Inquilab Logo

اسمرتی ایرانی پر ۲۵؍ لاکھ روپے ٹھگنے کا الزام، شوٹر ورتیکا نےکیس درج کرایا

Updated: December 27, 2020, 1:03 PM IST | Agency | New Delhi

بین الاقوامی شوٹر ورتیکا سنگھ نے اسمرتی ایرانی، ان کے نجی سیکریٹری اور ایک دیگر شخص پر نیشنل ویمن کمیشن کا رُکن بنانے کے نام پرپیسے مانگنے کا الزام لگایا

Union Minister Smriti Irani ,.Picture :INN
مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی ۔ تصویر:آئی این این

  بی جے پی کی شعلہ بیان لیڈر اور مودی حکومت میں کابینی وزیر اسمرتی ایرانی پر نیشنل ویمن کمیشن (قومی خواتین کمیشن) کا رُکن بنوانے کے نام پر ۲۵؍لاکھ روپے کی ٹھگی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ الزام بین الاقوامی شوٹر ورتیکا سنگھ نے لگاتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ حالانکہ ورتیکا نے ایرانی کے ساتھ جن دو لوگوں کو ملزم بنایا ہے ان میں سے ایک نے ان کے خلاف امیٹھی کے تھانہ میں کیس درج کرایا ہوا ہے۔ہندی نیوز پورٹل ’جن ستّا‘ پر شائع ایک خبر کے مطابق ورتیکا سنگھ نے ایم پی ۔ایم ایل اے کورٹ میں کیس داخل کر کے اسمرتی ایرانی، ان کے نجی سیکریٹری وجے گپتا اور ڈاکٹر رجنیش سنگھ پر قومی خواتین کمیشن کا رُکن بنانے کے نام پر۲۵؍ لاکھ روپے کی ٹھگی کا الزام عائد کیا ہے۔ ورتیکا کی درخواست پر سماعت کے لیے ایم پی- ایم ایل اے کورٹ نے ۲؍جنوری کی تاریخ طے کی ہے۔ اس دن ہونے والی سماعت میں عدالت طے کرے گی کہ معاملہ اس کے حلقہ اختیار میں آتا ہے یا نہیں۔
 شوٹر ورتیکا سنگھ کا الزام ہے کہ مرکزی وزیر کے قریبی لوگوں نے اسے ایک فرضی خط جاری کیا، جس میں انھیں قومی خواتین کمیشن کا رُکن مقرر کرنے کی بات لکھی تھی۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی وزیر ایرانی کے دو معاونین وجے گپتا اور رجنیش سنگھ نے شروع میں ان سے ایک کروڑ کا مطالبہ کیا تھا، اور پھر بعد میں رقم کو گھٹا کر۲۵؍لاکھ روپے کر دیا۔ انھوں نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ ان میں سے ایک نے ان سے فحش طریقے سے بات کی تھی۔دوسری طرف ورتیکا کے ذریعہ ملزم بنائے گئے وجے گپتا نے ۲۳؍نومبر کو شوٹر اور ایک دیگر شخص کے خلاف امیٹھی کے مسافرخانہ تھانہ میں شکایت درج کرائی تھی، جس میں ان کے خلاف بے بنیاد الزام عائد کر کے ان کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کا الزام لگایا گیا تھا۔ پولیس نے گپتا کی شکایت پر شوٹر کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی تھی۔ حالانکہ ورتیکا سنگھ کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف یہ ایف آئی آر تب کی گئی جب انھوں نے ان لوگوں کی بدعنوانی ظاہر کرنے کی دھمکی دی تھی۔ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد سے بی جے پی پر اپوزیشن پارٹیاں شدید تنقید کررہی ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے میں اسمرتی ایرانی کو خود جواب دینا چاہئے اور یہ معاملہ کیا ہے اس کی وضاحت دینی چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK