Inquilab Logo

بم دھماکہ شہداء کی یاد کیساتھ مالیگائوں میں شب برأت عقیدت واحترام سے منائی گئی

Updated: April 11, 2020, 6:18 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

اکیس گھنٹے کے مکمل شٹ ڈائون کے دو ران گھروں میں ہی عبادت کی گئی،قبرستان مقفل اور مسجدیں سنسان رہیں ، عوام کاانتظامیہ سے صد فیصد تعاون ۔

Cemetery locked in Malegaon. Photo: Inquilab
مالیگائوں میں مقفل قبرستان۔ تصویر: انقلاب

 صنعتی شہر میں ۲۱؍ گھنٹے کے مکمل شٹ ڈائون کے دوران شبِ برأت منائی گئی۔ قبرستان مقفل، مسجدیں سنسان رہیں ۔ گھروں میں عبادت وریاضت کا اہتمام عمل میں آیا۔ سرکاری انتظامیہ کے ساتھ صد فیصد تعاون کا قابل تعریف اقدام شہریوں نے کیاہے۔ اس موقع پر۲۰۰۶ء بم دھماکہ کے شہداء کو بھی یاد کیا گیا۔ مہلوکین کے لواحقین اپنے عزیزوں کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئے۔ایڈیشنل ایس پی رتناکر نولے نے کہا کہ ’’مالیگائوں کے بڑاقبرستان میں سخت پولیس سیکیوریٹی لگائی تھی۔ سابقہ روایات کے مطابق اس مرتبہ بھی واچ ٹاور بنائے گئے۔ کئی حصوں میں خفیہ کیمرے نصب کئے گئے تھے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’عوامی سطح پر زبردست تعاون ملا۔ پولیس انتظامیہ کی جانب سے ساری رات شہر کے قبرستانوں کی نگرانی جاری رہی۔ بڑاقبرستان، عائشہ نگر قبرستان، چھوٹا قبرستان وغیرہ میں ضابطے کی مکمل طور سے پاسداری عمل میں آئی۔‘‘ شہر کے علماء وملّی تنظیموں نے گھروں میں شب برأت کے اہتمام کی گزارش کی تھی۔ اس بنیاد پر مسلمانوں نے گھروں میں نمازیں ادا کیں اور دعائوں کا اہتمام کیا۔ شبِ برأت کے موقع پر بڑی تعداد بھکاری اور مانگنے والے مالیگائوں کا رُخ کرتے ہیں ۔
  امسال لاک ڈائون کے سبب سیکڑوں بھکاری مالیگائوں نہیں آسکے۔ نورانی مسجد سے بڑاقبرستان تک بھکاریوں کی لائن لگاکرتی تھی لیکن یہ علاقہ اس سال سنسان پڑا رہا۔ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے سامنے آنے کے بعد شہر میں سناٹے کا راج ہوگیا ہے۔ ضروری کام سے بھی باہر نکلنے کیلئے شہری ہمت نہیں کررہے ہیں ۔ شٹ ڈائون کے گہرے اثرات شہریوں کے معمولات پر دکھائی دیئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK