Inquilab Logo

کنگنا کو غیر ضروری اہمیت دینے پر شردپوار کا ناپسندیدگی کااظہار

Updated: September 10, 2020, 8:34 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

مہاراشٹر کے بزرگ لیڈر کی اُدھو ٹھاکرے سے ملاقات، کہا کہ ’’ میری نظر میں لوگ   ایسے بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔‘‘ اسمبلی میں مراعات شکنی کے نوٹس کے بعد بھی فلم اداکارہ بدتمیزی سے باز نہیں   آئیں، دفتر میں انہدامی کارروائی پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ کو ’’تو‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔وائی پلس سیکوریٹی میں ممبئی پہنچیں، ایئر پورٹ پر شیوسینکوں  نے سیاہ جھنڈوں کے ساتھ استقبال کیا

Shiv Sena Worker Protest against Kanagana Ranaut - PIC :  PTI
کنگنا رناوت کیخلاف شیو سینا کارکنان کا احتجاج ۔ تصویر : پی ٹی آئی

ممبئی کا موازنہ پاک مقبوضہ کشمیر سے کرنے کے بعد فلم اداکارہ کنگنا رناوت بدھ کو روزی روٹی کمانے کیلئے اُسی ممبئی میں    وائی  پلس سیکوریٹی کے ساتھ واپس آ گئیں۔  یہاں    ہوائی اڈہ پر  ان کا استقبال  برہم شیوسینکوں  کے ہجوم نے سیاہ جھنڈوں کے ساتھ کیا۔  دوسری طرف  منگل کو اسمبلی میں مراعات شکنی کا نوٹس منظور ہونے کے بعد بھی کنگنا  نے  ہوش کے ناخن نہ لیتے ہوئے بدھ کو وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کو اپنے ایک ویڈیو پیغام  میں   ’’تو‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور دھمکی دی۔ بہرحال کنگنا کی ان بدتمیزیوں  کے بیچ ریاست کے سینئر ترین لیڈر شرد پوار نے کہا ہے کہ انہیں اوران کے بیان کو غیر ضروری اہمیت دیدی گئی ہے۔ 
 شرد پوار نے ناپسندیدگی کااظہار کیا
  مہاراشٹر کے بزرگ لیڈر اور این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے کنگنا رناوت کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ ’’ایسے بیانات کو غیر ضروری اہمیت دے دی گئی۔‘‘ کنگنا کے دفتر میں انہدامی کارروائی کے بعد  ہونے والی تنقیدوں کے بیچ  شرد پوار نے  زیراعلیٰ اُدھوٹھاکر سے ملاقات بھی کی۔  انہوں نے کہا ہے کہ’’ہم ایسے بیان دینے والوں کو غیر ضروری اہمیت دے رہے ہیں۔ پہلے ہمیں  یہ دیکھنا چاہئے کہ ایسے بیانات کا عوام میں کیا اثر ہوتا ہے۔‘‘ این سی پی سربراہ کے مطابق’’جہاں تک میری رائے ہے، لوگ ایسے بیانوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ممبئی اورمہاراشٹر کے لوگوں کو برسہابرس کا تجربہ ہے کہ حکومت اور پولیس کا کام کاج کیسا ہے۔  
 شرد پوار نے داؤد کے نام پر دھمکیوں کو نظر انداز کیا
 اس  کے ساتھ ہی انہوں نے داؤد ابراہیم کے  نام سے انہیں ملنے والی دھمکیوں کو بھی غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھے تھوڑی دیر پہلے دھمکی آمیز فون کال کی ریکارڈنگ دی گئی،  اور بتایا گیا کہ وہ کہاں سے آئے تھے۔ماضی میں بھی ہمیں  ایسے فون آچکے ہیں، ہم انہیں اہمیت نہیں  دیتے۔ ‘‘
 کنگنا رناوت ممبئی پہنچیں، ایئر پورٹ پر  احتجاج
  اس بیچ کنگنا رناوت   وائی پلس سیکوریٹی کے ساتھ بدھ کو ممبئی پہنچ گئیں۔ یہاں ایئر پورٹ پر برہم شیوسینکوں کے ہجوم نے ان کا خیر مقدم سیاہ جھنڈوں کے ساتھ کیا۔  وہ ایک شیڈولڈ کمرشیل فلائٹ کے ذریعہ دوپہر ڈھائی بجے ممبئی  پہنچیں۔ اس موقع پر شیوسینکوں کی بڑی تعداد ایئر پورٹ کے باہر موجود تھی جوکنگنا رناوت کے بیان کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ 
 اس موقع پر کنگنا  کے حامیوں کی تھوڑی سی تعداد بھی ایئر پورٹ پر  موجود تھی جن میں کرنی سینا اور آر پی آئی (اٹھاولے گروپ )کے کارکن شامل تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کرنی سینا نے ابھی کچھ عرصے قبل ہی کنگنا رناوت کی ایک فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی ناک کاٹنے کی دھمکی دی تھی۔ 
 وزیر اعلیٰ کے خلاف کنگنا رناوت کی بدتمیزی 
  منگل کو حالانکہ مہاراشٹر اسمبلی میں ارنب گوسوامی اور کنگنا رناوت کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس منظور ہوچکا ہےا ور اب اسپیکر ان کی سزاؤں  کا فیصلہ کریں گے تاہم کنگنا رناوت اب بھی  اس سے ہوش کے ناخن لیتی نظر نہیں آرہی ہیں۔ بدھ کو  اپنے دفتر پر بی ایم سی کی انہدامی کارروائی پر بوکھلائی  ہوئی کنگنا   نے اپنے ایک  ویڈیو پیغام   میں  وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کو انتہائی بازارو انداز میں  مخاطب کیا جس کی وجہ سے ان پر تنقیدیں ہو رہی ہیں۔کنگنا نے وزیراعلیٰ کو بدتمیزی کے ساتھ  مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اُدھو ٹھاکرے تجھے کیا لگتا ہے کہ تو نے فلم مافیا کے ساتھ مل کر میرا گھر توڑ کر مجھ سے بہت بڑا بدلہ لیاہے؟  آج میرا گھر ٹوٹا ہے کل تیرا گھمنڈ ٹوٹے گا۔یہ وقت کا پہیہ ہے یاد رکھنا وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا۔‘‘ انہوں  نے مزید کہا ہے کہ ’’اور مجھے لگتا ہے کہ تم نے مجھ پر بہت بڑا احسان کیا ہے کیوں کہ مجھے پتہ تو تھا  کہ کشمیری پنڈتوں پر کیا بیتی ہوگی مگر آج میں نے محسوس کیا ہے۔ ‘‘  اس کے ساتھ ہی انہوں نے وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتےہوئے بند لفظوں میں  یہ کہتے ہوئے دھمکی بھی  دی کہ ’’یہ جو کچھ ہوا ، اچھا ہوا کہ میرے ساتھ ہوا کیوں کہ اس کے کچھ معنی ہیں۔‘‘
 کنگنا نے پھر فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی 
  کنگنا رناوت نے بی ایم سی  کے ذریعہ اپنی  پروڈکشن ہاؤس  منیکارنیکا فلمز کے دفتر پر انہدامی کارروائی کو بھی فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’منیکارنیکا فلمز سے پہلی فلم  ایودھیا پر بنانے کا اعلان ہوا ہے۔ یہ میرے لئے عمارت نہیں رام مندر ہی ہے۔ ‘‘ بی ایم سی کی کارروائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے  کنگنا نے کہا ہے کہ ’’آج وہاں بابر آیاہے، آج تاریخ پھر خود کو دہرائے گی، رام مندر پھر ٹوٹے گا۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنا دفتر  توڑنے والوں کو بابر کہہ کر پکارتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مگر یاد رکھنا بابر یہ مندر پھر  بنے گا، یہ مندر پھر بنےگا، جے شری رام۔‘‘
ممبئی کا موازنہ پھر پی او کے سے کیا
  انہدامی کارروائی کے خلاف اپنے ٹویٹ میں کنگنا رناوت نے ایک بار پھر ممبئی کا موازنہ  پاک مقبوضہ کشمیر سے کیا۔ یکے بعد دیگرے کئی ٹویٹس میں کنگنا نے دعویٰ کیا کہ ان کی رہائش گاہ پر کوئی ٖغیر قانونی تعمیرات نہیں تھیں۔اس کےساتھ ہی  انہوں نے لکھا ہے کہ ’’یہی وجہ ہے کہ ممبئی پی او کے جیسا لگتا ہے، یہی فسطایت ہے۔‘‘ یہ دوسرا موقع ہے جب کنگنا رناوت نے ممبئی کا موازنہ پی او کے سے کیا ہے۔ 

 وزیر داخلہ انل دیشمکھ کو دھمکی 

   کنگنا رناوت  کے منشیات کے استعمال کی  جانچ کا حکم دینے کے ایک روز بعد مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ انل دیشمکھ کو دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئےہیں۔  انہیں منگل کو اور بدھ کی  صبح ۶؍ بجے ہماچل پردیش اور دیگر مقامات سےکئی فون کال آئے ہیں جن میں  دھمکیاں  دی گئی ہیں۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق  فون کرنے والوں  نے وزیر داخلہ کو متنبہ کیا  ہےکہ وہ کنگنا رناوت کے تنازع میں  نہ پڑیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK