Inquilab Logo

گجرات بھیجے گئے راجستھان بی جےپی کے ۶؍ اراکین اسمبلی کونامعلوم مقام پرمنتقل کریاگیا

Updated: August 10, 2020, 7:00 AM IST | Agency | Jaipur

پارٹی نے کل اپنے ایم ایل ایز کی میٹنگ بھی طلب کی،گہلوت نے طنزکیا، کہا کہ بی جےپی گروہ بندی کا شکار ہے، اراکین اسمبلی سے سچائی کا ساتھ دینے کی اپیل

Ashok Gehlot - Pic :PTI
اشوک گہلوت ۔ تصویر : پی ٹی آئی

راجستھان میں  شکاری کے خود شکار ہوجانے کا خطرہ لاحق ہوجانے  کے بعد بی جےپی نے اپنے جن ۶؍ اراکین اسمبلی کو گجرات منتقل کیاتھا،انہیں گجرات میں اتوار کو علی الصباح کسی نامعلوم مقام  پر منتقل کردیاگیا۔اس  کے ساتھ ہی بی جےپی نے منگل ۱۱؍ اگست کو اپنی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ جے پور میں طلب کر لی ہے۔  دوسری طرف وزیراعلیٰ گہلوت نے بی جےپی کے اراکین اسمبلی کی منتقلی پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ زعفرانی پارٹی گروہ بندی کا شکار ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ۱۴؍ اگست سے شروع ہورہے اسمبلی اجلاس کے پیش نظر اراکین کو خط کر اپیل کی ہے کہ سچائی کا ساتھ دیں۔ 
  سنیچر کی رات پوربندر سے سومناتھ پہنچنے  والے بی جےپی کے ۶؍ اراکین اسمبلی میں سے ایک نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتےہوئے دعویٰ کیا کہ راجستھان میں کانگریس بی جےپی کے اراکین اسمبلی کو ہراساں کررہی ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے گجرات کے اپنے سفر کا یہ کہہ کر دفاع کیا کہ وہ ذہنی سکون کیلئے سومناتھ کی یاترا پرآئے ہیں۔ بعد میں اتوار کو جب بی جےپی کے اراکین اسمبلی کی منتقلی کی خبر آئی تو گیر سومناتھ میں  بی جےپی کے جنرل سیکریٹری منیش سنگھ پرمار  نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ’’ایم ایل اے  صبح کے وقت ہی گیسٹ ہاؤس سے چلے گئے۔  مجھے نہیں معلوم کہ وہ کہاں گئے ہیں۔ میری ذمہ داری ان کے استقبال  اورانہیں گیسٹ ہاؤس پہنچانے تک تھی۔ میں شام کا کھانا کھانے کے بعد چلا گیاتھا۔ انہیں دو دن گیسٹ ہاؤس میں رہناتھا۔‘‘
 گیسٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق مذکورہ اراکین اسمبلی رات ۲؍ سے ۳؍ بجے کے درمیان منتقل کئے گئے ہیں۔ 
 اس بیچ اشوک گہلوت نے بی جےپی کے اراکین اسمبلی کو گجرات منتقل کئے جانے پر سوال اٹھایا ہے۔ا نہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی گروہ بندی کا شکار ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ دو دن میں بی جےپی نے اپنے ۱۸؍ اراکین اسمبلی گجرت  منتقل کئے ہیں۔  

 بی ایس پی کے اراکین سپریم کورٹ پہنچے

   بی ایس پی کے ٹکٹ پر ایم ایل اے منتخب ہونے کے بعد کانگریس میں ضم ہوجانے والے ۶؍ اراکین اسمبلی نے اپنے خلاف ہائی کورٹ میں زیر سماعت پٹیشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔  انہوں نے راجستھان ہائی کورٹ میں بی جےپی  کے رکن اسمبلی اور بی ایس پی جنرل سیکریٹری کی زیر سماعت پٹیشن کو یہ کہتے ہوئے سپریم کورٹ  میں منتقل کرنے کی اپیل کی ہے کہ ایسی ہی ایک پٹیشن پہلے ہی سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے۔  عرضی گزار کے مطابق ’’پوری طرح سے  سیاسی معاملے‘‘ میں ہائی کورٹ عدالتی نظر ثانی کے اپنے اختیار کا استعمال نہیں کرسکتا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK