Inquilab Logo

پارٹی کی بگڑتی شبیہ سے بی جے پی اور آرایس ایس کی نیند حرام

Updated: May 25, 2021, 8:28 AM IST | New Delhi

وزیراعظم اوروزیرداخلہ کے ساتھ بی جے پی کے قومی صدر، آر ایس ایس جنرل سیکریٹری اور بی جے پی کے اُترپردیش امور کے انچارج جنرل سیکریٹری کی اعلیٰ سطحی میٹنگ ، یوپی میں اسمبلی الیکشن سے قبل بڑی تبدیلی کا اشارہ، مودی کے قریبی اے کے شرما کو ڈپٹی سی ایم بنائےجانے کے علاوہ کئی وزیروں کو کابینہ سے رخصت کرنے کا بھی اشارہ

AK Sharma is known in Uttar Pradesh as `Modi Man`.Picture:INN
اے کے شرما کو اترپردیش میں ’مودی مین‘ کے حوالے سے جاناجاتا ہے تصویر آئی این این

اترپردیش میںابھی حال ہی میں ہونےوالے پنچایتی انتخابات میں ہزیمت نے بی جے پی کے اوسان خطا کردیئے ہیں۔  بی جے پی کو احساس ہونے لگا ہے کہ اب اس کی شبیہ روز بروز خراب ہوتی جارہی ہے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے معاملے میں اس کی ناکامیوں نے اسے مزید  پریشان کردیاہے۔ اسی کے پیش نظر اتوار کو دیرشام  بی جے پی اور آر ایس ایس کی اعلیٰ قیادت سر جوڑ کر بیٹھی اور اسمبلی الیکشن سے قبل اترپردیش میں کسی بڑی تبدیلی کا اشارہ دیا۔
 اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میںبی جے پی صدر  جے پی نڈا، آر ایس ایس کے جنرل سیکریٹری دتاتریہ ہوسبولے اور اُترپردیش میں امور کے انچارج جنرل سیکریٹری سنیل بنسل کے ساتھ ہی  وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے بھی شرکت کی۔ اس میٹنگ میں نریندر مودی اور امیت شاہ کی موجودگی سے اس کی اہمیت اور اس کی حساسیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ 
 این ڈی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق اس ہائی لیول میٹنگ میں پارٹی اور حکومت کی شبیہ کے تئیں فکرمندی کااظہار کیا گیااور اترپردیش حکومت میں کئی اہم اور بڑی تبدیلیوں سےمتعلق فیصلے کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق برسراقتدار طبقہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران وزیراعظم مودی اور ان کی حکومت کی براہ راست تنقید سے پریشان ہے۔ خیال رہے کہ کورونا بحران نے ملک بھر میں آکسیجن، دواؤں، اسپتالوں اور ٹیکوں کی قلت  کے ساتھ ہی  ملک میں شعبۂ صحت کے  ناقص انتظامات اور اس کی خراب تیاریوں کو پوری طرح سے اجاگر کردیا ہے۔اس کی وجہ سے عوامی سطح پر مودی حکومت کی تنقیدیں ہونے لگی ہیں۔
 ’بھاسکر ڈاٹ کام‘ کے ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ ان فیصلوں کے مطابق اترپردیش میں جہاں وزیراعظم مودی کے قریبی قرار دیئے جانے والے سابق آئی اے ایس افسر ’اے کے شرما‘ کو ڈپٹی وزیراعلیٰ بنا کر یوگی کے سر پر مسلط کیا جاسکتا ہے  وہیں موجودہ کابینہ کے ۷؍ وزیروں کو گھر بٹھا کر ۵؍ نئے چہروں کو وزیر بنایا جاسکتا ہے۔ خیال رہے کہ اے کے شرما کو ابھی حال ہی میں پارٹی میں شامل کرکے انہیں ایم ایل سی بنایا گیا تھااور تبھی سے ان کے  نائب وزیراعلیٰ بننے کی قیاس آرائیاں چل رہی ہیں۔ دراصل انہیں مودی کا قریبی  تصور کیا جاتا ہے اورخود مودی نے بار بار انہیں اپنا قریبی ثابت کیا ہے۔ ابھی حال ہی میں وزیراعظم نےپوروانچل اور بنارس میں اے کے شرما کے کووڈ مینجمنٹ کی عوامی سح پر تعریف کی تھی۔اس کے علاوہ یوگی حکومت کے تین وزیر کورونا کی زد میں آکر انتقال کرچکے ہیں۔ اس طرح ان کی جگہیں بھی خالی ہیں۔
 ذرائع کے مطابق فی الحال یہ طے نہیں ہوپایا ہے کہ ریاست میں ۲؍ ہی نائب وزرائے اعلیٰ ہوں گے  یا ان کی تعداد بڑھا کر تین کی جائے گی۔ پارٹی سطح پر اس اہم معاملے میں غور و خوض چل رہا ہے۔  بی جے پی کے اترپردیش امور کے جنرل سیکریٹری سنیل بنسل گزشتہ دو دنوں سے دہلی میںمقیم ہیں اور  اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کررہےہیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ دو چار دنوں میں اترپردیش کی کابینہ میں تبدیلی کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس تبدیلی میں جہاں ۷؍ وزیروں کی چھٹی کے اشارے مل رہے ہیں وہیں ۵؍ نئے چہروں کو شامل کئے جانے کی بات بھی ہورہی ہے۔

a k sharma Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK