Inquilab Logo

بہتر ہزارحجاج کو لوٹائے جائیں گے ساڑھے ۷؍ تا ۸؍ ہزار روپے

Updated: September 18, 2020, 12:04 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

حج بیت اللہ پر جانے والے۷۲؍ ہزار حجاج کو ساڑھے ۷؍ تا ۸؍ ہزار روپے فی حاجی لوٹائے جائیں گے۔‌

Pilgrimage - PIC : INN
حجاج ۔ تصویر : آئی این این

 حج بیت اللہ پر جانے والے۷۲؍ ہزار حجاج کو ساڑھے ۷؍ تا ۸؍ ہزار روپے فی حاجی لوٹائے جائیں گے۔‌ یہ وہ حجاج ہیں جن سے ٹرانسپورٹیشن کے نام پر قیام منیٰ کے دوران بس اور میٹرو ٹرین دونوں کے سفر کا خرچ سعودی حکومت کی جانب سے لیا گیا تھا۔ یہ ممکن‌ ہوا ہے حج کمیٹی آف انڈیا اور وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کی  نمائندگی کے سبب۔ انہوں نے اس معاملے کو متعدد مرتبہ اٹھایا اور بالآخر کامیابی حاصل ہوئی۔
 اس تعلق سے مکتب الوکلا، موسسہ ، معلم کے دفتر اور پھر  سعودی وزیر حج کے سامنے بھی اس معاملے کو مدلل انداز میں رکھا گیا اور یہ دلیل دی گئی کہ وہ حجاج جو بس کا استعمال کرتے ہی نہیں ہیں محض ٹرین سے سفر کرتے ہیں ان سے بس اور ٹرین دونوں کا چارج لیا جانا مناسب نہیں ہے بلکہ یہ حجاج پر بوجھ ہے اور ایک طرح سے  یہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ پہلے تو اس سلسلے میں سعودی حکومت کی جانب سے حکومت کا ضابطہ بتا کر اس کا جواز پیش کیا گیا کہ یہ سبھی حجاج سے لیا جاتا ہے لیکن بار بار متوجہ کرانے کے بعد سعودی وزارت حج نے اسے تسلیم کیا اور نہ صرف تسلیم کیا بلکہ ایسے تمام حجاج جن کی تعداد۷۲؍ ہزارہے، ان کی رقم بھی لوٹائی جو۵۰؍کروڑ روپے سے زائد ہے۔ اسی طرح سعودی حکومت کی جانب سے ٹرین میں سفر کیلئے فی حاجی۵۰۰؍ ریال چارج لیا گیا تھا، اسے بھی نصف کرکے ۲۵۰؍  ریال کردیا گیا۔ اس طرح بس اور ٹرین کا کرایہ آدھا کئے جانے کے سبب۷۲؍ ہزار حجاج کوساڑھے۷؍ تا۸؍ ہزار روپے فی حاجی لوٹائے جائیں گے ۔
 حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او ڈاکٹر مقصود احمد خان نے نمائندہ انقلاب کے استفسار کرنے پر بتایا کہ وزرا ء کی میٹنگ میں اس پر حتمی مہر لگی اور یہ کامیابی مل سکی۔  یہ پوچھنے پر کہ یہ رقم حجاج کو کب تک لوٹادی جائے گی تو انہوں نے بتایا کہ ایسے حجاج کی نشاندہی کرکے ان کی رقم ایک مہینے کے اندر اندر لوٹا دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ۲۰۱۸ء   کے ان حجاج کی بھی رقم لوٹائی جائے گی جنہوں نے ٹرین میں سفر کیا تھالیکن اس میں یہ دیکھا جائے گا کہ اس وقت ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں گراوٹ کے سبب حج کمیٹی پر جو اضافی بوجھ پڑا تھا اور حج سیزن ختم ہونے کے بعد حج کمیٹی نے حجاج سے مزید رقم جمع کروانے کی اپیل کی تھی ،اس وقت جن حجاج نے اضافی رقم جمع کرا دی تھی، ان کو ہی یہ رقم لوٹائی جائے گی اور اس سلسلے میں تیزی سے کام چل رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK