Inquilab Logo

سمرن واحد نے نوعمر کمرشیل پائلٹ ہونےکا اعزاز حاصل کیا

Updated: August 05, 2020, 9:55 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کیپٹن سمرن کی خواہش ہےکہ مسلم لڑکیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک اور قوم کا نام روشن کریں

Simran Wahid
کیپٹن سمرن واحد غیبی اپنے نانا کے ساتھ خوش دیکھی جا سکتی ہیں۔

ممبئی کی کیپٹن سمرن واحد غیبی نے ۲۱؍سا ل کی عمر میں کمرشیل پائلٹ بننےکا لائسنس (سی پی ایل ) حاصل کرکے نوعمر مسلم کمرشیل پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیاہے ۔ سی پی ایل حاصل کرنے کیلئے عموماً ۲؍سے ۳؍سال کا وقت درکار ہوتاہے مگر سمرن نے ڈیڑھ سے ۲؍سا ل میں سی پی ایل حاصل کرکے یہ ثابت کردیاہےکہ اگر انسان میں کچھ کرگزرنےکاجنون ہوتو دنیا کی کوئی طاقت اسے  ہدف حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی ہے۔ سمرن کی خواہش ہےکہ بالخصوص مسلم لڑکیاں ہوا بازی کے پیشے میں اپنی قسمت آزمائیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک اور قوم کا نام روشن کریں ۔ 
 واضح رہےکہ سمرن نے نوی ممبئی کے سینٹ زیوئرس کالج سے ایچ ایس سی کا امتحان پاس کرنے کےبعد ایویئیشن(ہوا بازی) کے شعبہ  میں داخلہ لےلیاتھا۔ ۱۹؍سال کی عمر میں سمرن نے اسٹوڈنٹ  پائلٹ کا لائسنس حاصل کرنےکےبعد سی پی ایل کیلئے جدوجہد شروع کردی تھی۔سی پی ایل کی ٹریننگ کےدوران سمرن نے سیسنا۱۷۲؍، سیسنا ۱۵۲؍اور ڈائمنڈ ۴۲؍جیسے ائیر کرافٹ اڑائے تھے۔ اس طرح کے ائیر کرافٹ کو ۲۰۰؍ گھنٹے اڑانےکےبعد انہیں ۵؍دسمبر ۲۰۱۹ء کو  سی پی ایل کے اعزاز سےنوازاگیاتھا۔ 
 سمرن کے مطابق ’’میرے والد میرے بچپن سے ہی لاپتہ ہیں۔۴؍سال کی عمر سے میرے نانانانی نے ہی میری پرورش کی ہے ۔ انہوں نے ہی مجھے پالا اور میری تعلیم وتربیت کا انتظام کیا۔ جب میں نے بارہویں جماعت کا امتحان پاس کر لیا تومیرے نانا علی اسماعیل ڈین گنکر نے اپنی خواہش کا اظہار کرتےہوئے مجھ سے کہاکہ اگر تم  ہوا بازی کے شعبےمیں اپنا کرئیر بناتی ہوتومجھے خوشی ہوگی۔ میں تمہیں ایک مسلم پائلٹ کی حیثیت سے دیکھنا چاہتاہوں تاکہ تمہیں  دیکھ کرہماری قوم کی دیگر بچیوںمیں پائلٹ بننےکا شوق پیداہو۔ میرے نانا نے مجھے یہ سبق دیاہےکہ کبھی بھیڑ کا حصہ مت بننا بلکہ بھیڑ کو اپنی جانب متوجہ کرنے کیلئے اپنی الگ شناخت بنائو۔نانا کے کہنے پر میں نے پائلٹ بننے کا فیصلہ کیاتھا ۔ حالانکہ ہمارے متعلقین میں کوئی بھی اس شعبے سے منسلک نہیں تھا۔ اس کےباوجو دمیں نے پائلٹ بننےارادہ کیا۔ ناناکےساتھ میری نانی رضیہ علی ڈین گنکر نے بھی ہر موڑپر میری رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔ ان دونوں کی محنت کا ثمر ہے کہ میں آج کیپٹن سمرن واحد غیبی بن گئی ہوں۔‘‘
 سمرن کے بقول’’میں نے سی پی ایل کی ٹریننگ ریکارڈ ٹائم میںمکمل کی ہے۔ ڈیڑھ تا ۲؍ سال میں ٹریننگ کے ساتھ متعلقہ  ۵؍امتحان بھی کلیئر کئے ہیں۔ اس طرح کی کامیابی کیلئے ضروری ہےکہ ہدف متعین کرکے منزل کی جانب سفر جاری رکھاجائے،میں نے وہی کیا۔ میری خواہش ہے کہ بالخصوص مسلم لڑکیاں میری طرح اپنی زندگی کا ایک مقصد بنالیں ، اگر کوئی ایک لڑکی بھی میری کامیابی سے متاثرہوکر اپنا کرئیر بنانےمیں کامیاب ہوتی ہے تو میں سمجھوںگی کہ میری محنت کاپھل مجھے مل گیا۔مسلم لڑکیوں سے خصوصی طور پر درخواست ہےکہ وہ پہلے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کریں بعدازیں شادی بیاہ کے بارے میں فیصلہ کریں ۔ موجودہ دور میں تعلیم کی بڑی اہمیت ہے۔ لہٰذا اس جانب توجہ دیں۔  ‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK