Inquilab Logo

شاہی جامع مسجد اور فتح پوری شاہی مسجد پھر نمازیوں سے آباد

Updated: July 05, 2020, 8:52 AM IST | Mumtaz Alam Rizvi | New Delhi

نمازی احتیاط کے ساتھ مسجد پہنچے ، مسجد انتظامیہ بھی پوری طرح تیار ، ۱۰؍ جون کو حالات کے پیش نظر از خود شاہی امام سید احمد بخاری اور ڈاکٹر مفتی مکرم احمد نے مسجدیں عام نمازیوں کیلئے بند کی تھیں ، قومی راجدھانی میں کورونا کے متاثرین کی تعداد۹۷؍ہزار کے پارلیکن صحت یابی کی شرح میں بھی بہتری

Shahi Mosuqe - Pic : PTI
شاہی مسجد ۔ تصویر : پی ٹی آئی

شاہی جامع مسجد دہلی اور فتح پوری شاہی مسجد دہلی ایک مرتبہ پھر عام نمازیوں کے لیے کھول دی گئیں۔حالانکہ حالات اب بھی خراب ہیں اور کورونا کا اثر پہلے کے مقابلہ زیادہ ہے تاہم فرزندان توحید احتیاط کے ساتھ مسجدوں میں پہنچے اور جماعت کے ساتھ ظہر کی نماز ادا کی ۔ واضح رہے کہ ’’اَن لاک ون ‘‘ یکم جون کو شروع ہوا تھا جس میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ۸؍ جون سے ملک کی ساری عبادت گاہیں کھل جائیں گی ۔ ۸؍ جون کو مسجد سمیت ملک بھر کی عبادت گاہیں کھل گئی تھیں ۔ شاہی جامع مسجد اور فتح پوری شاہی جامع مسجد بھی کھل گئی تھی تاہم حالات کے پیش نظر شاہی امام سید احمد بخاری اور فتح پوری شاہی مسجد کے امام مفتی مکرم احمد نے ۱۰؍ اور ۱۱؍ جون کو دوبارہ عام نمازیوں کے لیے مسجدیں بند کر دی تھیں ۔
  ان  دونوں ائمہ کی جانب سے احتیاطی قدم تھا اور مشورے کے ساتھ یہ قدم اٹھایا گیا تھا لیکن اب جبکہ سب کچھ کھل گیا ہے تو احتیاطی قدم کے ساتھ ایک مرتبہ پھر مسجدوں کو کھول دیا گیا ہے ۔ قریب ایک مہینے بعد دوبارہ مسجد کھلنے پر بڑی تعداد میں نمازی مسجد پہنچے اور فاصلہ کے ساتھ نماز ادا کی ۔ شاہی جامع مسجد میں پہلے کی طرح ہی احتیاطی قدم اٹھائے گئے ہیں ۔ جماعت فاصلے کے ساتھ کرائی گئی  ۔ ایک صف چھوڑ کر جماعت لگائی جا رہی ہے۔اس کے ساتھ قالین ہٹائے گئے ہیں اور لوگ اپنے جانماز خود لے کر مسجد آ رہے ہیں  ۔ زیادہ تر لوگ گھر سے وضو کرکے آرہے ہیں کیونکہ انھیں پہلے ہی کہہ دیا گیا تھا ۔ اس کے ساتھ ہی لوگ ایک دوسرے سے فاصلہ بنائے ہوئے ہیں  ۔ نمازیوں میں کافی خوشی تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ خطرہ تو ہے ، ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ پہلے کے مقابلہ اب مریض بڑھ رہے ہیں لیکن مسجد کب تک بند رہے گی ؟ جب دکانیں کھل گئیں ؟ بازار کھل گئے ؟ ٹرینیں چل گئیں؟ شادیاں ہو رہی ہیں تو پھر مسجد کا ویران رہنا مناسب نہیں ہے اس لیے شاہی امام نے جو فیصلہ لیا ہے وہ بہت اچھا ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں اب کورونا کے مریض ۶؍لاکھ ۴۸؍ ہزار سے زیادہ ہو گئے ہیں ۔ کورونا کے سبب اب تک ۱۸؍ ہزار ۶۵۵؍ لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ اب تک ۳؍لاکھ ۹۴؍ ہزار سے زائد لوگ صحت مند بھی ہوئے ہیں ۔ صحت مند ہونے والوں کا فیصد بڑھ رہا ہے ۔ یعنی اب ۶۰؍ فیصد سے زائد لوگ صحت مند ہو رہے ہیں ۔ عالمی سطح پر بات کریں تو اس وقت دنیا بھر میں ایک کروڑ ۱۰؍ لاکھ سے زائد مریض ہو گئے ہیں جبکہ ۵۰؍لاکھ ۸۹؍ ہزار لوگ صحت مند بھی ہوئے ہیں ۔اس کے ساتھ ۵؍لاکھ ۲۵؍ ہزار لوگوں کی اس کی وجہ سے موت بھی ہوئی ہے ۔
دہلی میں کورونا متاثرین کی تعداد۹۷؍ ہزارکے پار
   کو رونا کے قہرکا سامنا کرنے والے دارالحکومت  کے لئے سنیچر کے روز راحت کی بات یہ رہی کہ نئے مریضوں کی  بہ نسبت صحت یاب ہونے والے لوگوں کی تعداد زیادہ رہی اورممنوعہ علاقوں کی تعداد بھی کم ہوکر۴۳۰؍ رہ گئی ہے۔دہلی حکومت کی وزارت صحت کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ۲۵۰۵؍نئے معاملوں کے ساتھ متاثرین کی  تعداد ۹۷۲۰۰؍ ہوگئی ہے۔اس دوران۲۶۳۲؍ مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک۶۸؍ہزار ۲۵۶؍ٹھیک ہوچکے ہیں۔اس مدت میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد۴۴۵؍ سے گھٹ کر۴۳۰؍رہ گئی۔ کورونا سے اس دوران۸۱؍ اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد ۳۰۰۴؍ سے زیادہ ہوگئی۔حکومت کا کہنا ہے کہ پچھلے۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۵۵؍ مریضوں کی موت ہوگئی جبکہ۲۶؍ پہلے کی تھی، جن کی رپورٹ بعد میں ملی ہے۔۲۳؍ جون کو دہلی میں۳۹۴۷؍ ایک دن کے سب سے زیادہ معاملے آئے تھے۔ سنیچر کوفعال معاملوں کی تعداد۲۵۹۴۰؍رہی۔اب تک۶۲۰۳۶۸؍  نمونوں کی جانچ کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK