Inquilab Logo

مودی کا موازنہ چھترپتی شیواجی سے کرنے پر شیوسینا کا احتجاج

Updated: January 13, 2020, 7:42 PM IST | Mumbai

بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے لیڈر جے بھگوان گوئل کی وزیراعظم نریندرمودی پر لکھی گئی کتاب’’آج کے شیواجی:نریندرمودی‘‘کے عنوان سے شائع ہوئی ہے جس پر تنازع پیداہوگیا ہے اور شیوسینا نے اس پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ شیو سینا کے ترجمان اور ایم پی سنجے راؤت نے کہا کہ اگر یہ کتاب کسی کے ہاتھ میں دیکھی گئی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑیگا۔

متنازع کتاب کے اجرا کے وقت کی ایک تصویر۔ تصویر: آئی این این
متنازع کتاب کے اجرا کے وقت کی ایک تصویر۔ تصویر: آئی این این

ممبئی(ایجنسی): بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے لیڈر جے بھگوان گوئل کی وزیراعظم نریندرمودی پر لکھی گئی کتاب’’آج کے شیواجی:نریندرمودی‘‘کے عنوان سے شائع ہوئی ہے جس پر تنازع پیداہوگیا ہے اور شیوسینا نے اس پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے احتجاج کیا۔شیو سینا کے ترجمان اور ایم پی سنجے راؤت نے کہا کہ ’’اگر یہ کتاب کسی کے ہاتھ میں دیکھی گئی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘علاوہ ازیں اس احتجاج میں نہ صرف شیوسینا بلکہ مہاراشٹر وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے دیگرممبران این سی پی اور کانگریس بھی شامل ہیں۔ سنجے راؤت نے ٹویٹ کیا کہ ’’اس معاملے میں کم سے کم بی جے پی مہاراشٹر کو بیان جاری کرنا چاہئے ۔ چھترپتی شیواجی مہاراج کا موازنہ اس دنیا میں کسی سے نہیں کیا جاسکتا۔ جس طرح دنیا میں صرف ایک سورج اور ایک چاند ہے، اسی طرح دنیا میں صرف ایک شیواجی مہاراج ہیں۔ ‘‘انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’’بی جے پی کو اعلامیہ جاری کرنا چاہئے کہ پارٹی کا اس کتاب سے کوئی لنک نہیں ہے۔‘‘ بی جے پی سے راجیہ سبھا کے رکن سنبھا جی راجے جو چھترپتی شیواجی کی نسل سے ہیں، نے کہا کہ ’’ اس کتاب کےخلاف سوشل میڈیا پر بھی غم و غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ کو فوری طور پر اس کتاب پر پابندی عائد کرنی چاہئے۔ 

اس ضمن میں مہاراشٹر کے دیگر علاقوں میں بھی احتجاج کئے گئے۔ کولہاپور میں ہونے والے احتجاج میں خواتین بھی شامل تھیں۔مظاہرین نے کہا کہ مصنف نے چھترپتی شیواجی مہاراج سے وزیراعظم مودی کا موازنہ کیاہے۔ گوئل کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرین نے ان کے پوسٹر کو جوتوں اور چپلوں سے مارا اور کتاب پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ اس کتاب کا اجرا اتوار کو دہلی میں واقع بی جےپی کے ہیڈکوارٹر س میں ہواتھا۔کولہاپور شہر کے شیوسینا کے صدر روی کرن انگاولے نے کہا کہ شیو سینا شیواجی مہاراج کی توہین بالکل برداشت نہیں کرےگی۔انہوں نے کہا کہ گوئل کو عوامی سطح پر معافی مانگنی ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جےپی کے ہیڈکوارٹرس میں کتاب کا اجرا ہونے کی وجہ سے پارٹی کے قومی صدر کو بھی چھترپتی شیواجی مہاراج کو چاہنے والوں سے معافی مانگنی چاہئے۔
تحریک کے دوران شیوسینا کے شیرساگر،پارٹی کے یوتھ لیڈر منگل سلوکھے،کولہاپور خاتون مورچہ کی صدر پوجا کامٹے،مہیش اتم ،جینت ہروگلے،دیپک چوہان،دھنجی دلوی،اشونی شیلکے،دادو شندے،سنیل کھوت،گوری مکڑ،میناتائی پاٹے دار اور منگل کلکرنی شامل تھے۔ اورنگ آباد ضلع میں بھی اسی طرح کا احتجاج مراٹھا کرانتی مورچہ نے بھی کیا۔احتجاج کرنے والوں نے مصنف کےخلاف پولیس میں شکایت درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK