویٹ کیاکہ جب سرکار نہ تو بنانا تھی اور نہ ہی گرانا تو پھر یہ کیوں کیا گیا۔ آپ بی جے پی کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں ،یہ بی جے پی کو بتانا ہوگا یا پھر ہمیں سنسکار کا الٹا سبق پڑھانا ہوگا۔ ‘‘واضح رہے کہ اجے وشنوئی کا شمار مدھیہ پردیش بی جے پی کے قدآور لیڈروں میں ہوتا ہے اور وہ مہا کوشل کے بھی ایک بڑے لیڈر  ہیں۔ شیو راج کابینہ  کے ۳۳؍ وزراء میں بھی مہا کوشل سے صرف ایک اور گوالیار چمبل سے۱۲؍ وزراء کو شامل کرنے پر بھی اجے وشنوئی نے اپنی ناراضگی کا کھل کر اظہار کیا تھا۔وزراء کو۱۱؍ دن بعد قلمدان تقسیم کئے جانے اور اقتدار میں بنے رہنے کی چاہت میں اپنی ہی پارٹی کے سینئر لیڈروں کو درکنار کرنے پر کانگریس نے بی جے پی پر طنزکیا ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر پی سی شرما نے کہا کہ ’’بی جے پی میں سب کچھ پیسے کے لئے اور پیسے سےکیا جاتا ہے۔ مدھیہ پردیش میں جو کام اس نے کیا تھا اب وہی کام وہ راجستھان میں کرنا چاہتی ہے، لیکن اب اس کے قول و عمل کے تضاد سے اس کے ہی لیڈروں کی ناراضگی سامنے آرہی ہے۔ پوری بی جے پی نے سندھیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ قلمدان وزارت کو لےکر بی جے پی کی جو ناراضگی سامنے آرہی ہے، اس کا نتیجہ اسمبلی ضمنی انتخابات میں سامنے آئے گا اور عوام بی جے پی کو اس کا جواب دیں گے۔‘‘
وزراء کے محکموں کی تقسیم سے متعلق سچائی
 آنے والے وقت میں سامنے آئے گی: کمل ناتھ
 کانگریس کے سینئر لیڈراورو مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے وزراء کے محکموں کی تقسیم سے متعلق ریاست کی حکمراں پارٹی بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ طویل غوروخوض کے بعد محکموں کی جو تقسیم کی گئی ہے،اس کی سچائی آنے والے وقت میں سامنے آئے گی۔ کمل ناتھ نے ٹویٹ کیا ’’۲۳؍ مارچ کو وزیراعلیٰ  کے عہدہ کاحلف ،ہمارے بار بار مطالبہ کےتقریباً ایک ماہ بعد محض ۵؍رکنی کابینہ کی تشکیل۔پھر طویل غورخوض،پھر۱۰۲؍ دنوں کےبعد۲؍جولائی کو کابینہ کی توسیع اور اس کے بعد روز تاریخ پر  تاریخ،طویل غور وفکر،۱۱؍دن بعدمحکموں کی تقسیم ۔اب پتا نہیں ،  اس لمبے منتھن میں کس کے حصے میں کیا آیا،کس نے کیا پایا،کیا کھویا،کس نے کیا سمجھوتا کیا۔اس کی سچائی تو آنے والے وقت میں ہی سامنے آئے گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK