Inquilab Logo

عازمین حج کی جانب سے ٹیکہ کاری کی تفصیل فراہم کروانے میں سست روی

Updated: May 29, 2021, 8:23 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

حج کمیٹی کے مطابق ملکی سطح پر کوشش کی جارہی ہے کہ عازمین کو ٹیکے کی دوسری خوراک۹۰؍ دن کے بجائے ایک ماہ کے اندر دے دی جائے جبکہ سعودی حکومت سے یہ سفارش کی جارہی ہے کہ وہ ’کووی شیلڈ‘ کی ایک خوراک‌ لینے والے عازمین کو حج پر جانے کی اجازت دے دے تاکہ یہ مسئلہ حل ہوجائے

Hajj pilgrims.Picture:INN
عازمین حج تصویر آئی این این

 کورونا ویکسین کی قلت اور اس سے پیدا شدہ حالات سے ہر کس وناکس واقف ہے،  اب یہ عازمین کیلئے بھی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے عازمین سے۳؍ دن قبل ٹیکے کی تفصیلات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کے لئے کہا گیا ہے لیکن اس سلسلے میں سست روی دکھائی دے رہی ہے۔ بہت ممکن ہے کہ زیادہ تر عازمین نے اب تک خوراک ہی نہ لی ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ کچھ خوراک لینے کے بعد ڈالیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے اعلان کے تیسرے دن تک محض چند سو عازمین نے ہی ٹیکے کی اپنی تفصیلات فراہم کروائی ہے۔ ویکسین کی قلت اور اس کے سبب دوسری خوراک کا وقفہ بڑھانے کے سبب بھی بڑا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے حالانکہ عازمین کو راحت دینے اور روانگی سے قبل ٹیکے لگوانے کے تعلق سے ملکی سطح پر اور سعودی عرب کی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔
  ملکی سطح پر حج کمیٹی آف انڈیا اور وزارت برائے اقلیتی امور کے توسط سے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے جن ٹیکوں کو منظوری دی گئی ہے،  اس میں ’کووی شیلڈ‘ بھی شامل ہے،  لہٰذا جو عازمین کووی شیلڈ کی پہلی خوراک لے چکے ہیں انہیں حکومت ہند کے اعلان کے مطابق۹۰؍ دن تک انتظار کرنے کے بجائے ترجیح دیتے ہوئےایک  ماہ کے اندر دوسری خوراک دے دی جائے تاکہ یہ عمل مکمل ہوجائے۔ دوسری جانب ہندوستانی سفارت کار اور قونصل جنرل جدہ برائے ہند کی جانب سے سعودی افسران سے رابطہ قائم کرکے اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ جن عازمین نے ’کووی شیلڈ‘ کی ایک خوراک لی ہے ، اسے قبول کرلیا جائے اور دوسری خوراک کی شرط  ختم کردی جائے تاکہ ہندوستانی عازمین کے حج پر روانگی کے لئے ویکسین رکاوٹ نہ بنے۔ واضح ہوکہ پہلے کورونا ویکسین کی ایک خوراک کے بعد دوسری خوراک کا وقفہ۲۸؍ دن طے کیا گیا تھا لیکن ویکسین کی قلت کے سبب اس وقفے کو بڑھا کر۹۰؍ دن کر دیا گیا ہے۔
  حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او مقصود احمد خان نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار کرنے پر مذکورہ بالا تفصیلات کے ساتھ یہ بھی بتایا کہ جیسے ہی سعودی حکومت کی جانب ۶۰؍  ہزار لوگوں کے حج کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ۴۵؍ہزار دنیا کے دوسرے ملکوں کے‌ عازمین ہوں گے ، اسی وقت سے کوشش تیز کردی گئی ہے تاکہ۴؍ سے۵؍ ہزارکا کوٹہ ہندوستان کو ملنے کی جو امید ہے اس میں کوئی عازم ویکسین کی بنیاد پر حج کی سعادت سے  محروم نہ رہے۔ 
 انقلاب نے اپنے طور پر جو تفصیلات حاصل کی ہیں،  اس سے یہ بھی واضح ہورہاہے کہ جو کوششیں کی جارہی ہیں اگر اس‌ میں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملتی ہے تو۴؍ سے۵؍ ہزار کوٹہ ملنے کی جو امید ہے ، اتنی تعداد میں بھی ہندوستانی عازمین کا حج پر‌ جانا ممکن نہیں ہوسکے گا۔ اس کے علاوہ ٹور آپریٹرز کی ملکی سطح کی تنظیم ’آل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس اسوسی ایشن‘ کے جنرل سیکریٹری عمران الوی نے بھی اپنا‌ مطالبہ دہراتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستانی عازمین کو ٹیکے کی دوسری  خوراک ترجیحی بنیادوں پر ایک ماہ کے اندر مہیا کروائے تاکہ ٹیکہ نہ لگنے کی وجہ سے ایک بھی عازم حج بیت اللہ کی سعادت سے محروم نہ رہے۔

vaccine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK