Inquilab Logo

کئی ریاستوں میں کوئلہ کی شدید قلت ،بلیک آؤٹ کا اندیشہ

Updated: October 11, 2021, 11:02 AM IST | Agency | New Delhi

متعدد ریاستوں میں کوئلے کا بہت کم ذخیرہ بچا ہے، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے وزیر اعظم مودی کے نام ایک خط میں انہیں آگاہ کیا ہے کہ اگر پاور پلانٹس کو کوئلے کی فراہمی بہتر نہ ہوئی تو اگلے۲؍ دنوں میں قومی دارالحکومت کو ’’ بلیک آؤٹ ‘‘ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،اتر پردیش میں۱۴؍ پاورپلانٹس بند ، پنجاب نے بھی لوڈ شیڈنگ نافذ کردی

Union Energy Minister RK Singh has denied the shortage of coal and claimed adequate supply.Picture:INN
مرکزی وزیر توانائی آر کے سنگھ نے کوئلے کی قلت کی تردید کی ہے اور کافی فراہمی کادعویٰ کیا ہے۔ تصویر: آئی این این

ملک کی کئی  ریاستوں میںکوئلے کی قلت کے نتیجے میںبجلی کے بحران کا اندیشہ درپیش ہوگیاہے اور ان  ریاستوں کے پاورپلانٹس میںاگر کوئلہ نہیں پہنچایا گیا تو بجلی  کی  پیداواربند بھی ہوسکتی ہے اوربلیک آؤٹ کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔ دہلی سمیت کئی ریاستوں کی جانب سے بلیک آؤٹ کے خدشات کے درمیان مرکزی حکومت نے کوئلے کی قلت کے مسئلہ پر اگلے چند دنوں میں قابو پالینے کا دعویٰ کیا ہے۔ مرکز نے کہا کہ یہ کمی کوئلے کی عالمی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے  درپیش ہورہی  ہے۔ متعدد  ریاستوں میں کوئلے کا بہت کم ذخیرہ رہ گیا ہے۔ ایسی صورتحال میں کوئلے پر مبنی تھرمل پاور پلانٹس  میں کوئلہ کی  فراہمی کو یقینی بنانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ جس کے بعد وزارت بجلی حرکت میں آئی ہے۔
دہلی کو اگلے دودنوںمیں بلیک آؤٹ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے
 گجرات ، پنجاب ، راجستھان ، دہلی اور تمل ناڈو سمیت کئی ریاستوں نے بلیک آؤٹ کے اندیشے کا اظہار کیا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں  انہیں آگاہ کیا ہے کہ اگر پاور پلانٹس کو کوئلے کی فراہمی بہتر نہ ہوئی تو اگلے دو دنوں میں قومی دارالحکومت کو ’’ بلیک آؤٹ ‘‘ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پنجاب میں کئی مقامات پر لوڈ شیڈنگ 
 تھرمل پاور پلانٹس میں کوئلے کی شدید قلت کی وجہ سے ، پنجاب نے پہلے ہی کئی مقامات پر  لوڈشیڈنگ نافذ کر رکھی ہے۔ نیوز ایجنسی  پی ٹی آئی  نے پنجاب اسٹیٹ پاور کارپوریشن لمیٹڈ کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ پلانٹس میں پانچ دن کے لیے کوئلے کا ذخیرہ باقی ہے۔مرکزی وزیر توانائی آر کے سنگھ نے اتوار کو کہا کہ ’’کوئلے کی قلت پر غیر ضروری گھبراہٹ پیدا کی گئی ہے اور اس کی وجہ گیل اور ٹاٹا کے درمیان غلط اطلاعات کے تبادلے کے سبب ہوا ہے۔ آر کے سنگھ نے کہا کہ’’ہمارے پاس کافی بجلی دستیاب ہے ، ہم پورے ملک کو بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ جس ریاست کو  چاہئے  ، مجھ سے کہے ، میں فراہم کروں گا۔‘‘
کملناتھ نے بجلی بحران پر حکومت سے کئے جانے والے انتظامات کی تفصیل مانگی
 مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ اور سینئر کانگریس لیڈر کملناتھ نے ملک گیر کوئلہ بحران کے مدنظر ریاست میں بجلی بحران سے نپٹنے کے لئے کئے جانے والے انتظامات کی تفصیل ریاستی حکومت سے مانگی ہے۔کملناتھ نے کہا کہ ملک میں کوئلے  کا بحران سامنے آرہا ہے اور اس کے سبب بجلی کی پیداوار بھی متاثر ہورہی ہے۔ مدھیہ پردیش میں بھی گزشتہ کچھ وقت سے کوئلے کے بحران کا سامنا کررہی  ہے۔ ایسے میں ریاستی حکومت کو بتانا چاہئے کہ اس وقت ریاست کے کوئلہ پر مبنی پاور پلانٹس سے کتنی بجلی کی پیداوار ہورہی ہے اور ان کی صلاحیت کتنی ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت عوامی مفاد میں جواب دے کہ فی الحال کوئلہ کمپنیوں کو کتنی ادائیگی زیرالتوا ہے اور اس وقت حکومت کی طرف سے کتنی ادائیگی کی گئی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ریاست میں عوام کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
 ٹاٹاپاو رنے بھی متنبہ کیا 
 مرکزی حکومت کی جانب سے کوئلے کی مناسب دستیابی کے دعوے کے باوجود  دہلی اور اتر پردیش سمیت کئی علاقوں کو کوئلے کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار نہیں ہورہی ہے اور بجلی کی کٹوتی  بڑے  پیمانے پر جاری ہے۔ دہلی میں بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی ٹاٹا پاور نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ بجلی کا صحیح استعمال کریں ۔  ٹاٹا پاور نے بھی متنبہ کیا کہ بجلی کی فراہمی میں کمی کی جا سکتی ہے کیونکہ کوئلے کی کمی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار متاثر ہورہی ہے۔ دہلی کے کئی علاقوں میں بجلی کی کافی فراہمی نہیں ہے۔دہلی کے وزیر توانائی ستیندر جین نے بھی اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی ہے جس میں وزارت کوئلہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہلی کے لیے مرکزی حکومت  مناسب کوئلہ فراہم کرے۔ این ٹی پی سی سے دہلی کو کوئلہ فراہم کیا جاتا ہے۔ دہلی میں کم از کم ایک مہینے کا کوئلہ اسٹاک ہوتا تھا لیکن اب یہ ایک دن پر آ گیا ہے۔
یوپی میں۱۴؍ پلانٹس غیر فعال 
 اتر پردیش میں۱۴؍ غیر فعال پلانٹس کے ساتھ بجلی کا بحران مزید گہرا ہو گیا ہے  جن میں سے آٹھ کوئلے کی کمی کی وجہ سے بجلی  پیدا نہیں کرپار رہے ہیں۔ دہلی سے ملحقہ نوئیڈا میں لوگوں کو پچھلے دو دنوں سے دو سے پانچ گھنٹے بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔ نوئیڈا پاور کمپنی لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ اس کے پاس کوئلے کی بیس پچیس فیصد کمی ہے جس کی وجہ سے پاور پلانٹس نہیں چل رہے ہیں اور علاقے میں بجلی کا بہت بڑا بحران ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK