Inquilab Logo

دہلی میں سنسنی خیز گینگ وار ، حملہ آوروں نے بھری عدالت میں گولیاں چلائیں

Updated: September 25, 2021, 8:07 AM IST | Mumbai

جوابی فائرنگ میں خود بھی مارے گئے ، حملہ آور وکیل کے لباس میںتھے ، گوگی گینگ کے سرغنہ جتیندرکی موت

Outside the courtroom, police officers are on alert.Picture:INN
کمرۂ عدالت کےباہرپولیس اہلکار الرٹ نظر آرہے ہیں تصویر آئی این این

روہنی کورٹ میں پیشی کے لئے لائے گئے بدمعاش کی گولی باری میں موت کے حادثہ سے راجدھانی دہلی میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ دن دہاڑے عدالت کے کمرے میں ہونے والی  فائرنگ سے پولیس کے اعلیٰ افسران بھی حیران ہیں۔بدنام زمانہ گینگسٹر جتیندر عرف گوگی پر کورٹ  میں ۲؍  مخالف ٹلو گینگ کے حملہ آوروں نے گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ جگہ پر ہی ڈھیر ہو گیا جبکہ پولیس اور سیکوریٹی ایجنسیوں کی جوابی فائرنگ میںدونوں حملہ آور مارے گئے۔روہنی علاقے کے ڈپٹی پولیس کمشنر نے  بتایا کہ گوگی کو  تہاڑ  جیل  میں قید کیا گیا تھا  اور جمعہ کو پیشی کے لئے لایا گیا تھا۔  اس دوران دو بدمعاشوں نے عدالت کے کمرے میں ہی اس پرگو لیاں چلائیں۔ اسے ۶؍ سے ۷؍ گولیاں لگیں  ۔ اس دوران ۵۰؍ سے ۶۰؍ رائونڈ گولیاں چلی ہیں۔ یہ دونوں حملہ آور وکیلوں کے لباس میں آئے تھے اس لئے کسی کو شبہ تک نہیں ہوا لیکن جوابی فائرنگ میں یہ بھی مارے گئے۔  فی الحال حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ 
 واضح رہے کہ جتیندر کو دو سال قبل اسپیشل سیل نے گروگرام سے گرفتار کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کی وجہ سے کمرہ عدالت میں موجود ۳؍ سے ۴؍ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ فائرنگ کی وجہ سے عدالت کے احاطے میں ہنگامہ مچ گیا تھا ۔ سوشل میڈیا اور نیوز چینلوں پر وائرل ہونے والے ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گولیوں کی آواز کے درمیان عدالت میں لوگ ادھر ادھر بھاگتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ پولیس کے جوان بھی عام لوگوں اور عدالت میں آئے فریادیوں کو محفوظ کرتے ہوئے فائرنگ کا جواب دے رہے ہیں۔عدالت کے احاطے میں فائرنگ کے حادثہ کے بعد پولیس نے بتایا کہ گینگ کے سرغنہ کے اوپر فائرنگ کرنے والے بدمعاش وکیل کی ڈریس پہن کر عدالت پہنچے تھے۔ کسی کو ان کے خطرناک ارادوں پر شک نہ ہو، اس کے لئے بدمعاشوں نے سیاہ  لباس کا فائدہ اٹھایا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK