Inquilab Logo

شیوسینا سڑکوں پر اُتری، باغی لیڈروں کے دفاتر میں توڑ پھوڑ

Updated: June 26, 2022, 11:45 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

حکومت کی سفارش پر باغی اراکین کی رکنیت ختم کرنے کی کارروائی کا بھی آغاز، ۱۶؍ کو وجہ بتاؤ نوٹس۔ شیوسینا کی مجلس عاملہ میں  اُدھو کو بغاوت کرنےوالوں  کے خلاف کارروائی کا مکمل اختیار سونپ دیا گیا

The Chief Minister can be seen outside Sena Bhawan in Mumbai. He was here to attend a meeting of the party`s National Working Committee. (Photos: PTI)
ممبئی میں سینا بھون کے باہر وزیر اعلیٰ کو دیکھا جاسکتا ہے ۔ وہ یہاں پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں شرکت کیلئے آئے تھے۔ (تصاویر: پی ٹی آئی )

 شیوسینامیںپھوٹ  کے بعد سنیچر کو دادر میں واقع  شیو سینا بھون میں پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ منعقد ہوئی۔اس میٹنگ میں شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے بھی  شریک ہوئے۔ یہ امیدظاہر کی جارہی تھی کہ میٹنگ میں شیو سینا سےبغاوت کرنے والے لیڈروں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے لیکن یہ تجویز پیش نہیںکی گئی البتہ  باغیوںکے تئیں شدید مذمت کا اظہار کیا گیا ۔ اس دوران  شیو سینا اور بالا صاحب کانام کسی اور کو استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کی تجویز ضرور منظور کی گئی ہے۔ میٹنگ میں شیو سینا کی قومی مجلس عاملہ نے باغی لیڈروں کے خلاف کارروائی کرنے کا پورا اختیار پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے کو سونپ دیا ۔ اسی درمیان مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے ایکناتھ شندے اور دیگر باغی اراکین اسمبلی کو۲۷؍ جون کی شام ساڑھے ۵؍ بجے تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دوسری جانب ایکناتھ شندے اور ان کے حامیوں نے اس نوٹس کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے کی بات کہی ہے۔ 
سنجے رائوت نے معلومات دی 
 شیو سینا کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ کے بعد شیو سینا ترجمان اور رکن پارلیمان سنجے راؤت نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایاکہ’’میٹنگ میں جن اہم تجاویز پر فیصلہ کیاگیا ان میں ادھو ٹھاکرے کو شیو سینا سربراہ برقرار رکھنے اور شیو سینا کے غدار لیڈروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے اختیارات دینے کی تجویز منظور کی گئی ہے ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میٹنگ میں یہ بھی تجویز منظور کی گئی ہے کہ کسی اور کو بالا صاحب اور شیو سینا کے نام کا استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔جہاں تک  شیو سینا کے باغی لیڈروں کے خلاف کارروائی کی بات ہے تو اس کا  پورا اختیار شیو سینا سربرا ہ ادھو ٹھاکرے کو دیاگیاہے۔شیوسینا قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں کورونا کی وبا کے دوران ریاست کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے ادھو ٹھاکرے کی خدمات کا اعتراف بھی کیا گیا  ۔
مجلس عاملہ کی تجاویز 
 شیو سینا کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ  میں ایک تجویز یہ پیش کی گئی کہ شیو سینا ہندو ہردے سمراٹ بالا صاحب ٹھاکرے کی ہے اور ان ہی کی رہے گی ۔ شیو سینا کا نظریہ پہلے بھی ہندو توا تھا اور ہمیشہ رہے گا ۔ مہاراشٹر اور مراٹھی مانوس کونقصان پہنچے ایسا کوئی عمل شیو سینا نہیں کرے گی ۔ شیو سینا کو بدنام کرنے والا چا ہے کتنا ہی بڑا شخص ہو اس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کاپورا اختیار قومی مجلس عاملہ، پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کودیتی ہے۔
  باغی اراکین کو ۲۷؍ جون تک جواب دینے کی مہلت
  دوسری طرف اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سے شیو سینا کی جانب سے ۱۶؍ باغی ایم ایل ایز کو معطل کرنے کی درخواست کی گئی تھی ۔اسی درخواست پر ڈپٹی اسپیکر نے ان اراکین اسمبلی کو ۲۵؍ جون کو نوٹس جاری کیاہے اور انہیں ۲۷؍ جون کی شام ساڑھے ۵؍ بجے تک ممبئی میں ودھان بھون آکر یا اپنا جواب ای میل کرنے کی ہدایت دی ہے۔   ۲؍ صفحات کے اس نوٹس میں یہ بھی کہا گیاہے کہ اگر  وقت مقررہ تک جواب نہیں بھیجاگیا تو یہ سمجھا جائے گا انہیں کچھ نہیں کہنا ہے اس کے بعد ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔  جن۱۶؍باغی ایم ایل ایز کو نوٹس دیا گیا ہے ان میںایکناتھ شندے ، عبدالستار، سدا سراونکر، پرکاش امبیٹکر، سنجے رائےمولکر، رمیش بورنارے، سندیپن بھومرے، پرکاش سور، تانا جی ساونت، مہیش شندے، انل بابر، یامنی جادھو، سنجے شرساٹھ ،بھرت گوگاؤلے، بالاجی کنیکر اورلتا سوناؤنے شامل ہیں۔
ادھو ٹھاکرے کا چیلنج 
 وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے باغیوں پر زبردست جوابی حملہ کرتے ہوئے  انہیںشیوسینا یا  بالا صاحب ٹھاکرے کے نام کا استعمال  کئے بغیر انتخاب جیتنے کا چیلنج پیش کیا ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ اگر کسی بھی باغی میں دم ہے تو وہ پارٹی کا نام اور بالاصاحب کا نام استعمال کئے بغیر الیکشن جیت کر دکھائے۔  
دیپک کیسرکر کی صفائی 
 ڈپٹی اسپیکر کے نوٹس کے بعد باغی ایم ایل ایز کے گروہ میں شامل دیپک کیسرکر نے کہا کہ ہم شیو سینا سے باہر نہیں آئے ہیں ہم شیوسینا میں ہی ہیں۔ ہمارے پاس دو تہائی اکثریت ہے۔ قانون سے ہمیں ڈرانے کی کوشش نہ کریں۔ ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے کو ہم عدالت میں چیلنج کریں گے۔ 
ڈپٹی اسپیکر کی کارروائی 
  اس سے قبل اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نرہری جروال نے ادھو ٹھاکرے کی سربراہی والی مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے نوٹس کو مسترد کردیا۔ یہ نوٹس شیوسینا کے باغی ایم ایل اے اور ان کے لیڈر ایکناتھ شندے نے بھیجا  تھا ۔جروال کے دفتر نے بتایا کہ  یہ نوٹس کسی نامعلوم ای میل سے موصول ہوا تھا جسے قبول نہیں کیا جاسکتا اسی لئے ہم نے یہ نوٹس مسترد کردیا ہے۔ 
 باغیوں کا نئی پارٹی بنانے کا  اعلان 
 دوسری طرف گوہاٹی میں موجود   ایکناتھ شندے کی قیادت میں باغی گروپ نے `شیو سینا( بالا صاحب) کے نام سے ایک نئی پارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔  باغیوں کے کیمپ نے بتایا کہ اگر ہم شیو سینا نہیں ہیں تو ہم اپنی نئی پارٹی بناسکتے ہیں اور بالاصاحب ٹھاکرے سے ہماری جو عقیدت ہے اسے تو کوئی نہیںروک سکتا۔ اسی لئے ہم اس پارٹی کا نام شیو سینا بالاصاحب رکھیں گے ۔ اگر کوئی روک سکتا ہے تو روک لے۔
ریاست کے کئی شہروں میں باغیوں کیخلاف احتجاج 
  ایک طرف باغی اپنے مورچے سے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں تو دوسری طرف شیو سینکوں نے ان  باغیوں کے خلاف محاذ قائم کرلیا ہے۔ انہوں نے ریاست کے متعدد شہروں میں باغیوں کے خلاف احتجاج کیا ۔ کہیں پر یہ احتجاج پرامن رہا تو کہیں پر پرتشدد بھی ہو گیا۔ اسی سلسلے میں پونے  میں تقریباً ۱۰۰؍ شیوسینکوں نے باغی شیوسینا ایم ایل اے تانا جی ساونت کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔شہر کےمصروف کٹراج چوک پر واقع ساونت پلازہ میں جمع ہونے والے شیوسینکوں نے تانا جی ساونت کی شوگر فیکٹری اور کالج پر احتجاج کیا۔ اس کے ساتھ ہی کولہاپور ، جلگائوں، ناسک اور دیگر شہروں میں بھی شیو سینک باغی اراکین کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔
 ممبئی میں ہائی الرٹ اور حکم امتناع نافذ
  ممبئی میں شیوسینکوں کی جانب سے پرتشدد احتجاج کے بعدحالات پر قابو پانے کے لئے اب مہاراشٹر اور ممبئی میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور ممبئی  میں دفعہ ۱۴۴؍ یعنی حکم امتناعی نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ باغی اراکین کے گھروں اور دفتر پر حملہ کرنے والوں کے خلاف بھی پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ ممبئی کے کرلا نہرو نگر علاقہ میں شیوسینا کے باغی رکن اسمبلی منگیش کڈالکر کےبورڈ کو توڑنے اور توڑ پھوڑ کے معاملے میں شاکھا پرمکھ دلیپ مورے سمیت ۲۱؍شیوسینکوں کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی  جگہ جگہ پولیس تعینات ہے

shiv sena Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK